بین الاقوامی نمائش -کم- کنونشن سینٹر آئی ای سی سی کمپلیکس کو ‘بھارت منڈپم’ کا نام دیا گیا ہے
وزیراعظم نے جی-20 سکہ اور جی -20 اسٹامپ جاری کیا
بھارت منڈپم ہندوستان کی صلاحیتوں اور قوم کی نئی توانائی کے لئے ضروری ہے ، یہ ہندوستان کی عظمت اور قوت ارادی کا ایک فلسفہ ہے
بھارت منڈپم نام کی تحریک بھگوان بسویشور کے انوبھو منڈپم، سے ہے
یہ بھارت منڈپم، ہم بھارتیوں کی جانب سے ہماری جمہویت کو آزادی کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر دیا جانے والا ایک خوبصورت تحفہ ہے
اکیسویں صدی میں ہم کو اکیسویں صدی کے لئے مناسب تعمیر کرنی ہوگی
ہندوستان بڑی سوچ ، بڑے خواب اور بڑی کارروائی کے اصول کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے
ہندوستان کی ترقی کے سفر کو اب نہیں روکا جاسکتا، حکومت کی تیسری مدت میں ہندوستان کا چوٹی تیسری معیشتوں میں شمار ہوگا، یہ مودی گارنٹی ہے
ہم نے ملک میں 50 سے زیادہ شہروں میں جی-20 کی میٹنگیں کیں، جن میں اس کے ذریعہ ہندوستان کی گوناگونیت کو نمایاں کیا گیا ہے

نمسکار ،

میرے سامنے ایک شاندار نظارہ ہے۔ یہ شاندار  ہے ، عظیم ہے اور زبردست ہے  اور آج کا  جو یہ موقع ہے ، اس کے پیچھے ، جو تصور ہے ، اور آج ہماری آنکھوں کے سامنے  ، اُس  خواب  کو پورا ہوتے ہوئے دیکھ رہے ہیں، تب مجھے ایک مشہور نظم کے مصرعے گنگنانے کا  جی چاہتا  ہے:-

نیا پرات ہے ، نئی بات ہے ، نئی کرن ہے ، جیوتی نئی

نئی امنگیں ، نئی ترنگیں ، نئی آس ہے ، سانس نئی ۔

اٹھو دھرا کے امر سپوتوں ، پونیہہ نیا نرمان کرو ۔

جن جن کے جیون میں پھر سے نئی اسپورتی  ، نو پران بھرو ۔

آج کے یہ قابل دید اور شاندار 'بھارت منڈپم' ، اسے دیکھ  کر کہ ہر بھارتی خوشی سے بھر رہا ہے ، محظوظ ہو رہا ہے اور فخر محسوس کر رہا ہے ۔ 'بھارت منڈپم' بھارت کی صلاحیت، بھارت کی نئی توانائی  کا آغاز ہے۔ 'بھارت منڈپم' درشن ہے ، بھارت کی عظمت  کا اور بھارت کی قوت ارادی کا  ۔  کورونا کے مشکل دور میں ، جب ہر طرف کام  رکا ہوا تھا ، ہمارے ملک کے  مزدوروں نے دن رات محنت کر کے  ، اس کی تعمیر مکمل کی ہے۔

 

'بھارت منڈپم' کی تعمیر سے جڑے ہر ایک مزدور، بھائی اور بہن کو  ، میں آج، دل کی گہرائیوں سے مبارکباد  دیتا ہوں اور شکریہ ادا کرتا ہوں۔ آج صبح مجھے ان تمام کارکنوں سے ملنے کا موقع ملا، مجھے اپنے ان کارکنوں کی عزت افزائی کا شرف حاصل ہوا۔ آج ان کی محنت دیکھ کر پورا بھارت حیران ہے اور ششدر  ہے۔

میں اس نئے بین الاقوامی کنونشن سینٹر - 'بھارت منڈپم' کے لیے دارالحکومت دلّی کے لوگوں اور ملک کے لوگوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔ ملک کے کونے کونے سے مہمان یہاں آئے ہیں، میں ان سب کا تہہ دل سے استقبال کرتا ہوں۔ میں ان کروڑوں لوگوں کو بھی مبارکباد دیتا ہوں ، جو اس وقت ٹی وی اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہم سے جڑے ہوئے ہیں۔

