نمسکار!

آج ابوظہبی میں آپ لوگوں نے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ آپ لوگ متحدہ عرب امارات کے کونے کونے اور ہندوستان کی مختلف ریاستوں سے آئے ہیں، لیکن سب کے دل جڑے ہوئے ہیں۔ اس تاریخی اسٹیڈیم میں دل کی ہر دھڑکن کہہ رہی ہے – ہندوستان-یو اے ای دوستی زندہ باد! ہر سانس کہہ رہی ہے – ہندوستان-یو اے ای دوستی زندہ باد! ہر آواز کہہ رہی ہے – ہندوستان-یو اے ای دوستی زندہ باد! بس... اس لمحے کو جینا ہے... اسے بھرپور طریقے سے جینا ہے۔ آج وہ یادیں بچا کر رکھنی ہیں ، جو زندگی بھر آپ کے ساتھ رہنے والی ہیں۔ یادیں جو زندگی بھر میرے ساتھ رہیں گی۔

 

میرے بھائیوں اور بہنوں،

میں آج اپنے گھر والوں سے ملنے آیا ہوں۔ سمندر پار، جس ملک کی مٹی میں آپ نے جنم لیا میں اس مٹی کی خوشبو لے کر آیا ہوں ۔ میں پیغام لے کر آیا ہوں۔ آپ کے 140 کروڑ ہندوستانی بھائیوں اور بہنوں کا ... اور یہ پیغام ہے کہ  ہندوستان کو آپ پر فخر ہے، آپ ملک کےوقار ہیں۔ ‘‘ہندوستان کوآپ  پر فخر ہے’’۔

بھارتم ننگڑے-اورتا ابھیما-نکونو!! انگلائی پارتا بھرتم پیرومائی پڈگیردو!!

بھارتا نیما بگے ہمے پڈو-تدے!! می پائی بھارت دیشماگروستوندی!!

ایک بھارت سریشٹھ بھارت کی یہ خوبصورت تصویر، آپ کا یہ جوش، آپ کی یہ آواز، آج ابوظہبی کے آسمان کے پار جارہی ہے۔ میرے لیے اتنی محبت، اتنا آشیرواد، یہ مسحور کرنے والا ہے۔ آپ وقت نکال کر یہاں آئے، میں آپ کا بہت بہت ممنون ہوں۔

 

ساتھیو،

آج ہمارے ساتھ منسٹرآف ٹولرینس ، ہز ایکسلینسی شیخ نہیان بھی موجود ہیں۔ وہ ہندوستانی برادری کے اچھے دوست اور خیر خواہ ہیں۔ ہندوستانی برادری کے تئیں ان کی محبت قابل ستائش ہے۔ آج اس شاندار تقریب کے لیے میں اپنے برادر عزت مآب شیخ محمد بن زاید جی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں ۔ گرم جوشی سے بھرپور یہ تقریب ان کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھی۔ ان کی اپنائیت، میرے تئیں ان کا لگاؤ ​​میرا بہت بڑا اثاثہ ہے۔ مجھے 2015 کا اپنا وہ پہلا سفر یاد ہے۔تب مجھے مرکزی حکومت میں آئے بہت عرصہ نہیں گزرا تھا۔3 دہائیوں کے بعد کسی ہندوستانی وزیر اعظم کا متحدہ عرب امارات کا یہ پہلا دورہ تھا۔ سفارت کاری کی دنیا بھی میرے لیے نئی تھی۔ تب ایئرپورٹ پر میرا استقبال کرنے کے لیے ولی عہد شہزادہ اور آج کے صدر، اپنے پانچ بھائیوں کے ساتھ ایئرپورٹ پر آئے تھے ۔ وہ گرم جوشی، ان کی سبھی کی آنکھوں میں وہ چمک، میں کبھی نہیں بھول سکتا۔ اس پہلی ملاقات میں ہی مجھے ایسا لگا جیسے میں اپنے کسی قریبی کے گھر آیا ہوں۔ وہ بھی ایک فیملی کی طرح میرا استقبال کر رہے تھے۔ لیکن ساتھیو وہ مہمان نوازی صرف میری نہیں تھی۔ وہ مہمان نوازی، وہ استقبال، 140 کروڑ ہندوستانیوں کا تھا۔ وہ مہمان نوازی یہاں متحدہ عرب امارات میں رہنے والے ہر ہندوستانی کی تھی۔

