India has emerged as the nerve centre of global health: PM Modi
The last day of 2020 is dedicated to all health workers who are putting their lives at stake to keep us safe: PM Modi
In the recent years, more people have got access to health care facilities: PM Modi

نمسکار!

کیم چھے، گجرات میں ٹھنڈی وَنڈی چھے  کہ نہیں، گجرات کے گورنر آچاریہ دیب ورت جی، وزیر اعلیٰ جناب وجے روپانی جی، اسمبلی کے اسپیکر جناب راجیندر ترویدی، مرکزی وزیر صحت ڈاکٹر ہرش وردھن جی، ڈپٹی سی ایم بھائی نتن پٹیل جی، کابینہ میں میرے ساتھی جناب اشونی چوبے جی، من سکھ بھائی مانڈویا جی، پرشوتم روپالا جی، گجرات سرکار میں وزیر جناب بھوپیندر سنگھ چوڑاسما جی، جناب کشور کنانی جی، دیگر تمام وزراء، اراکین پارلیمنٹ، دیگر تمام حضرات۔

بھائیوں اور بہنوں،

نیا سال دستک دے رہا ہے۔ آج ملک کے میڈیکل انفراسٹرکچر کو مضبوط کرنے والی ایک اور کڑی جڑ رہی ہے۔ راجکوٹ میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کا سنگ بنیاد گجرات کے ساتھ ساتھ پورے ملک میں صحت اور میڈیکل ایجوکیشن کے نیٹ ورک کو اس کے سبب تقویت ملے گی۔ بھائیوں اور بہنوں، سال 2020 کو ایک نئی نیشنل ہیلتھ فیسیلٹی کے ساتھ وداع کرنا، اس سال کی چنوتیوں کو بھی ظاہر کرتا ہے اور نئے سال کی ترجیحات کو بھی واضح کرتا ہے۔ یہ سال پوری دنیا کے لیے صحت کے طور پر غیر معمولی چنوتیوں کا سال رہا ہے۔ اس سال نے دکھایا ہے کہ صحت ہی دولت ہے، یہ کہانی ہمارے اجداد نے کیوں سکھائی ہے، یہ ہمیں بار بار کیوں رٹایا گیا ہے یہ 2020 نے ہمیں بخوبی سکھا دیا ہے۔ صحت پر جب چوٹ ہوتی ہے تو زندگی کا ہر پہلو بری طرح متاثر ہوتا ہے اور صرف فیملی ہی نہیں پورا معاشرتی دائرہ اس کی لپیٹ میں آ جاتا ہے اور اس لیے سال کا یہ آخری دن بھارت کے ان لاکھوں ڈاکٹروں، صحت کے جانبازوں، صفائی ملازمین، دو کی دکانوں میں کام کرنے والے اور دوسرے فرنٹ لائن کورونا جانبازوں کو یاد کرنے کا ہے، جو انسانیت کی حفاظت کے لیے لگاتار اپنی زندگی کو داؤ پر لگا رہے ہیں۔ فرائض کی راہ پر جن ساتھیوں نے اپنی زندگی قربان کر دی ہے، میں آج ان تمام کو ادب و احترام کے ساتھ سلام کرتا ہوں۔ آج ملک ان ساتھیوں کو، ان سائنسدانوں کو، ان ملازمین کو بھی بار بار یاد کر رہا ہے، جو کورونا سے لڑائی کے لیے ضروری میڈیکل انفراسٹرکچر تیار کرنے میں دن رات مصروف رہے ہیں۔ آج کا دن ان تمام ساتھیوں کی پذیرائی کا ہے جنہوں نے اس مشکل دور میں غریب تک کھانا اور دیگر سہولیات پہنچانے میں پوری ایمانداری کے ساتھ کام کیا۔ اتنا لمبا عرصہ، اتنی بڑی آفت، لیکن یہ معاشرہ کی منظم مجموعی طاقت، سماج کا خدمت کرنے کا جذبہ، سماج کی حساسیت اسی کا نتیجہ ہے کہ ہم وطنوں نے کسی غریب کو بھی اس مشکل بھرے دنوں میں رات کو بھوکا سونے نہیں دیا۔ یہ سب سلامی کے مستحق ہیں، عزت و احترام کے مستحق ہیں۔

