نئی دہلی، 10 /ستمبر۔
محترمہ شیخ حسینہ، وزیراعظم بنگلہ دیش
بھارت اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ
محترمہ ممتا بنرجی جی، وزیراعلیٰ مغربی بنگال
بپلب کمار دیب جی، وزیراعلیٰ تری پورہ
کچھ دن پہلے کاٹھمنڈو میں بمسٹیک سربراہ اجلاس کے وقت شیخ حسینہ جی سے میری ملاقات ہوئی تھی۔ اس سے قبل بھی ہم مئی میں شانتی نکیتن میں، اور اپریل میں دولت مشترکہ سربراہ اجلاس کے موقع پر لندن میں ملے تھے۔
اور مجھے خوشی ہے کہ آج ویڈیو کانفرنس کے ذریعے سے آپ سے ایک بار پھر روبرو ہونے کا موقع ملا۔
میں نے پہلے بھی کئی بار کہا ہے کہ پڑوسی ملکوں کے رہنماؤں کے ساتھ پڑوسیوں جیسے ہی رشتے ہونے چاہئیں۔ جب من ہوا بات ہونی چاہئے، جب چاہیں دورے ہونے چاہئیں۔ ان سب موضوعات پر ہمیں پروٹوکول کے بندھن میں نہیں رہنا چاہئے۔
اور یہ قربت وزیراعظم شیخ حسینہ جی کے ساتھ میرے رابطے میں صاف صاف دکھائی دیتی ہے۔ متعدد ملاقاتوں کے علاوہ یہ ہماری چوتھی ویڈیو کانفرنس ہے اور مستقبل قریب میں ایک اور ویڈیو کانفرنس ہوگی۔
ان ویڈیو کانفرنسز کی سب سے بڑی بات ہے کہ ہم دونوں کے مشترکہ پروجیکٹوں کا افتتاح یا آغاز کسی وی آئی پی دورے کا محتاج نہیں ہے۔ محترمہ جب بھی ہم کنیکٹیوٹی کی بات کرتے ہیں تو مجھے ہمیشہ آپ کے 1965 کے پہلے کی کنیکٹیوٹی بحال کرنے کے ویژن کا خیال آتا ہے۔
اور میرے لئے بہت خوشی کی بات ہے کہ ہم گزشتہ چند برسوں سے مسلسل اس سمت میں قدم اٹھارہے ہیں۔
آج ہم نے اپنی پاور کنیکٹیوٹی بڑھائی ہے اور ریلوے کنیکٹیوٹی کو اور زیادہ مضبوط کرنے کے لئے دو پروجیکٹ شروع کئے ہیں۔
2015میں جب میں بنگلہ دیش آیا تھا تب ہم نے بنگلہ دیش کو 500 میگاواٹ کی اضافی بجلی سپلائی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور اس کے لئے مغربی بنگال سے بنگلہ دیش کا ٹرانسمیشن لنک کام میں لیا جارہا ہے۔ اس کام کو پورا کرنے میں تعاون کے لئے میں وزیراعلیٰ محترمہ ممتا بنرجی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
اس پروجیکٹ کے پورا ہونے سے اب 1.16 گیگاواٹ بجلی بھارت سے بنگلہ دیش کو سپلائی کی جارہی ہے۔ میں سمجھتا ہوں کہ میگاواٹ سے گیگاواٹ کا یہ کوانٹم جمپ ہمارے رشتوں کے شونالی (سنہرے) باب کی علامت ہے۔
ریلوے کے شعبے میں بھی ہماری کنیکٹیوٹی مسلسل بڑھ رہی ہے۔ اس میں بنگلہ دیش کی داخلی کنیکٹیوٹی اور بھارت کے ساتھ کنیکٹیوٹی، ہمارے تعاون کے اہم پہلو ہیں۔
اکھوڑہ –اگرتلا کی ریل کنیکٹیوٹی کا کام پورا ہونے پر ہماری سرحد پار کنیکٹیوٹی میں ایک اور کڑی جڑ جائے گی۔ اس پروجیکٹ میں تعاون کے لئے میں وزیراعلیٰ جناب بپلب کمار دیب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
وزیراعظم شیخ حسینہ جی نے بنگلہ دیش کی ترقی کے لئے بڑے اہداف مقرر کئے ہیں۔ 2021 تک مڈل انکم کنٹری اور 2041 تک ڈیولپڈ کنٹری بننے کے ان کے ویژن کو عملی شکل دینے میں تعاون کرنا ہمارے لئے فخر کا باعث ہے۔
مجھے پورا یقین ہے کہ جیسے جیسے ہم اپنے رشتے بڑھائیں گے اور لوگوں کے درمیان رشتے مضبوط کریں گے ویسے ویسے ہم ترقی اور خوش حالی کے نئے آسمان بھی چھوئیں گے۔
اس کام میں تعاون کے لئے اور آج کے اس پروگرام میں موجودگی کے لئے میں وزیراعظم شیخ حسینہ جی کا اور مغربی بنگال و تری پورہ کے وزرائے اعلیٰ کا دل کی گہرائیوں سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔
شکریہ۔