ساتھیو،

ایک وہ دن تھا اور ایک آج کا دن ہے۔ 10 برسوں میں متحدہ عرب امارات کا یہ میرا ساتواں دورہ ہے۔ برادرشیخ محمد بن زاید آج بھی  مجھے ایئرپورٹ پر ریسیو کرنے آئے تھے۔ ان کی گرمجوشی وہی تھی، ان کااپناپن بھی وہی تھا اور یہی بات انہیں بہت خاص بنادیتی ہے۔

ساتھیو،

مجھے خوشی ہے کہ ہمیں چار بار ہندوستان میں ان کا استقبال کرنے کا موقع ملا ہے۔ کچھ دن پہلے ہی وہ گجرات آئے تھے۔ تب وہاں لاکھوں لوگ ان کا شکریہ ادا کرنے کے لیے سڑک کے دونوں طرف جمع ہوگئے تھے۔ آپ جانتے ہیں کہ شکریہ کس لیے ؟ شکریہ اس لیے کیوں کہ وہ جس طرح وہ متحدہ عرب امارات میں آپ سب کا خیال رکھ رہے ہیں، وہ جس طرح آپ کے مفادات کی فکر کرتے ہیں، ویسا کم ہی دیکھنے کو ملتا ہے۔ اس لیے ان کا شکریہ ادا کرنے لیے وہ سبھی لوگ گھروں سے باہر نکل آئے تھے۔

ساتھیو،

یہ بھی میری خوش قسمتی ہے کہ متحدہ عرب امارات نے مجھے اپنے اعلیٰ ترین شہری اعزاز – دی آرڈر آف زاید سے نوازا ہے۔ یہ اعزازبھی  صرف میرا نہیں ہے، بلکہ کروڑوں ہندوستانیوں کا اعزاز ہے، آپ سبھی  کا اعزاز ہے۔ میں جب بھی اپنے بردار شیخ محمد بن زاید سے ملتا ہوں، تو وہ آپ سبھی  ہندوستانیوں کی بہت تعریف کرتے ہیں۔ وہ متحدہ عرب امارات کی ترقی میں آپ کے رول کی تعریف کرتے ہیں۔ اس زاید اسٹیڈیم سے بھی ہندوستانیوں کے پسینے کی خوشبو آتی ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ ہمارے اماراتی دوستوں نے ہندوستانیوں کو اپنے دل میں جگہ دی ہے ، اپنے سکھ دکھ کا شریک بنایا ہے۔ وقت کے ساتھ یہ رشتہ روز بروز مزید مضبوط ہوتا جا رہا ہے۔ اور اس میں بھی برادر شیخ محمد بن زاید کا بڑا رول ہے۔ آپ کے تئیں وہ کتنے حساس ہیں ، وہ مجھے کووڈ کے دوران بھی نظرآیا۔ تب میں نے ان سے کہا تھا کہ ہم ہندوستانیوں کو واپس لانے کا انتظام کر رہے ہیں۔ لیکن انہوں نے مجھ سے کہا کہ میں بالکل فکر نہ کروں۔ انھوں نے یہاں ہندوستانیوں کے علاج کے لیے ویکسینیشن کے لیے ہر طرح کے انتظامات کیے۔ ان کے یہاں رہتے ، مجھے واقعی کوئی فکر کرنی بھی نہیں پڑی،میں آپ سب کے تئیں ان کی یہ بے پناہ محبت ہرپل محسوس کرتا ہوں اور اتنا ہی نہیں، جب سال 2015 میں ان کے سامنے آپ سب کی طرف سے یہاں ابوظہبی میں ایک مندر کی تجویز رکھی، تو وہ فوراً ایک پل بھی ضائع کیے بغیر انہوں نے ہاں کہہ دیااور انہوں نے یہاں تک کہہ دیاکہ جس زمین پر تم لکیر کھینچ لوگے وہ میں دے دوں گا اور اب ابوظہبی میں یہ عالی شان مندر کے افتتاح کا تاریخی وقت آگیا ہے۔