ساتھیوں،

مشکل بھرے اس سال نے دکھایا ہے کہ بھارت جب متحد ہوتا ہے تو مشکل سے مشکل بحران کا سامنا کتنے مؤثر طریقے سے کر سکتا ہے۔ بھارت نے اتحاد کے ساتھ جس طرح وقت پر مؤثر قدم اٹھائے ہیں، اسی کا نتیجہ ہے کہ آج ہم بہت بہتر حالت میں ہیں۔ جس ملک میں 130 کروڑ سے زیادہ لوگ ہوں، کثیر آبادی ہو، وہاں تقریباً ایک کروڑ لوگ اس بیماری سے لڑ کر جیت چکے ہیں۔ کورونا سے متاثر ساتھیوں کو بچانے کا بھارت کا ریکارڈ دنیا سے بہت بہتر رہا ہے۔ وہیں اب بحران کے معاملے میں بھی بھارت لگاتار نیچے کی طرف جا رہا ہے۔

بھائیوں اور بہنوں،

سال 2020 میں بحران کی مایوسی تھی، تشویشیں تھیں، چاروں طرف سوالیہ نشان تھے 2020 کی وہ پہچان بن گئی لیکن 2021 علاج کی امید لیکر آ رہا ہے۔ ویکسین کو لیکر بھارت میں ہر ضروری تیاریاں چل رہی ہیں۔ بھارت میں بنی ویکسین تیزی سے ہر ضروری طبقہ تک پہنچے، اس کے لیے کوششیں آخری مرحلے میں ہیں۔ دنیا کی سب سے بڑی ٹیکہ کاری مہم چلانے کے لیے بھارت کی تیاری زوروں پر ہے۔ مجھے یقین ہے کہ جس طرح گزشتہ سال وبائی امراض سے روکنے کے لیے ہم نے متحد ہوکر کوشش کی، اسی طرح ٹیکہ کاری کو کامیاب بنانے کے لیے بھی پورا بھارت متحد ہوکر آگے بڑھے گا۔

ساتھیوں،

گجرات میں بھی وبائی مرض کو روکنے کے لیے اور اب ٹیکہ کاری کے لیے تیاریوں کو لیکر قابل تعریف کام ہوا ہے۔ گزشتہ 2 دہائیوں میں جس قسم کا میڈیکل انفراسٹرکچر گجرات میں تیار ہوا ہے، وہ ایک بڑی وجہ ہے کہ گجرات کورونا چنوتی سے بہتر طریقے سے نمٹ پا رہا ہے۔ ایمس راجکوٹ گجرات کے ہیلتھ نیٹ ورک کو اور مضبوط کرے گا، تقویت بخشے گا۔ اب سنگین سے سنگین بیماریوں کے لیے راجکوٹ میں ہی جدید سہولت دستیاب ہو رہی ہے۔ علاج اور تعلیم کے علاوہ اس سے روزگار کے بھی متعدد مواقع تیار ہوں گے۔ نئے اسپتال میں کام کرنے والے تقریباً 5 ہزار بلاواسطہ روزگار دستیاب ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ بودوباش، کھانا پینا، ٹرانسپورٹ، دیگر طبی سہولیات سے وابستہ دیگر بالواسطہ روزگار بھی یہاں بنیں گے اور ہم نے دیکھا ہے کہ جہاں بڑا اسپتال ہوتا ہے اس کے باہر ایک چھوٹا شہر ہی بس جاتا ہے۔