ساتھیو،

ویسے بھی آج کا دن  ملک کے ہر شہری کے لیے بہت ہی تاریخی دن ہے، آج کرگل وجے دیوس ہے۔ ملک کے دشمنوں نے ، جس  گستاخی  کا مظاہرہ کیا، ماں بھارتی کے بیٹوں اور بیٹیوں نے اپنی بہادری سے اسے شکست دی۔ ایک شکر گزار قوم کی طرف سے، میں ہر اس ہیرو کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جس نے کرگل جنگ میں اپنی جانیں قربان کیں۔

ساتھیو،

'بھارت منڈپم' کے اس نام کے پیچھے اور جیسا کہ پیوش جی نے ابھی بتایا ہے، بھگوان بشویشور کے 'انوبھو منڈپم' کی تحریک ہے۔ انوبھو منڈپم  یعنی   ، بحث اور بات چیت کا جمہوری طریقہ، انوبھو منڈپم  یعنی  اظہار  رائے ۔  آج دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ بھارت جمہوریت کی ماں ہے۔ تمل ناڈو کے اترا میرور میں پائے جانے والے کتبوں  سے لے کر ویشالی تک، بھارت کی متحرک جمہوریت صدیوں سے ہمارا فخر رہی ہے۔

آج جب ہم آزادی کے 75 سال مکمل ہونے پر امرت مہوتسو منا رہے ہیں، یہ 'بھارت منڈپم' ایک خوبصورت تحفہ ہے ، جو ہم بھارتیوں نے ہماری جمہوریت کو دیا ہے۔ چند ہفتوں کے بعد یہاں جی – 20  سے متعلق تقریبات منعقد ہوں گی، دنیا کے بڑے  بڑے ملکوں کے سربراہان یہاں موجود ہوں گے۔ بھارت کے بڑھتے قدم اور بھارت کے بڑھتے قد کو پوری دنیا اس عظیم الشان 'بھارت منڈپم' کے ذریعے دیکھے گی۔

ساتھیو،

آج پوری دنیا ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہے، ایک دوسرے پر منحصر ہے اور عالمی سطح پر مختلف پروگراموں اور سربراہ اجلاسوں کا سلسلہ مسلسل جاری رہتا ہے۔ ایسے پروگرام کبھی ایک ملک میں ہوتے ہیں اور کبھی دوسرے ملک میں۔ ایسے میں بھارت میں بین الاقوامی سطح کا کنونشن سنٹر ملک کے دارالحکومت دلّی میں ہونا بہت ضروری تھا۔ جو انتظامات یہاں تھے، جو ہال تھے، وہ یہاں کئی دہائیاں پہلے  بنائے  گئے تھے۔ پچھلی صدی کا وہ پرانا نظام 21ویں صدی کے بھارت کے ساتھ ہم آہنگ نہیں ہو سکا۔ 21ویں صدی کے بھارت میں، ہمیں 21ویں صدی کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے تعمیرات کرنی ہی ہوں گی ۔

 

اس لیے یہ عظیم الشان تعمیر، یہ 'بھارت منڈپم' آج میرے ہم وطنوں کے سامنے ہے، یہ آپ کے سامنے ہے۔ 'بھارت منڈپم' بھارت اور بیرون ملک سے بڑے نمائش کنندگان کی مدد کرے گا۔ 'بھارت منڈپم' ملک میں کانفرنس ٹورازم کا ایک بڑا ذریعہ بن جائے گا۔ 'بھارت منڈپم' ہمارے اسٹارٹ اپس کی طاقت کو ظاہر کرنے کا ایک ذریعہ بن جائے گا۔ 'بھارت منڈپم' ہماری سنیما کی دنیا، ہمارے فنکاروں کی کارکردگی کا مشاہدہ کرے گا۔