 

ساتھیو،

ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی جتنی زمین پر مضبوط ہےاتنا ہی  اس کا پرچم خلاء  میں بھی لہرا رہا ہے۔ میں انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن میں 6 ماہ گزارنے والے امارات کے پہلے خلاء باز سلطان النیازی کو ہندوستان کی طرف سے مبارک باد دیتاہوں۔ انہوں نے بین الاقوامی یوگا  ڈے اور یوم آزادی پر ہندوستان کو خلاء سے نیک خواہشات بھیجی، اس کے لیےبھی میں ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ساتھیو،

آج، 21ویں صدی کی  اس تیسری دہائی میں ، ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کا رشتہ ایک غیر معمولی بلندی پر پہنچ رہا ہے۔ ہم ایک دوسرے کی ترقی میں شراکت دار ہیں۔ ہمارا رشتہ ٹیلنٹ کا ہے، اختراع اور ثقافت کا ہے۔ ماضی میں ہم نے ہر شعبہ میں اپنے رشتوں کو نئی توانائی دی ہے۔ ہم دونوں ملک ایک ساتھ مل کر آگے بڑھے ہیں، ساتھ مل کر ترقی کی ہے۔ آج متحدہ عرب امارات ہندوستان کا تیسرا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔ آج متحدہ عرب امارات ساتواں بڑا سرمایہ کار ہے۔ ہم دونوں ملک ‘ایز آف لیونگ’ اور ‘ایز آف ڈوئنگ بزنس’دونوں میں بہت زیادہ تعاون کررہے ہیں۔ آج بھی ہمارے درمیان جو معاہدے ہوئے ہیں، وہ اسی عزم کو آگے برھا رہے ہیں۔ ہم اپنے مالیاتی نظام کو مربوط کر رہے ہیں۔ ٹیکنالوجی اور اختراع کےشعبے میں بھی  ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کی شراکت داری مسلسل مضبوط ہورہی ہے۔

ساتھیو،

ہندوستان-یو اے ای نے کمیونٹی اور ثقافتی تعلقات کے معاملے میں جو کچھ حاصل کیا ہے وہ دنیا کے لیے ایک نمونہ ہے۔ میں اپنے اماراتی ساتھیوں کو بھی بتانا چاہتا ہوں کہ دونوں ممالک زبانوں کی سطح پر کتنے قریب ہیں۔ میں عربی میں کچھ جملے بولنے کی کوشش کر رہا ہوں – ‘‘الہند والامارات ،بکلمۃ الزمان، والکتاب الدنیا۔ نکتب، حساب لمستقبل افضل ۔ وصدقہ بینہ الہند والامارات  ہیہ ، ثروتنا المشترکہ۔فی الحقیقہ ، نحن فی بیدیہ، سعیدہ للمستقبل جیدہ!!!

 

میں نے عربی میں بات کرنے کی کوشش کی ہے۔ اگر تلفظ میں کوئی غلطی ہوئی ہے تو میں اپنے یو اے ای کے ساتھیوں سے ضرور معافی مانگوں گا۔ اور جن لوگوں کو میری بات سمجھ نہیں آئی، میں اس کا مطلب بھی بیان کر رہا ہوں۔ میں نے عربی میں جو کہا اس کا مطلب یہ ہے کہ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات وقت کے قلم سے دنیا کی کتاب پر ایک بہتر تقدیر کا حساب لکھ رہے ہیں۔ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کی دوستی ہماری مشترکہ دولت ہے، حقیقت میں ہم اچھے مستقبل کی بہترین شروعات کر رہے ہیں۔ اب آپ سوچئے، قلم، کتاب، دنیا، حساب، زمین، ہندوستان میں کتنی آسانی سے بولے جانے والے الفاظ  ہیں۔ اور یہ الفاظ وہاں کیسے پہنچے ہیں؟ یہاں خلیج کے اس خطے سے ۔ ہم دونوں ملکوں کا ناطہ سیکڑوں ہزاروں برسوں کا ہے۔ اور ہندوستان کی خواہش ہے کہ یہ ایسے ہی روز بروز مضبوط ہوتا رہے۔

