نمو بدھایا!
نمو گروبھیو!
عزت مآب صدر جمہوریہ جی،
دیگر معزز مہمانان کرام،
خواتین و حضرات!
آپ سبھی کو دھم چکر کے آغاز کے دن اور اساڑھ پورنیما کی بہت بہت مبارکباد۔ آج ہم گرو پورنیما بھی مناتے ہیں اور آج ہی کے دن بھگوان بدھ نے روشنی حاصل ہونے کے بعد دنیا کو اپنی پہلی تعلیم دی تھی۔ ہمارے یہاں کہا گیا ہے، جہاں علم ہے وہیں کمال ہے، وہیں پورنیما ہے۔ اور جب تبلیغ کرنے والا خود بدھ ہوتا ہے، تو فطری بات ہے کہ یہ فلسفہ دنیا کی فلاح و بہبود کا حاصل بن جاتا ہے۔ ایثار اوررواداری سے لبریز بدھ جب بولتے ہیں تو صرف الفاظ ہی نہیں نکلتے بلکہ دھم چکر کا آغاز ہوتا ہے۔ تب انھوں نے صرف پانچ تلامذہ کو تعلیم دی تھی، لیکن آج پوری دنیا میں اس فلسفے کے پیروکار ہیں، بدھ میں عقیدت رکھنے والے افراد ہیں۔
ساتھیوں!
سارناتھ میں بھگوان بدھ نے پوری زندگی اور مکمل معلومات کا کلیہ قاعدہ بتایا تھا۔ انھوں نے مصائب کے بار ے میں بتایا تھا، مصائب کی وجوہ اور اس پر کیسے جیت حاصل کی جاسکتی ہے اس کی وضاحت کی تھی۔بھگوان بدھ نے ہمیں زندگی کے لئے آٹھ اصول، آٹھ ضابطےدئیے۔ سمّادٹھی، سمّا سنکپو، سمّاواچا، سمّا کممنتو، سمّا اجیوو، سمّا وایامو، سمّاستی اور سمّا سمادھی۔ (सम्मादिट्ठी, सम्मा-संकप्पो, सम्मावाचा, सम्मा-कम्मन्तो, सम्मा-आजीवो, सम्मा-वायामो, सम्मासति, औरसम्मा-समाधि।) یعنی صحیح نظریہ، پختہ عزم، صحیح طرز بیان ، صحیح طرز عمل، صحیح ذریعہ معاش، صحیح کوشش، صحیح ذہن سازی، صحیح مراقبہ۔ اگر ہمارے ذہن ، زبان اور ارادے میں، ہمارے طرزعمل اور کوششوں میں یہ توازن برقرار ہے تو ہم مصائب سے نکل کر ترقی اور خوشحالی حاصل کرسکتے ہیں۔ یہی توازن ہمیں اچھے اوقات میں عوامی فلاح و بہبود کی ترغیب دیتاہے اور مشکلات میں صبر و استقامت کی طاقت عطا کرتا ہے۔ ساتھیوں!
آج کورونا وبائی مرض کی شکل میں انسانیت کے سامنے جو بحران ہےایسے میں بھگوان بدھ ہمارے لئے اور بھی موزوں ہوجاتے ہیں۔ بدھ کےراستے پر چل کر بڑی سے بڑی چنوتی کا سامنا ہم کیسے کرسکتے ہیں، بھارت نے یہ دکھایا ہے۔ بدھ کی تعلیم پر عمل پیرا ہوکر آج دنیاکے سبھی ممالک ایک دوسرے کا ہاتھ پکڑ رہے ہیں، ایک دوسر ے کی طاقت بن رہے ہیں۔ اس سمت میں انٹر نیشنل بدھشٹ کنفڈریشن کا ’کئیر وِد پرئیر‘اقدام انتہائی قابل ستائش ہے۔
ساتھیوں!
دھم پد کہتا ہے-
न ही वेरेन वेरानि,
सम्मन्तीध कुदाचनम्।
अवेरेन च सम्मन्ति,
एस धम्मो सनन्ततो॥
یعنی عداوت سے دشمنی ختم نہیں ہوتی ، بلکہ عداوت، محبت سے، بڑے دل سے اور پیار سے ختم ہوتی ہے۔ مشکل ترین اس دور میں دنیا نے پیار کی، ہم آہنگی کی اس طاقت کو محسوس کیا ہے۔ بدھ کی یہ تعلیم ، انسانیت کا یہ تجربہ جیسے جیسے بڑھے گا، دنیا کامیابی اور خوشحالی کی نئی اونچائیوں کو چھوئے گی۔
اسی آرزو کے ساتھ ایک بار پھر آپ سبھی کو بہت بہت مبارکباد۔ آپ صحتمند رہیں اور انسانیت کی خدمت کرتے رہیں۔
شکریہ