'بھارت منڈپم' ہمارے دستکاروں، کاریگروں-بنکروں  کی محنت کو پلیٹ فارم دینے کے لیے ایک اہم ذریعہ بننے جا رہا ہے اور 'بھارت منڈپم' خود کفیل بھارت اور ووکل فار لوکل مہم کا مظہر بنے گا یعنی معیشت سے لے کر ماحولیات تک، تجارت سے ٹیکنالوجی تک، یہ بہت بڑی کوشش اور اس طرح کے ہر ایونٹ کے لیے یہ بہت بڑا کمپلیکس، یہ 'بھارت منڈپم' ایک بہت بڑا پلیٹ فارم بن جائے گا۔

ساتھیو،

بھارت منڈپم جیسے  اس بندوبست  کی تعمیر کئی دہائیوں پہلے ہو جانی چاہیے تھا لیکن شاید مجھے لگتا ہے ،  بہت سارے کام میرے ہاتھ میں ہی لکھے ہوئے ہیں۔ اور ہم دیکھتے ہیں کہ اگر دنیا کے کسی بھی ملک میں اولمپک سمٹ کا انعقاد ہوتا ہے تو پوری دنیا میں اس ملک کا پروفائل بالکل بدل جاتا ہے۔ آج دنیا میں ان چیزوں کی اہمیت بہت بڑھ گئی ہے اور ملک کی پروفائل بھی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ اور ایسے بندوبست موجود ہیں ، جو کسی نہ کسی طرح اس کی قدر میں اضافہ کرتے ہیں۔

لیکن ہمارے ملک میں کچھ مختلف سوچ کے لوگ ہیں۔ یہاں منفی سوچ رکھنے والوں کی کمی نہیں ہے۔ اس تعمیر کو روکنے کے لیے منفی سوچ رکھنے والوں نے کیا کیا کوششیں نہیں کیں۔ بہت طوفان برپا ہوا، عدالتوں کے چکر کاٹے گئے۔ لیکن جہاں سچائی ہے وہاں ایشور  بھی  ہوتا ہے۔ لیکن اب یہ خوبصورت کیمپس آپ کی آنکھوں کے سامنے موجود ہے۔

درحقیقت کچھ لوگوں میں ہر اچھے کام کو روکنے، اس میں روکنے کی ٹوکنے کی فطرت ہوتی ہے۔ اب آپ کو یاد ہوگا کہ جب کرتویہ پَتھ بن رہا تھا تو نہ جانے کیا کیا کہانیاں گردش کر رہی تھیں، صفحہ اول پر بریکنگ نیوز میں کیا کچھ چل رہا تھا۔ نہ جانے کتنے معاملے عدالت میں بھی اٹھائے گئے  لیکن جب اب کرتویہ پتھ بن گیا تو ، وہ لوگ بھی دبے ہوئے لہجے میں کہہ رہے ہیں کہ کچھ اچھا ہوا ہے، اس سے ملک کی شان بڑھانے والا ہے۔ اور مجھے یقین ہے کہ کچھ عرصے بعد وہ گروپ بھارت منڈپم کے لیے کھل کر بولے یا نہ بولے، لیکن وہ اندر سے اسے قبول کر لے گا اور یہاں تک کہ کسی کے فنکشن میں لیکچر دینے بھی آ سکتا ہے۔

ساتھیو ،

کوئی بھی ملک ہو، کوئی بھی معاشرہ ہو، ٹکڑوں میں سوچ کر اور ٹکڑوں میں کام کر کے آگے نہیں بڑھ سکتا۔ آج یہ کنونشن سنٹر، یہ 'بھارت منڈپم' بھی اس حقیقت کا گواہ ہے کہ ہماری حکومت کس طرح ایک جامع انداز میں کام کر رہی ہے، بہت دور کی سوچ کر کام کر رہی ہے۔ اس طرح کے مراکز میں آنا آسان ہو، ملک اور بیرون ملک سے بڑی کمپنیاں یہاں آ سکیں ،  اس لیے آج بھارت 160 سے زیادہ ممالک کو ای-کانفرنس ویزا کی سہولت دے رہا ہے یعنی اسے صرف اس طرح نہیں بنایا گیا، اس کے لیے پوری سپلائی چین، سسٹم چین کا انتظام کیا گیا ہے۔