ساتھیو،

مجھے بتایا گیا ہے کہ یہاں اسٹیڈیم میں  سیکڑوں کی تعداد میں طلبہ بھی آئے ہیں۔آج یو اے ای میں موجود ہندوستانی اسکولوں میں ایسے سوالاکھ سے زیادہ طلبہ پڑھ رہے ہیں۔ یہ نوجوان ساتھی ، ہندوستان-یو اے ای کی خوشحالی کے رتھ بان بننے جارہے ہیں۔ برادر محترم شیخ محمد بن زاید کے تعاون سے  پچھلے مہینے ہی آئی آئی ٹی دہلی کے ابوظہبی کیمپس میں ماسٹرز کورس شروع ہوا ہے۔ دوبئی  نیا سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن-سی بی ایس ای کا دفتر بھی جلد ہی کھلنے والا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ یہ ادارے یہاں ہندوستانی کمیونٹی کو بہترین تعلیم فراہم کرنے میں مزید مدد کریں گے۔

ساتھیو،

آج ہر ہندوستانی کاہدف 2047 تک ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانا ہے۔ دنیا کا وہ ملک جس کی معیشت بہت تیزی سے آگے بڑھ رہی ہےوہ ملک کون سا ہے؟ ہمارا ہندوستان! دنیا کا وہ ملک کون سا ہےجو اسمارٹ فون ڈیٹا استعمال کرنے میں نمبر ون ہے؟ ہمارا ہندوستان! دنیا کا وہ ملک کون سا ہے، گلوبل فنٹیک اپنانے کی شرح میں پہلے نمبر پر ہے؟ ہمارا ہندوستان! دنیا کا وہ ملک کون سا ہے جہاں سب سے زیادہ دودھ پیدا ہوتا ہے؟ ہمارا ہندوستان! دنیا کا وہ ملک کون سا ہے جو انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے؟ ہمارا ہندوستان! دنیا کا وہ ملک کون سا ہے جو دوسرا سب سے بڑا موبائل مینوفیکچرر ہے؟  ہمارا ہندوستان! دنیا کاوہ ملک کون سا ہے، جہاں دنیاکا تیسراسب بڑا اسٹارٹ اپ ایکونظام ہے؟ ہمارا ہندوستان! دنیا کا وہ ملک کون سا ہے جو اپنی پہلی ہی کوشش میں مریخ تک پہنچ گیا؟ ہمارا ہندوستان! دنیا کا وہ ملک کون سا ہے جس نے چاند کے جنوبی قطب پر اپنا پرچم لہرایا ہے؟ ہمارا ہندوستان! دنیا کا وہ ملک کون سا ہے جو بیک وقت 100، 100 سیٹلائٹ بھیجنے کا ریکارڈ بنا رہا ہے؟ ہمارا ہندوستان! دنیا کا وہ ملک کون سا ہے جس نے اپنے دم پر 5جی ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر سب سے تیز رول آؤٹ کیا ہے؟ ہمارا ہندوستان!

