نمسکار !
کمیٹی کے سبھی معزز ارکان اور ساتھیو ، ٍگرو تیغ بہادر جی کے 400 ویں پرکاش پرب کا یہ موقع ایک بہت بڑی خوش قسمتی بھی ہے اور ایک قومی فرض بھی ہے ۔ اس میں ہم اپنا کچھ تعاون دے سکیں ، یہ گرو کِرپا ہم سب پر ہوئی ہے ۔ مجھے خوشی ہے کہ ہم سب ملک کے سبھی شہریوں کو ساتھ لے کر اپنی اِن کوششوں کو آگے بڑھا رہے ہیں ۔
ابھی یہاں وزیر داخلہ نے نیشنل امپلی منٹیشن کمیٹی کے صدر کے طور پر کمیٹی کے خیالات کو ہمارے سامنے پیش کیا ہے ، جو بھی تجاویز آئی تھیں ، انہیں رکھا گیا ہے ۔ پریزنٹیشن میں بھی پورے سال کے عملی منصوبے کے تعلق سے ایک لچک دار خاکہ تھا ، جس میں کافی اصلاحات کے بھی امکان ہیں ، نئے نئے نظریات کے بھی امکان ہیں ۔ آپ ارکان کی طرف سے بھی بہت ہی بیش قیمت تجاویز ملی ہیں ۔ بہت ہی بنیادی تجاویز ملی ہیں اور یہ بات درست ہے کہ بین الاقوامی سطح پر ہمیں اِس موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ، ہمارے ملک کی ، جو بنیادی فکر ہے ، اُس کو لوگوں تک پہنچانے کا ہمارے لئے یہ ایک بہت بڑا موقع ہے ۔ ویسے اِس کمیٹی میں آج یہاں پر بہت بڑی تعداد میں سبھی معزز ارکان موجود ہیں ، سب کو اپنی بات کہنے کا موقع نہیں ملا لیکن مجھے پورا یقین ہے کہ سبھی معزز ارکان ، اِن خیالات کو تحریری طور پر بھجیں گے تاکہ اس کو اور بہتر بنایا جا سکے اور اچھا عملی منصوبہ تیار کرکے سال بھر کے لئے ، اِس کام کو آگے بڑھایا جائے ۔
ساتھیو ،
گذشتہ چار صدیوں میں بھارت کا کوئی بھی دور ، کوئی بھی عرصہ ایسا نہیں رہا ، جس کا تصور ، ہم گرو تیغ بہادر جی کے اثر کے بغیر کر سکتے ہوں ۔ نویں گرو کی طور پر ہم سبھی ، اُن سے تحریک پاتے ہیں ۔ آپ سبھی ، اُن کی زندگی کے مراحل سے واقف ہیں لیکن ملک کی نئی نسل کو ، ان کے بارے میں جاننا اور سمجھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے ۔
ساتھیو ،
گرو نانک دیو جی سے لے کر گرو تیغ بہادر جی اور پھر گرو گوبند سنگھ جی تک ، ہماری سکھ گرو کی روایت اپنے آپ میں ایک مکمل زندگی کا فلسفہ رہی ہے۔ یہ خوش قسمتی ہے کہ گرو نانک دیو جی کا 550 واں پرکاش پرب ، گرو تیغ بہادر جی کی 400 ویں جینتی اور گرو گوبند سنگھ جی کا 350 واں پرکاش پرب منانے کا موقع ہماری حکومت کو ملا ہے۔ پوری دنیا اگر زندگی کی اہمیت کو سمجھنا چاہتی ہے تو ہمارے گروؤں کی زندگی کو دیکھ کر بہت آسانی سے سمجھ سکتی ہے ۔ اُن کی زندگی میں زبردست قربانی بھی تھی ، روا داری بھی تھی ۔ اُن کی زندگی میں علم کی روشنی بھی تھی اور روحانی اونچائی بھی تھی ۔
ساتھیو ،