بھائیوں اور بہنوں،

میڈیکل سیکٹر میں گجرات کی اس کامیابی کے پیچھے دو دہائیوں کی مسلسل کوشش ہے، عزم و حوصلہ ہے۔ گزشتہ 6 سالوں میں پورے ملک میں جس علاج اور میڈیکل ایجوکیشن کو لیکر جس پیمانے پر کام ہوا ہے، اس کا یقینی فائدہ گجرات کو بھی حاصل ہو رہا ہے۔

ساتھیوں،

بڑے اسپتالوں کی حالت، ان پر دباؤ سے آپ بھی اچھی طرف واقف ہیں۔ حالت یہ تھی کہ آزادی کی اتنی دہائیوں بعد بھی ملک میں صرف 6 ایمس ہی بن پائے تھے۔ 2003 میں اٹل جی کی سرکار نے 6 مزید ایمس بنانے کے لیے قدم اٹھائے تھے۔ ان کے بناتے بناتے 2012 آ گیا تھا، یعنی 9 سال لگ گئے تھے۔ گزشتہ 6 سالوں میں 10 نئے ایمس بنانے پر کام شروع ہو چکے ہیں، جن میں سے کئی آج پوری طرح سے کام شروع کر چکے ہیں۔ ایمس کے ساتھ ساتھ ملک میں 20 ایمس جیسے ہی سپر اسپیشیلٹی ہاسپیٹلز کی تعمیر بھی کی جا رہی ہے۔

ساتھیوں،

سال 2014 سے پہلے ہمارا ہیلتھ سیکٹر الگ الگ سمت میں، الگ الگ اپروچ کے ساتھ کام کر رہا تھا۔ پرائمری ہیلتھ کیئر کا اپنا سسٹم تھا۔ گاؤوں میں سہولیات نہ کے برابر تھیں۔ ہم نے ہیلتھ سیکٹر میں ہولسٹک طریقے سے کام کرنا شروع کیا۔ ہم نے جہاں ایک طرف پریونٹو کیئر پر زور دیا وہیں علاج کی جدید سہولیات کو بھی ترجیح دی۔ ہم نے جہاں غریب کاعلاج پر ہونے والا خرچ کم کیا، وہیں اس بات پر بھی زور دیا کہ ڈاکٹروں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہو۔

ساتھیوں،

آیوشمان بھارت یوجنا کے تحت ملک بھر کے دور دراز کے علاقوں میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ ہیلتھ اینڈ ویلنیس سینٹر بنانے کے لیے کام تیزی سے چل رہا ہے۔ ابھی تک ان میں سے 50 ہزار سینٹر خدمات فراہم کرنا شروع بھی کر چکے ہیں، جس میں تقریباً 5 ہزار گجرات میں ہی ہیں۔ اس اسکیم سے اب تک ملک کے تقریباً ڈیڑھ کروڑ غریبوں کو 5 لاکھ روپے تک کا مفت علاج ملا ہے۔ اس اسکیم نے غریب بھائی بہنوں کی کتنی بڑی مدد کی ہے اس کے لیے ایک ڈیٹا میں ملک کو بتانا چاہتا ہوں۔

ساتھیوں،

آیوشمان بھارت یوجنا سے غریبوں کے تقریباً 30 ہزار کروڑ روپے سے زیادہ بچے ہیں۔ 30 ہزار کروڑ روپے یہ بہت بڑی رقم ہے۔ آپ سوچئے، اس اسکیم نے غریبوں کو کتنی بڑی مالی فکر سے آزاد کیا ہے۔ کینسر ہو، امراض قلب ہو، کڈنی کی پریشانی ہو، متعدد سنگین بیماریوں کا علاج، میرے ملک کے غریبوں نے مفت کرایا ہے اور وہ بھی اچھے اسپتالوں میں۔