2014 ء میں، دلّی ہوائی اڈے کی صلاحیت بھی سالانہ تقریباً 5 کروڑ  مسافروں کو  سنبھالنے کی تھی۔ آج یہ بھی بڑھ کر  7.5 کروڑ مسافر سالانہ ہو گئی ہے۔ ٹرمینل 2 اور چوتھا رن وے بھی شروع ہو چکا ہے۔ گریٹر نوئیڈا کے  جیور میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے شروع ہونے کے بعد ، اسے مزید قوت ملے گی۔ گزشتہ برسوں میں، ہوٹل کی صنعت کی دلّی-این سی آر میں بھی کافی توسیع ہوئی ہے۔ یعنی ہم نے بہت منصوبہ بند طریقے سے کانفرنس ٹورازم کے لیے ایک مکمل ماحولیاتی نظام بنانے کی کوشش کی ہے۔

ساتھیو،

اس کے علاوہ بھی دارالحکومت دلّی میں گزشتہ برسوں میں ، جو تعمیرات ہوئی ہیں، اس سے ملک کا فخر بڑھ رہا ہے۔ کون بھارتی ہوگا  ، جس کا سر ملک کی نئی پارلیمنٹ کو دیکھ کر اونچا نہیں ہوگا۔ آج دلّی میں نیشنل وار میموریل، پولیس میموریل، بابا صاحب امبیڈکر میموریل ہے۔ آج  کرتویہ پتھ کے ارد گرد حکومت کے جدید دفاتر ہیں، اس پر کام بہت تیزی سے جاری ہے۔ ہمیں ورک کلچر کے ساتھ ساتھ کام کے ماحول کو بھی بدلنا ہوگا۔

آپ سب نے دیکھا ہوگا کہ آج کی نئی نسل کو پرائم منسٹر میوزیم سے ملک کے تمام سابق وزرائے اعظم کے بارے میں جاننے کا موقع مل رہا ہے۔ جلد ہی دلّی میں، اور یہ آپ کے لیے بھی خوش  خبری ہوگی، یہ دنیا کے لیے بھی  خوش خبری ہوگی، جلد ہی دلّی میں دنیا کا سب سے بڑا اور جب میں  کہتا ہوں ، دنیا کا سب سے بڑا، میرا مطلب ہے دنیا کا سب سے بڑا میوزیم - یگو - یوگین بھارت بھی بننے  جا رہا ہے ۔

 

ساتھیو،

آج پوری دنیا بھارت کی طرف دیکھ رہی ہے۔ بھارت آج وہ حاصل کر رہا ہے ، جو پہلے ناقابل تصور تھا، کوئی سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ ترقی یافتہ ہونے کے لیے ہمیں بڑا سوچنا ہی ہوگا ،  بڑے ہدف حاصل کرنے ہی ہوں گے ۔ اس لیے، ‘‘ تھنک بگ، ڈریم  بگ ، ایکٹ بگ ’’  کے اصول کو اپناتے ہوئے، بھارت آج تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ  - اتنا  اونچے اٹھو کہ جتنا اٹھا گگن ہے ۔ ہم پہلے سے کہیں زیادہ بڑی تعمیر کر رہے ہیں، ہم پہلے سے بہتر تعمیر کر رہے ہیں، ہم پہلے سے زیادہ تیزی سے تعمیر کر رہے ہیں۔

مشرق سے مغرب تک، شمال سے جنوب تک، بھارت کا بنیادی ڈھانچہ بدل رہا ہے۔ بھارت میں آج دنیا کا سب سے بڑا سولر ونڈ پارک بنایا جا رہا ہے۔ دنیا کا سب سے اونچا ریل پل آج بھارت میں ہے۔ 10 ہزار فٹ سے زیادہ کی بلندی پر دنیا کی سب سے لمبی سرنگ آج بھارت میں ہے۔ دنیا کی سب سے اونچی موٹر ایبل سڑک آج بھارت میں ہے۔ دنیا کا سب سے بڑا کرکٹ اسٹیڈیم آج بھارت میں ہے۔ دنیا کا سب سے اونچا مجسمہ آج بھارت میں ہے۔ ایشیا کا دوسرا سب سے بڑا ریل روڈ پل بھی بھارت میں ہے۔ آج بھارت دنیا کے ان ممالک میں شامل ہے ، جہاں گرین ہائیڈروجن پر اتنا بڑا کام ہو رہا ہے۔

