وزیراعظم جناب نریندرمودی نے آج کمبوڈیا کے وزیراعظم عالیجناب سام ڈیچ اکاموہا سیناپاڈیہی ٹیکہو ہون سین کے ساتھ ورچوئل میٹنگ کی ۔
دونوں لیڈروں نے باہمی امور کے تمام تر پہلوؤں نیز تجارت اورسرمایہ کاری ،انسانی وسائل کی ترقی ،دفاع اور سکیورٹی، ترقی میں تعاون ، کنکٹوٹی ،عالمی وبا کے بعد معاشی بحالی اور عوام سے عوام کے درمیان تعلقات میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے باہمی تعاون کی رفتار پرتسلی اور اطمینان کا اظہار کیا۔
کمبوڈیا کے وزیر اعظم ہون سین نے اس اہمیت پر زور دیا کہ کمبوڈیا ،بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات کو کافی اہمیت دیتا ہے۔ وزیراعظم مودی نے بھارت کی مشرق نواز پالیسی میں کمبوڈیا کے نمایاں رول کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے اس جذبے کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے صلاحیت سازی کے پروگراموں، میکاؤنگ - گنگا کوآپریشن فریم ورک کے تحت کوئک امپیکٹ پروجیکٹس سمیت دونوں ملکوں کے درمیان جامع ترقیاتی شراکتداری کا جائزہ لیا۔
وزیراعظم مودی نے بھارت اور کمبوڈیا کے درمیان تاریخی اور تہذیبی رشتوں کو بھی اجاگر کیا اور کمبوڈیا میں انگ کور واٹ اور پریہا ویہر مندروں کی بحالی میں بھارت کے شامل ہونے پر اپنی خوشی کا اظہار کیا۔جس میں دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی اور لسانی رابطے کو نمایاں کیا گیا ہے۔
وزیراعظم ہون سین نے کواڈ ویکسین پہل کے تحت کمبوڈیا کے لئے ہندوستان میں تیار ہونے والی کووی شیلڈ ویکسین کی 3.25 لاکھ خوراکیں فراہم کرنے کے لئے بھارت کا شکریہ ادا کیا۔
دونو ں لیڈروں نے بھارت اور کمبوڈیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کے 70 سال پورے ہونے پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور اس کی ستائش کی ۔دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70سال پورے ہونے کا جشن اس سال منایا جارہا ہے۔
ان تقریبات کے حصے کے طور پر وزیراعظم نے کمبوڈیا کے شہنشاہ اور وہاں کی ملکہ کو بھارت آنے کی دعوت دی اور کہا کہ دونوں اپنی سہولت کو دیکھتے ہوئے بھارت کادورہ کریں ۔
دونو ں لیڈروں نے مشترکہ مفادات کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم مودی نے آسیان کی قیادت سنبھالنے پرکمبوڈیا کو مبارکباددی اور یقین دلایا کہ بھارت ان کی قیادت کو کامیاب بنانے کے لئے کمبوڈیا کی پوری امداد کرے گا۔