ساتھیوں،

بیماری کے دوران، غریبوں کا ایک اور ساتھی ہے – جن اوشدھی کیندر۔ ملک میں تقریباً 7 ہزار جن اوشدھی کیندر، غریبوں کو بہت ہی کم قیمت پر دوائیں مہیا کرا رہے ہیں۔ ان جن اوشدھی کیندروں پر دوائیں تقریباً 90 فیصد تک سستی ہوتی ہیں۔ یعنی سو روپے کی دوائی دس روپے میں ملتی ہے۔ ساڑھے تین لاکھ سے زیادہ غریب مریض، ہر روز ان جن اوشدھی کیندروں کا فائدہ اٹھا رہے ہیں اور ان مراکز کی سستی دواؤں کی وجہ سے غریبوں کے ہر سال اوسطاً 3600 کروڑ روپے خرچ ہونے سے بچ رہے ہیں۔ آپ اندازہ لگا سکتے ہیں کہ کتنی بڑی مدد ہو رہی ہے۔ ویسے کچھ لوگوں کے ذہن میں سوال اٹھ سکتا ہے کہ آخر سرکار علاج کا خرچ کم کرنے، دواؤں پر ہونے والے خرچ کو کم کرنے پر اتنا زور کیوں دے رہی ہے؟

ساتھیوں،

ہم سے اکثر، اسی پس منظر سے نکلے لوگ ہیں۔ غریب اور متوسط طبقہ میں علاج کا خرچ ہمیشہ سے بہت بڑی تشویش رہی ہے۔ جب کسی غریب کو سنگین مرض ہوتا ہے، تو اس بات کا امکان بہت زیادہ ہوتا ہے کہ وہ اپنا علاج کرائے ہی نہیں۔ علاج کے لیے پیسے نہ ہونا، گھر کے دیگر اخراجات، اپنی ذمہ داریوں کی فکر، آدمی کے برتاؤ میں یہ تبدیلی لا ہی دیتی ہے اور ہم نے دیکھا ہے جب غریب بیمار ہو جاتا ہے، پیسے نہیں ہوتے ہیں تو وہ کیا کرتا ہے ڈورے- دھاگے کی دنیا میں چلا جاتا ہے، پوجا پاٹ کی دنیا میں چلا جاتا ہے۔ اس کو لگتا ہے شاید وہیں سے بچ جاؤں گا لیکن وہ اس لیے جاتا ہے کہ اس کے پاس صحیح جگہ پر جانے کے لیے پیسے نہیں ہیں، غریبی اس کو پریشان کر رہی ہے۔

ساتھیوں،

ہم نے یہ بھی دیکھا ہے کہ جو برتاؤ پیسے کی کمی کی وجہ سے بدلتا ہے، وہی برتاؤ جب غریب کے پاس ایک محفوظ ڈھانچہ ہوتا ہے، تو وہ ایک خود اعتمادی میں بدل جاتا ہے۔ آیوشمان بھارت یوجنا کے تحت غریبوں کا علاج لوگوں کی اس فکر، اس برتاؤ کو بدلنے میں کامیاب رہا ہے۔ جس میں وہ پیسے کی کمی کی وجہ سے اپنا علاج کرانے اسپتال جاتے ہی نہیں تھے۔ اور کبھی کبھی تو میں نے دیکھا ہے کہ گھر کے جو بزرگ ہیں زیادہ بزرگ نہیں 50-45 سال کی عمر، بڑے آدمی وہ اس لیے دوائی نہیں کراتے وہ کہتے ہیں قرض ہو جائے گا تو سارا قرض بچوں کو دینا پڑے گا اور بچے برباد ہو جائیں گے۔ بچوں کی زندگی برباد نہ ہو اس لیے کئی ماں باپ زندگی بھر درد جھیلتے ہیں اور درد میں ہی مرتے ہیں۔ کیوں کہ قرض نہ ہو، درد جھیلیں لیکن بچوں کے نصیب میں قرض نہ آئے اس لیے وہ ٹریٹمنٹ نہیں کراتے ہیں۔ خاص کر یہ بھی صحیح ہے کہ پرائیویٹ اسپتال جانے کی تو غریب پہلے کبھی سوچ ہی نہیں پاتا تھا۔ آیوشمان بھارت کے بعد اب یہ بھی بدل رہا ہے۔