ساتھیو،

آج ہماری حکومت کی اس  میعاد اور  پچھلی میعاد کے کاموں کا نتیجہ پورا ملک دیکھ رہا ہے۔ آج ملک کا ایمان پختہ ہو گیا ہے کہ اب بھارت کی ترقی کا سفر رکنے والا نہیں ہے۔ آپ جانتے ہیں کہ ہماری پہلی میعاد کے آغاز میں بھارت عالمی معیشت میں 10ویں نمبر پر تھا۔ آج جب لوگوں نے مجھے کام دیا تو ہم دس نمبر ی  تھے۔ دوسری میعاد میں، آج بھارت دنیا کی پانچویں بڑی معیشت ہے۔ اور میں یہ بات الفاظ میں نہیں بلکہ ٹریک ریکارڈ کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں۔

میں ملک کو یہ بھی یقین دلاتا ہوں کہ تیسری میعاد میں بھارت دنیا کی پہلی تین معیشتوں میں سے ایک ہوگا یعنی دوستو، بھارت تیسری مدت میں پہلی تین معیشتوں میں فخر سے کھڑا ہوگا۔ تیسری مدت- بھارت ٹاپ 3 اکنومی میں پہنچ کر رہے گا اور یہ مودی کی گارنٹی ہے۔ میں ہم وطنوں کو یہ بھی یقین دلاتا ہوں کہ 2024 ء کے بعد ہماری تیسری مدت میں ملک کی ترقی کا سفر تیزی سے آگے بڑھے گا۔ اور میری تیسری مدت میں، آپ اپنے خوابوں کو اپنی آنکھوں کے سامنے پورا ہوتے دیکھیں گے۔

ساتھیو،

آج بھارت میں نئی ​​تعمیر کا انقلاب چل رہا ہے۔ پچھلے 9 سالوں میں بھارت میں جدید بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے لیے تقریباً 34 لاکھ کروڑ روپے خرچ کیے گئے ہیں۔ اس سال کے بجٹ میں بھی کیپٹل اخراجات کو 10 لاکھ کروڑ روپے رکھا گیا ہے۔ نئے ہوائی اڈے، نئے ایکسپریس وے، نئے ریل راستے، نئے پل، نئے اسپتال، جس رفتار اور پیمانے پر بھارت آج کام کر رہا ہے وہ واقعی بے مثال ہے۔

70 سال میں کسی اور پر تنقید کرنے کے لیے یہ نہیں کہہ رہا ہوں لیکن حساب کتاب کے لیے کچھ  حوالہ ضروری ہوتا ہے۔ اور اسی حوالے کی بنیاد پر بات کر رہا ہوں۔ 70 سالوں میں صرف بھارت میں تقریباً 20 ہزار کلومیٹر ریل لائنوں کی برق کاری کی گئی  ہے ، جب کہ گزشتہ 9 سالوں میں بھارت میں تقریباً 40 ہزار کلومیٹر ریل لائنوں کی برق کاری کی گئی ہے ۔ 2014 ء سے پہلے  ہمارے ملک میں ہر مہینے صرف 600 میٹر، کلومیٹر  مت سمجھنا ، صرف 600 میٹر نئی میٹرو لائن بچھائی جا رہی تھی۔ آج بھارت میں ہر  مہینے 6 کلومیٹر نئی میٹرو لائن کا کام پورا ہو رہا ہے۔

2014  ء سے پہلے ملک میں 4 لاکھ کلومیٹر سے بھی کم دیہی سڑکیں تھیں۔ آج ملک میں 7.25 لاکھ کلومیٹر سے زیادہ دیہی سڑکیں ہیں۔ 2014 ء سے پہلے ملک میں ہمارے پاس صرف 70 ہوائی اڈے تھے۔ آج ملک میں ہوائی اڈوں کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے اور 150 کے قریب پہنچ رہی ہے۔ 2014ء سے پہلے سٹی گیس ڈسٹری بیوشن سسٹم بھی ملک کے صرف 60 شہروں میں تھا۔ اب سٹی گیس کی تقسیم کا نظام ملک کے 600 سے زائد شہروں تک پہنچ چکا ہے۔