 

ساتھیو،

ہندوستان کی کامیابی ہر ہندوستانی کی کامیابی ہے۔ صرف 10 سال میں ہندوستان دنیا کی گیارہویں نمبر کی معیشت سے پانچویں نمبر کی معیشت بن گیا ہے۔ اور آپ جانتے ہیں، مجھے ہر ہندوستانی کی صلاحیت پر بہت بھروسہ ہے۔ اسی بھروسے کے دم پر مودی نے ایک گارنٹی بھی دی ہے۔ مودی کی گارنٹی،آپ جانتے ہیں؟ مودی نے اپنے تیسرے ٹرم میں ہندوستان کو تیسرے نمبر کی معیشت بنانے کی گارنٹی دی ہے۔ اور مودی کی گارنٹی کا مطلب گارنٹی پوری ہونے کی گارنٹی ہے۔ ہماری حکومت لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ، ان کی پریشانیاں کم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔ ہم نے 4 کروڑ سے زیادہ خاندانوں کو پختہ مکان کر دیا ہے۔ ہم نے 10 کروڑ سے زیادہ خاندانوں کو نل سے پانی کا کنکشن دیاہے۔ ہم نے 50 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو بینکنگ سسٹم سے جوڑا ہے۔ ہم نے 50 کروڑ سے زیادہ لوگوں کو 5 لاکھ روپے تک کے مفت علاج کی سہولت دی  ہے۔گاؤں دیہات کے لوگوں کو علاج میں کوئی پریشانی نہ ہو، اس کے لیے ہم نے 1.5 لاکھ سے زیادہ آیوشمان آروگیہ مندر بنوائے  ہیں۔

ساتھیو،

آپ میں سے جولوگ گزشتہ دنوں ہندوستان گئے، وہ جانتے ہیں کہ آج ہندوستان میں کتنی تیزی سے تبدیلی آرہی ہے۔آج ہندوستان ایک سے بڑھ کر ایک جدید ایکسپریس وے بنارہاہے۔آج ہندوستان ایک سے بڑھ کر ایک نئے ایئرپورٹ بنارہاہے۔ آج ہندوستان ایک سے بڑھ کر ایک ریلوے اسٹیشن بنوارہاہے۔  آج ہندوستان کی شناخت نئے آئیڈیاز،نئی ایجادات کی وجہ سے بن رہی ہے۔ آج ہندوستان کی شناخت میگا انفراسٹرکچر پروجیکٹس سے  بن رہی ہے ۔ آج ہندوستان کی پہچان ایک وائبرنٹ سیاحتی مقام کے طور پر بن رہی ہے۔ آج ہندوستان کی پہچان ایک بڑی اسپورٹس پاور کے طور پر بن رہی ہے۔ اور آپ کو یہ سن کر فخر ہوتا ہے، ضرور ہوتا ہوگا، ہوتاہے نا؟

ساتھیو،

آپ سب ہندوستان میں آئے ڈیجیٹل انقلاب  کو جانتے ہیں۔ ڈیجیٹل انڈیا کی تعریف پوری دنیا میں ہورہی ہے۔اس کا فائدہ متحدہ عرب امارات میں رہ رہے  آپ سبھی ساتھیوں کو بھی ہواس کے لیے ہم کوشش کررہے ہیں۔ ہم نے یواے ای کے ساتھ اپنے RuPay کارڈ اسٹیک کو شیئر کیا ہے۔ اس سے متحدہ عرب امارات کو اپنا ڈومیسٹک کارڈ سسٹم تیار کرنے میں مدد ملی ہے۔ اور جانتے ہیں، ہندوستان کے تعاون سے بنے کارڈ سسٹم کا یو اے ای نے کیانام رکھا ہے؟ یو اے ای نے کیا نام رکھا ہے۔جیون۔کتنا خوبصورت نام دیا ہے یو اے ای نے!!!