ساتھیوں،

اپنی صحت کی حفاظت کا احساس، علاج کے لیے پیسے کی اتنی فکر کا نہ ہونا، اس نے سماج کی سوچ کو بدل دیا ہے اور ہم اس کے نتیجے بھی دیکھ رہے ہیں۔ آج ہیلتھ اور ویلنیس کو لیکر ایک بیداری آئی ہے، سنجیدگی آئی ہے۔ اور یہ صرف شہروں میں ہو رہا ہو، ایسا نہیں ہے۔ دور دراز کے ہمارے ملک کے گاؤوں میں بھی یہ بیداری ہم دیکھ رہے ہیں۔ برتاؤ میں تبدیلی کی ایسی مثالیں دیگر شعبوں میں بھی نظر آ رہی ہیں۔ جیسے بیت الخلا کی دستیابی نے، لوگوں کو صاف صفائی کے لیے مزید بیدار کیا ہے۔ ہر گھر میں پانی کی مہم لوگوں کو صاف پانی کو یقینی بنا رہی ہے، پانی سے ہونے والی بیماریوں کو کم کر رہی ہے۔ باورچی خانہ میں گیس پہنچنے کے بعد نہ صرف ہماری بہنوں بیٹیوں کی صحت بہتر ہو رہی ہے بلکہ پوری فیملی میں ایک مثبت سوچ آئی ہے۔ ایسے ہی پردھان منتری سرکشِت ماترتو ابھیان نے حاملہ عورتوں کو ریگولر چیک اپ کے لیے آمادہ کیا ہے۔ اور چیک اپ کے سبب ان کو پہلے ہی سنگینی سے آگاہ کر دیا جاتا ہے اس کا فائدہ یہ ہو رہا ہے کہ حمل کے دوران جو پیچیدہ مسائل پیدا ہوتے ہیں، وہ جلدی پکڑ میں آتے ہیں اور ان کا وقت پر علاج بھی ہوتا ہے۔ وہیں پردھان منتری ماتر وندنا یوجنا کے ذریعہ یہ یقینی بنایا جا رہا ہے کہ حاملہ عورتوں کو مناسب غذا ملے، دیکھ بھال ملے۔ پوشن ابھیان نے بھی ان میں بیداری بڑھائی ہے۔ ان تمام کوششوں کا ایک بہت بڑا فائدہ یہ ملا ہے کہ ملک میں زچہ کی شرح اموات پہلے کے مقابلے کافی کم ہو رہی ہے۔

ساتھیوں،

صرف نتیجہ پر ہی فوکس کرنا کافی نہیں ہوتا ہے۔ اِمپیکٹ اہم ہے، لیکن نفاذ بھی اتنا ہی اہم ہے اور اس لیے، میں سمجھتا ہوں کہ برتاؤ میں بڑے پیمانے پر تبدیلی لانے کے لیے ہمیں سب سے پہلے طریقہ عمل میں اصلاح کرنا ضروری ہوتا ہے۔ گزشتہ برسوں میں ملک میں اس پر بہت زور دیا گیا ہے۔ اس کا نتیجہ یہ ہے ہم دیکھ رہے ہیں کہ ملک ہیلتھ سیکٹر میں جہاں زمینی سطح پر تبدیلی آ رہی ہے، اور لوگوں کو جو سب سے بڑی چیز ملی ہے وہ ہے ایکسیس، طبی سہولیات تک ان کی رسائی۔ اور میں صحت اور تعلیم کے ماہرین سے آج یہ بھی اپیل کروں گا کہ وہ سرکار کی ان اسکیموں کا، بیٹیوں کی تعلیم پر جو اثر پڑا ہے، اس کا ضرور مطالعہ کریں۔ یہ اسکیمیں، یہ بیداری، ایک بڑی وجہ ہے جو اسکولوں میں بیٹیوں کے ڈراپ آؤٹ ریٹ میں کمی لا رہی ہے۔