 

ساتھیو،

آج بدلتا بھارت پرانے چیلنجوں کو ختم کرتے ہوئے آگے بڑھ رہا ہے۔ ہم مسائل کے مستقل حل پر زور دے رہے ہیں۔ اور اس کی ایک مثال پی ایم گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان ہے۔ انڈسٹری کے دوست یہاں بیٹھے ہیں، میں چاہتا ہوں کہ آپ جا کر وہ پورٹل دیکھیں۔ پی ایم گتی شکتی نیشنل ماسٹر پلان ملک میں اس طرح کے سماجی بنیادی ڈھانچے جیسے ریل روڈ، اسکولوں اور اسپتالوں کی تعمیر کے لیے فزیکل بنیادی ڈھانچے کے لیے بہت بڑا گیم چینجر ثابت ہونے والا ہے۔ اس میں مختلف پرتوں کے 1600 سے زیادہ ڈاٹا کو ، اس کے اندر ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر لایا گیا ہے۔ کوشش یہ ہے کہ ملک کا وقت اور ملک کا پیسہ پہلے کی طرح ضائع نہ ہو۔

ساتھیو،

بھارت کے سامنے آج ایک بہت بڑا موقع ہے۔ سو سال پہلے، میں پچھلی صدی کی بات کر رہا ہوں، سو سال پہلے جب بھارت آزادی کی جنگ لڑ رہا تھا، پچھلی صدی کی وہ تیسری دہائی، میں آپ کی توجہ مبذول کروانا چاہتا ہوں۔ 1923-1930 کا  وہ  دوریاد کیجیے ، پچھلی صدی کی تیسری دہائی بھارت کی آزادی کے لیے بہت اہم تھی۔ اسی طرح اکیسویں صدی کی یہ تیسری دہائی بھی اتنی ہی اہم ہے۔

پچھلی صدی کے تیسرے عشرے میں ایک تڑپ تھی، مقصد تھا ،  سوراج  کا ۔ آج  کا ہدف ہے ، خوشحال بھارت کا ، ترقی یافتہ بھارت بنانے کا ۔ اس تیسری دہائی میں ملک آزادی کے لیے نکلا تھا، ملک کے کونے کونے سے آزادی کی گونج سنائی دے رہی تھی۔ سوراج تحریک کے تمام دھارے، تمام نظریات چاہے وہ انقلاب کا راستہ ہو، یا عدم تعاون کا راستہ، تمام راستے پوری طرح باخبر، توانائی سے بھرے ہوئے تھے، جس کے نتیجے میں ملک 25 سال کے اندر اندر آزاد ہو گیا۔ ہماری آزادی کا خواب پورا ہوا۔ اور اس صدی کے اس تیسرے عشرے میں ہمارے پاس اگلے 25 سال کا ہدف ہے۔ ہم ایک باصلاحیت بھارت، ایک ترقی یافتہ بھارت کا خواب لے کر نکل پڑے  ہیں۔ ہمیں بھارت کو وہ بلندی دینی ہے، ہمیں اس کامیابی تک پہنچنا ہے، جس کا خواب ہر مجاہدِ آزادی نے دیکھا تھا۔

ہمیں اس عہد کو پورا کرنے کے لیے ، سبھی  ہم وطنوں کو  ، 140 کروڑ  بھارتیوں کو ، دن رات ایک کر دینا  ہوگا ۔ اور  ساتھیوں ، میں تجربے سے کہتا ہوں کہ میں نے ایک کے بعد ایک کامیابی اپنی آنکھوں کے سامنے دیکھی ہے۔ میں ملک کی طاقت کو اچھی طرح سمجھ چکا ہوں، ملک کی صلاحیتوں کو جانتا ہوں اور اسی کی بنیاد پر میں کہتا ہوں، میں بڑے اعتماد کے ساتھ کہتا ہوں، بھارت منڈپم میں کھڑے ہوکر ، میں ان قابل لوگوں کے سامنے کہتا ہوں کہ بھارت ترقی کرسکتا ہے، یقیناً یہ ہو سکتا ہے۔ بھارت غربت کو دور کر سکتا ہے، یہ ضرور کر سکتا ہے۔ اور  میرے اس یقین کے پیچھے ، جو بنیاد ہے ، وہ بھی میں آج آپ کو بتانا چاہتا ہوں۔

