وزیر اعظم جناب نریندر مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے ، 28 اگست 2023 کو صبح 10:30 بجے، نو بھرتی شدہ افراد کو 51000 سے زائد تقرری نامے تقسیم کریں گے۔ وزیر اعظم اس موقع پر نوبھرتی شدہ افراد سے خطاب بھی کریں گے۔
روزگار میلے کا اہتمام ملک بھر میں 45 مقامات پر کیا جائے گا۔ اس روزگار میلہ تقریب کے توسط سے، وزارت داخلہ سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف)، بورڈر سکیورٹی فورس (بی ایس ایف)، شستر سیما بل (ایس ایس بی)، آسام رائفلز، سینٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف)، انڈو تبتی سرحدی پولیس (آئی ٹی بی پی) اور نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) جیسے مرکزی مسلح فوجی دستوں (سی اے پی ایف) میں جوانوں کی بھرتی کر رہی ہے۔ نوبھرتی شدہ افراد، جنہیں ملک بھر سے منتخب کیا گیا ہے، وہ وزارت داخلہ کے تحت مختلف تنظیموں میں کانسٹیبل (جنرل ڈیوٹی)، سب انسپکٹر (جنرل ڈیوٹی) اور نان جنرل ڈیوٹی کیڈر پوسٹوں پر تعینات ہوں گے۔
سی اے پی ایف کے مختلف دستوں کے ساتھ ساتھ دہلی پولیس کو مضبوط بنانے سے ان مسلح دستوں کو داخلی سلامتی میں تعاون، انسداد دہشت گردی، شورش سے نمٹنے ، بائیں بازو کی انتہاپسندی کے خلاف کاروائی اور ملک کی سرحدوں کی حفاظت جیسے امور کو مزید اثرانگیزی کے ساتھ انجام دینے کے سلسلے میں کثیر جہتی کردار ادا کرنے میں مدد ملے گی۔
روزگار میلہ روزگار بہم رسانی کو اولین ترجیح دینے کی وزیر اعظم کی عہد بندگی کی تکمیل کی سمت میں اٹھایا گیا ایک قدم ہے۔ توقع ہے کہ روزگار میلہ مزید روزگار پیدا کرنے میں ایک محرک کے طور پر کام کرے گا اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے اور قومی ترقی میں شرکت کے لیے بامعنی مواقع فراہم کرے گا۔
نوبھرتی شدہ افراد کو کرمیوگی پرارمبھ کے توسط سے اپنی خود کی تربیت کے لیے ایک موقع حاصل ہو رہا ہے۔ یہ آئی جی او ٹی کرمیوگی پورٹل پر ایک آن لائن ماڈیول ہے، جہاں ’کہیں بھی کسی بھی ڈیوائس سے‘ تدریسی فارمیٹ کے لیے 673 سے زائد ای۔لرننگ کورس دستیاب کرائے گئے ہیں۔