ساتھیوں،

ملک میں میڈیکل ایجوکیشن کو فروغ دینے کے لیے بھی مشن موڈ پر کام چل رہا ہے۔ میڈیکل ایجوکیشن کے مینجمنٹ سے جڑے اداروں میں اصلاحات کیے۔ روایتی ہندوستانی طریقہ علاج سے متعلق تعلیم میں بھی ضروری اصلاحات کیے۔ نیشنل میڈیکل کمیشن بننے کے بعد ہیلتھ ایجوکیشن میں معیار بھی بہتر ہوگا اور مقدار کو لیکر بھی پیش رفت ہوگی۔ گریجویٹس کے لیے نیشنل ایگزٹ ٹیسٹ اس کے ساتھ ساتھ 2 سال کا پوسٹ ایم بی بی ایس ڈپلومہ ہو، یا پھر پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرز کے لیے ڈسٹرکٹ ریزیڈنسی اسکیم ہو، ایسے نئے قدموں سے ضرورت اور معیار دونوں سطح پر کام کیا جا رہا ہے۔

ساتھیوں،

ہدف یہ ہے کہ ہر ریاست تک ایمس پہنچے اور ہر 3 لوک سبھا حلقہ کے درمیان میں ایک میڈیکل کالج ضرور ہو۔ انہی کوششوں کا نتیجہ ہے کہ گزشتہ 6 سال میں ایم بی بی ایس میں 31 ہزار نئی سیٹیں اور پوسٹ گریجویٹ میں 24 ہزار نئی سیٹیں بڑھائی گئی ہیں۔ ساتھیوں، ہیلتھ سیکٹر میں بھارت زمینی سطح پر بڑی تبدیلی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اگر 2020 ہیلتھ چیلنجز کا سال تھا، تو 2021 ہیلتھ سالیوشنز کا سال ہونے والا ہے۔ 2021 میں دنیا، صحت کو لیکر اور زیادہ بیدار ہوکر حل کی طرف بڑھے گی۔ بھارت نے بھی جس طرح 2020 میں ہیلتھ چیلنجز سے نمٹنے میں اپنا تعاون دیا ہے، وہ دنیا نے دیکھا ہے۔ میں نے شروع میں اس کا ذکر بھی کیا ہے۔

ساتھیوں،

بھارت کا یہ تعاون 2021 میں ہیلتھ سالیوشنز کے لیے، سالیوشنز کی اسکیلنگ کے لیے اہم ہونے والا ہے۔ بھارت، فیوچر آف ہیلتھ اور ہیلتھ آف فیوچر، دونوں میں ہی سب سے اہم رول نبھانے جا رہا ہے۔ یہاں دنیا کو کامپیٹنٹ میڈیکل پروفیشنلز بھی ملیں گے، ان کے اندر خدمت کا جذبہ بھی ملے گا۔ یہاں، دنیا کو ماس امیونائزیشن کا تجربہ بھی ملے گا اور ایکسپرٹائز بھی ملے گی۔ یہاں دنیا کو ہیلتھ سالیوشنز اور ٹیکنالوجی کو انٹیگریٹ کرنے والے اسٹارٹ اپس اور اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم بھی ملے گا۔ یہ اسٹارٹ اپس ہیلتھ کیئر کو قابل رسا بھی بنا رہے ہیں اور ہیلتھ آؤٹ کمز کو بہتر بھی کر رہے ہیں۔