نیتی آیوگ کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارت میں صرف پانچ سالوں میں 13.5 کروڑ لوگ غربت سے باہر آئے ہیں۔ دوسری بین الاقوامی ایجنسیاں بھی کہہ رہی ہیں کہ بھارت میں انتہائی غربت ختم ہونے کے دہانے پر ہے۔ یعنی گزشتہ 9 سالوں میں ملک نے ، جو پالیسیاں بنائیں، جو فیصلے کیے، وہ ملک کو درست سمت میں لے جا رہے ہیں۔

ساتھیو،

ملک کی ترقی اسی وقت ہو سکتی ہے ، جب نیت صاف ہو، پالیسی درست ہو اور ملک میں بامعنی تبدیلیاں لانے کے لیے موزوں پالیسی ہو۔ بھارت کی صدارت کے دوران ملک بھر میں منعقد ہونے والے  جی – 20  ایونٹس بھی اس کی ایک متاثر کن مثال ہیں۔ ہم نے جی – 20  کو صرف ایک شہر، ایک جگہ تک محدود نہیں رکھا ۔ ہم  جی – 20  اجلاسوں کو ملک کے 50 سے زیادہ شہروں میں لے گئے۔ ہم نے اس کے ذریعے بھارت کے تنوع کو ظاہر کیا ہے۔ ہم نے دنیا کو دکھایا کہ بھارت کی ثقافتی قوت کیا ہے، بھارت کا ورثہ کیا ہے۔ تنوع کے درمیان بھی بھارت کس طرح ترقی کر رہا ہے۔ بھارت کس طرح تنوع کا جشن مناتا ہے۔

آج دنیا بھر سے لوگ ان تقریبات میں شرکت کے لیے بھارت آ رہے ہیں۔ جی – 20  میٹنگوں کے لیے کئی شہروں میں نئی ​​سہولیات تعمیر کی گئیں، پرانی سہولیات کو جدید بنایا گیا۔ اس سے ملک کو فائدہ ہوا، ملک کے لوگوں کو فائدہ ہوا۔ اور یہی تو اچھی حکمرانی ہے  ، یہی تو گڈ گورننس ہے ۔ ہم نیشن فرسٹ، سٹیزن فرسٹ کے جذبے پر عمل کرتے ہوئے بھارت کو ایک ترقی یافتہ بھارت بنانے  والے ہیں۔

ساتھیو،

اس اہم موقع پر آپ سب کا یہاں آنا  ، یہ اپنے آپ میں ، آپ کے دل کے کونے  میں بھی ، بھارت کے لیے ، جو خواب موجود ہیں ، اُن خوابوں کو کھاد پانی دینے کا یہ موقع ہے ۔  ایک بار پھر، میں دلّی کے لوگوں کو اور ملک کے لوگوں کو بھارت منڈپ جیسی شاندار سہولت کے لیے مبارکباد دیتا ہوں اور اتنی بڑی تعداد میں آپ آئے  ،  میں  پھر سے ایک بار آپ کو خوش آمدید  کہتا ہوں اور مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

شکریہ!

 

Explore More
وزیراعظم نریندر مودی کا 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کا متن

Popular Speeches

وزیراعظم نریندر مودی کا 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کا متن
PM Modi hails diaspora in Kuwait, says India has potential to become skill capital of world

Media Coverage

PM Modi hails diaspora in Kuwait, says India has potential to become skill capital of world
NM on the go

Nm on the go

Always be the first to hear from the PM. Get the App Now!
...
سوشل میڈیا کارنر،21دسمبر 2024
December 21, 2024

Inclusive Progress: Bridging Development, Infrastructure, and Opportunity under the leadership of PM Modi