ساتھیو،

جلد ہی یو اے ای میں بھی یو پی آئی شروع ہونے والاہے۔ اس سے متحدہ عرب امارات اور ہندوستانی اکاؤنٹس کے درمیان بغیر کسی روک ٹوک کے ادائیگی ممکن ہوپائے گی۔ اس سے آپ ہندوستان میں اپنے خاندان کے افراد کو زیادہ آسانی سے رقم بھیج سکیں گے۔

 

ساتھیو،

ہندوستان کی بڑھتی ہوئی طاقت نے دنیا کو بھی استحکام اور خوشحالی کی امید دلائی ہے۔ دنیا کو محسوس ہوا ہے کہ ہندوستان ایک قابل اعتماد عالمی نظام قائم کرنے میں سرگرم رول ادا کر سکتا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ آج ہندوستان اور متحدہ عرب امارات مل کر دنیا کے اس اعتماد کو مضبوط کر رہے ہیں۔ آپ سب نے یہ بھی دیکھا کہ ہندوستان نے ایک بہت کامیاب G20 سربراہی اجلاس منعقد کیا ہے۔ اس میں ہم نے متحدہ عرب امارات کو بطور پارٹنر مدعو کیا۔ اس طرح کی کوششوں سے ہماری اسٹریٹجک شراکت داری بھی نئی بلندیوں کی طرف بڑھ رہی ہے۔ آج ہندوستان دنیا وشو بندھو کے طور پر دیکھ رہی ہے۔ آج دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر  ہندوستان کی آواز سنی جاتی ہے۔ کہیں بھی بحران آتا ہے، تو سب سے پہلے پہنچنے والے ملکوں میں ہندوستان کا بھی نام ہوتا ہے۔ آج کا مضبوط ہندوستان ہر قدم پر اپنے لوگوں کے ساتھ کھڑا ہے۔ گزشتہ 10برسوں میں، آپ نے دیکھا ہے کہ جہاں بھی بیرون ملک آباد ہندوستانیوں کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا، ہندوستانی حکومت نے فوری کارروائی کی ہے۔ ہم  یوکرین، سوڈان، یمن اور دیگر بحرانوں کے دوران پھنسے ہوئے ہزاروں ہندوستانیوں کو بحفاظت نکال کر ہندوستان لائے ۔ حکومت دنیا کے مختلف حصوں میں آباد یا کام کرنے والے ہندوستانیوں کی مدد کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔

ساتھیو،

ہندوستان اور متحدہ عرب امارات مل کر 21ویں صدی کی نئی تاریخ رقم کر رہے ہیں۔ اور اس تاریخ کی بہت بڑی بنیاد آپ سبھی میرے ساتھی ہیں۔آج یہاں جو محنت کررہے ہیں اس سے ہندوستان کو بھی توانائی مل رہی ہے۔ آپ ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کی ترقی اور دوستی کو یونہی مضبوط کرتے رہیں۔اس خواہش کے ساتھ، اس شاندار استقبال کے لیے ایک بار پھر آپ سب کا بہت بہت شکریہ! میرے ساتھ بولیں،بھارت ماتا کی جے!بھارت ماتا کی جے! بھارت ماتا کی جے!

میرے اور آپ کے درمیان بہت فاصلہ ہے اس لیے میں آپ کے درمیان آپ کا دیدار کرنے کے لیے آنے والا ہوں۔ لیکن میں آپ سے گزارش ہے کہ آپ جہاں ہیں وہیں بیٹھے رہیں گے تو مجھے آپ کے دیدار کی سعادت حاصل ہو گی۔ تو میری مدد کریں گے آپ ؟ پکا کریں گے؟

بھارت ماتا کی جے!

بھارت ماتا کی جے!

بھارت ماتا کی جے!

 

Explore More
وزیراعظم نریندر مودی کا 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کا متن

Popular Speeches

وزیراعظم نریندر مودی کا 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کا متن
PM Modi hails diaspora in Kuwait, says India has potential to become skill capital of world

Media Coverage

PM Modi hails diaspora in Kuwait, says India has potential to become skill capital of world
NM on the go

Nm on the go

Always be the first to hear from the PM. Get the App Now!
...
سوشل میڈیا کارنر،21دسمبر 2024
December 21, 2024

Inclusive Progress: Bridging Development, Infrastructure, and Opportunity under the leadership of PM Modi