ساتھیوں،

آج ہم سب یہ دیکھ رہے ہیں کہ بیماریاں اب کیسے گلوبلائزڈ ہو رہی ہیں۔ اس لیے، یہ وقت ہے کہ ہیلتھ سالیوشنز بھی گلوبلائزڈ ہوں، دنیا ایک ساتھ آکر کوشش کرے، ریسپانڈ کرے۔ آج الگ تھلگ کوشش، سیلوس میں کام کرنا، یہ راستہ کام آنے والا نہیں ہے۔ راستہ ہے سب کو ساتھ لیکر چلنا، سب کے لیے سوچنا اور بھارت آج ایک ایسا گلوبل پلیئر ہے جس نے یہ کرکے دکھایا ہے۔ بھارت نے ڈیمانڈ کے مطابق، ’اَڈیپٹ، ایوالو اینڈ ایکسپینڈ‘ کرنے کی اپنی صلاحیت کو ثابت کیا ہے۔ ہم دنیا کے ساتھ آگے بڑھے، اجتماعی کوششوں میں قدر میں اضافہ کیا، اور ہر چیز سے اوپر اٹھ کر ہم نے صرف انسانیت کو مرکز میں رکھا، انسانیت کی خدمت کی۔ آج بھارت کے پاس صلاحیت بھی ہے، اور خدمت کا جذبہ بھی ہے۔ اسی لیے، بھارت گلوبل ہیلتھ کا اعصابی مرکز بن کر ابھر رہا ہے۔ 2021 میں ہمیں بھارت کے اس رول کو مزید مضبوط کرنا ہے۔

ساتھیوں،

ہمارے یہاں کہتے ہیں- ’سروَم انیہ پرتیجیہ شریرم پال ییدتہ‘۔ یعنی سب سے بڑی ترجیح جسمانی صحت کی حفاظت ہی ہے۔ سب کچھ چھوڑ کر پہلے صحت کی ہی فکر کرنی چاہیے۔ نئے سال میں ہمیں اس منتر کو اپنی زندگی میں ترجیح کے ساتھ اتارنا ہے۔ ہم صحت مند رہیں گے تو ملک صحت مند رہے گا، اور ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ فٹ انڈیا موومنٹ چل رہا ہے، وہ صرف نوجوانوں کے لیے ہے ایسا نہیں ہے، ہر عمر کے لوگ یہ فٹ انڈیا موومنٹ سے جڑنے چاہیے اور یہ موسم بھی فٹ انڈیا کے اپنے موومنٹ کو رفتار دینے کے لیے بہت اچھا ہے۔ کوئی فیملی ایسی نہ ہو چاہے یوگا کی بات ہو، چاہے فٹ انڈیا کی بات ہو، ہمیں اپنے آپ کو صحت مند رکھنا ہی ہوگا۔ بیمار ہونے کے بعد جو پریشانیاں ہوتی ہیں، صحت مند رہنے کے لیے اتنی کوشش نہیں کرنی پڑتی۔ اوراس لیے فٹ انڈیا اس بات کو ہم ہمیشہ یاد رکھیں اپنے آپ کو فٹ رکھیں، اپنے ملک کو فٹ رکھیں، یہ بھی ہم لوگوں کی ذمہ داری ہے۔ راجکوٹ کے میرے پیارے بھائیوں بہنوں، گجرات کے میرے پیارے بھائیوں بہنوں یہ بات نہ بھولیں کہ کورونا وبائی مرض کم ضرور ہو رہا ہے، لیکن یہ ایک ایسا وائرس ہے جو تیزی سے دوبارہ چپیٹ میں لے لیتا ہے۔ اس لیے دو گز کی دوری، ماسک اور سینی ٹیشن کے معاملے میں ڈھیل بالکل بھی نہیں دینی ہے۔ نیا سال ہم سبھی کے لیے بہت خوشیاں لیکر آئے۔ آپ کے لیے اور ملک کے لیے نیا سال مبارک ہو۔ لیکن میں یہ بھی کہوں گا، میں پہلے کہتا تھا جب تک دوائی نہیں، تب تک ڈھیلائی نہیں، بار بار کہتا تھا۔ اب دوائی سامنے دکھائی دے رہی ہے۔ کچھ ہی وقت کا سوال ہے تو بھی میں کہوں گا، پہلے میں کہتا تھا دوائی نہیں تو ڈھیلائی نہیں، لیکن اب میں پھر سے کہہ رہا ہوں، دوائی بھی اور کڑائی بھی۔ سختی بھی برتنی ہے اور دوائی بھی لینی ہے۔ دوائی آ گئی ہے تو سب چھوٹ مل گئی، یہ بھرم میں مت رہنا۔ دنیا یہی کہتی ہے، سائنسداں یہی کہتے ہیں اور اس لیے اب منتر رہے گا ہمارا 2021 کا، دوائی بھی اور کڑائی بھی۔