گرو تیغ بہادر جی نے کہا ہے ، " سُکھو دُکھو دونوں سَم کری جانے آؤرو مانو اپمانا ’’ یعنی سکھ دکھ ، عزت و ذلت ، اِن سب میں ایک جیسا رہتے ہوئے ، ہمیں اپنی زندگی گزارنی چاہیئے ۔ انہوں نے زندگی کے مقاصد بھی بتائے ہیں ، اُن کا راستہ بھی دکھایا ہے ۔ انہوں نے ہمیں ملک کی خدمت کے ساتھ ہی ذی نفس کی خدمت کا راستہ بھی دکھایا ہے ۔ انہوں نے یکسانیت ، ہم آہنگی اور قربانی کا منتر ہمیں دیا ہے ۔ انہی منتر کو خود اپنانا اور ہر ایک شخص تک پہنچانا ، یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے ۔
ساتھیو ،
جیسے یہاں بات چیت بھی ہوئی ، 400 ویں پرکاش پرب پر ، سال بھر ملک میں تقاریب ہونی چاہئیں اور دنیا میں بھی ہمیں زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچنے کی کوشش کرنی چاہیئے ۔ سِکھ روایات سے جڑے ، جو بھی مقدس مقامات ہیں ، جو تیرتھ اَستھل ہیں ، وہ اِن سرگرمیوں کو اور توانائی بخشیں گے ۔ گرو تیغ بہادر جی کے الفاظ ، اُن کے راگوں کا بھجن ، اُن سے جڑا ادب ، ثقافتی پروگرام ، یہ ہر ایک کو تحریک دیں گے ۔ اِس میں ڈجیٹل ٹیکنا لوجی کا استعمال ہونے سے ، یہ پیغام پوری دنیا میں لوگوں تک آسانی سے پہنچ پائے گا اور مجھے خوشی ہے کہ آج زیادہ تر ارکان نے یہ ڈجیٹل ٹیکنا لوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کی تجاویز پیش کی ہیں ، یہ اپنے آپ میں بدلتے ہوئے بھارت کی تصویر بھی ہیں ۔ اِن سبھی کوششوں میں ، ہمیں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو اپنے ساتھ جوڑنا ہے ۔
ساتھیو ،
اس پورے جشن میں ، ہمیں گرو تیغ بہادر جی کی زندگی اور تعلیمات کےساتھ ہی پوری گرو روایت کو بھی دنیا تک لے کر جانا چاہیئے ۔ کس طرح پوری دنیا میں آج سِکھ برادری کے لوگ اور ہمارے گروؤں کے ہم سب کروڑوں معتقدین ، اُن کے نقشۂ راہ پر چل رہے ہیں ، کیسے سِکھ برادری سیوا کے اتنے بڑے بڑے کام کر رہی ہے ، کیسے ہمارے گردوارے انسانی خدمت کے سرگرم مرکز ہیں ، یہ پیغام اگر ہم پوری دنیا تک لے کر جائیں گے ، تو ہم انسانیت کو بہت بڑی تحریک دے سکیں گے ۔ میں چاہوں گا کہ اِس پر غور کرکے ، اِس کو دستاویز کی شکل بھی دی جائے ۔ ہماری یہ کوشش آنے والی نسل کی بھی رہنمائی کرے گی ۔ یہی گرو تیغ بہادر جی سمیت سبھی گروؤں کے قدموں میں ہمارا خراجِ عقیدت بھی ہو گا ، ایک طرح سے عملی خراج بھی ہو گا ۔ یہ بھی اہم ہے کہ اسی اہم وقت میں ملک آزادی کا امرت مہوتسو بھی منا رہا ہے ، ہماری آزادی کے 75 سال مکمل ہو رہے ہیں ۔ مجھے یقین ہے کہ گرو آشیرواد سے ہم اپنے ہر منصوبے میں ضرور کامیاب ہوں گے ۔ آپ سب کی اہم تجاویز کے لئے آپ کا بہت مشکور ہوں اور آنے والے وقت میں بھی آپ کا سرگرم تعاون ، اِس عظیم روایت کو آنے والی نسلوں تک لے جانے بہت بڑا تعاون دیں گی ۔ میں اِس مقدس موقع پر ، ہمیں گروؤں کی خدمت کا جو موقع حاصل ہوا ہے ، یہ ہمارے لئے فخر کی بات ہے ۔
انہی نیک خواہشات کے ساتھ ، آپ سب کا بہت بہت شکریہ !