دوسری ایک بات ہمارے ملک میں افواہوں کا بازار ذرا تیز رہتا ہے۔ طرح طرح کے لوگ اپنے ذاتی مفاد کے لیے کبھی غیر ذمہ دارانہ برتاؤ کے لیے طرح طرح کی افواہیں پھیلاتے ہیں۔ ہو سکتا ہے جب ویکسین کا کام شروع ہو تو بھی افواہوں کا بازار بھی اتنا ہی تیز چلے گا۔ کسی کو برا دکھانے کے لیے عام انسانیت کا کتنا نقصان ہو رہا ہے اس کی پرواہ کیے بغیر نہ جانے بے شمار خیالی جھوٹ پھیلائے جائیں گے۔ کچھ مقدار میں تو شروع بھی ہو چکے ہیں، اور بھولے بھالے غریب لوگ یا کچھ بد ارادے سے کام کرنے والے لوگ بڑے کنوِکشن کے ساتھ اس کو پھیلاتے ہیں۔ میری ملک کے لوگوں سے اپیل ہوگی کہ کورونا کے خلاف ایک انجان دشمن کے خلاف لڑائی ہے۔ افواہوں کے بازار گرم نہ ہونے دیں، ہم سبھی سوشل میڈیا پر کچھ بھی دیکھا، فارورڈ نہ کریں۔ ہم بھی ایک ذمہ دار شہری کے طور پر آنے والے دنوں میں ملک کے اندر صحت کی جو مہم چلے گی، ہم سب اپنی طرف سے تعاون دیں۔ سب اپنی طرف سے ذمہ داری اٹھائیں اور جن لوگوں کے لیے پہلے یہ بات پہنچانی ہے ان میں ہم پوری مدد کریں جیسے ہی ویکسین کا معاملہ آگے بڑھے گا ملک کے عوام کو وقت پر اس کی اطلاع ملے گی۔ میں پھر سے ایک بار 2021 کے لیے آپ سب کو بہت بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

شکریہ۔

Explore More
وزیراعظم نریندر مودی کا 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کا متن

Popular Speeches

وزیراعظم نریندر مودی کا 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کا متن
When PM Modi Fulfilled A Special Request From 101-Year-Old IFS Officer’s Kin In Kuwait

Media Coverage

When PM Modi Fulfilled A Special Request From 101-Year-Old IFS Officer’s Kin In Kuwait
NM on the go

Nm on the go

Always be the first to hear from the PM. Get the App Now!
...
Under Rozgar Mela, PM to distribute more than 71,000 appointment letters to newly appointed recruits
December 22, 2024

Prime Minister Shri Narendra Modi will distribute more than 71,000 appointment letters to newly appointed recruits on 23rd December at around 10:30 AM through video conferencing. He will also address the gathering on the occasion.

Rozgar Mela is a step towards fulfilment of the commitment of the Prime Minister to accord highest priority to employment generation. It will provide meaningful opportunities to the youth for their participation in nation building and self empowerment.

Rozgar Mela will be held at 45 locations across the country. The recruitments are taking place for various Ministries and Departments of the Central Government. The new recruits, selected from across the country will be joining various Ministries/Departments including Ministry of Home Affairs, Department of Posts, Department of Higher Education, Ministry of Health and Family Welfare, Department of Financial Services, among others.