"جو بیج میں نے 12 سال پہلے بویا تھا وہ آج برگد کا ایک بڑا درخت بن چکا ہے"
’’بھارت نہ رکنے والا ہے اور نہ تھکنے والا ہے‘‘
’’نئے ہندوستان کی ہر مہم کی ذمہ داری خود ہندوستان کے نوجوانوں نے لی ہے‘‘
"کامیابی کا ایک ہی منتر ہے - 'طویل مدتی منصوبہ بندی، اور مسلسل عزم'
"ہم نے ملک کی صلاحیتوں کو پہچاننا شروع کیا اور انہیں ہر طرح کی مدد فراہم کی"

 

نمسکار!

بھارت ماتا کی جے!

گجرات کے گورنر آچاریہ دیورت جی، یہاں کے ہردلعزیز  وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل جی، پارلیمنٹ میں میرے ساتھی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے ریاستی صدر سی آر پاٹل جی، حکومت گجرات  میں کھیل کود کے وزیر جناب ہرش وردھن سانگھوی جی، پارلیمنٹ میں میرے رفیق جناب ہنس مکھ بھائی پٹیل، جناب نرہری امین اور احمدآباد کے میئر بھائی جناب کریٹ کمار پرمار جی، دیگر معززین اور گجرات کے کونے کونے سے تشریف لائے میرے نوجوان دوستوں!

میرے سامنے نوجوانوں کے جوش و جذبہ کا سمندر ہے، یہ امنگ، یہ جوش و خروش کی موجیں، واضح طور پر بتا رہی ہیں کہ گجرات کا نوجوان آسمان چھونے کے لیے تیار ہے۔ یہ نہ صرف کھیلوں کا بڑا میلہ ہے بلکہ یہ گجرات کی نوجوان قوت کا بھی بڑا میلہ ہے۔ میں آپ تمام نوجوانوں کو 11ویں کھیل مہاکمبھ کے لیے بہت ساری نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ میں حکومت گجرات کو، خصوصاً مقبول عام وزیر اعلیٰ جناب بھوپیندر بھائی پٹیل کو بھی اس عظیم تقریب کے انعقاد کے لیے بہت بہت مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ کورونا کی وجہ سے دو برسوں تک کھیل مہاکمبھ پر روک لگی ہوئی تھی۔ تاہم بھوپیندر بھائی نے جس شاندار طریقہ سے اس تقریب کا انعقاد کیا ، اس نے نوجوان کھلاڑیوں کو نئے جوش سے بھر دیا ہے۔

دوستو،

مجھے یاد ہے، 12 برس قبل 2010 میں گجرات کے وزیر اعلیٰ کے طور پر، اُس مدت کار کے دوران کھیل مہاکمبھ کا آغاز ہوا تھا اور آج میں کہہ سکتا ہوں کہ جس خواب کا بیج میں نے بویا تھا، آج وہ برگد کا درخت بنتا نظر آرہا ہے۔ اس بیج کو میں آج اتنے بڑے برگد کے درخت کی شکل اختیار کرتے دیکھ رہا ہوں۔ 2010 میں پہلے کھیل مہاکمبھ میں ہی گجرات نے 16 کھیلوں میں 13 لاکھ کھلاڑیوں کے ساتھ اس کا آغاز کیا تھا۔ مجھے بھوپیندر بھائی نے بتایا کہ 2019 میں ہوئے کھیل مہاکمبھ میں یہ شراکت داری 13لاکھ سے 40 لاکھ نوجوانوں تک پہنچ گئی تھی۔ 36 کھیلوں، اور 26 پیرا کھیلوں میں 40 لاکھ کھلاڑی! کبڈی، کھو کھو اور ٹگ آف وار سے لے کر یوگ آسن اور مل کھمب تک! اسکیٹنگ اور ٹینس سے لے کر فیسنگ تک، ہر کھیل میں ہمارے نوجوان آج کمال کر رہے ہیں اور اب یہ اعدادو شمار 40 لاکھ سے تجاوز کرکے 55 لاکھ تک پہنچ رہے ہیں۔’شکتی دوت‘ جیسے پروگراموں کے ذریعہ کھیل مہاکمبھ کے کھلاڑیوں کو تعاون دینے کی ذمہ داری بھی حکومت اٹھا رہی ہے۔ اور یہ جو لگاتار کوششیں کی گئیں ، کھلاڑیوں نے جو محنت کی اور جب کھلاڑی ترقی کرتا ہے اس کے پس پشت ایک لمبی تپسیا ہوتی ہے۔ جو عزم گجرات کے عوام نے مل کر کیا تھا، وہ آج دنیا میں اپنا پرچم لہرا رہا ہے۔

میرے نوجوان ساتھیو،

گجرات کی اس نوجوان قوت پر آپ کو فخر ہے؟ گجرات کے کھلاڑی شجاعت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، آپ کو فخر کا احساس ہو رہا ہے؟ کھیل مہاکمبھ سے نکلنے والے نوجوان اولمپکس، دولت مشترکہ اور ایشیائی کھیلوں سمیت کھیلوں کے متعدد عالمی مقابلوں میں آج ملک اور گجرات کے نوجوان اپنے جلوے بکھیر رہے ہیں۔ ایسے ہی باصلاحیت کھلاڑی اس مہاکمبھ سے آپ کے درمیان سے ہی نکلنے والے ہیں۔ کھلاڑی نوجوان تیار کرتے ہیں۔ کھیل کے میدان سے ابھرتے ہیں اور پورے ہندوستان کا پرچم دنیا میں لہراتے ہیں۔

ساتھیو،

ایک وقت تھا جب کھیل کود کی دنیا میں بھارت کی شناخت محض دو کھیلوں پر منحصر تھی۔ اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ جو کھیل ملک کے افتخار اور اس کی شناخت سے مربوط تھے، انہیں بھی فراموش کر دیا گیا۔ اس کے لیے کھیلوں سے جڑے وسائل میں اضافہ کرنے، کھیل کود کے بنیادی ڈھانچہ کی تجدید کاری پر توجہ مرکوز کی جانی چاہئے تھی، جتنی اہمیت دینی چاہئے تھی، وہ ایک طرح سے رُک گئی تھی۔ اتنا ہی نہیں، جس طرح سیاست میں کنبہ پرستی گھر کر گئی ہے، اسی طرح کھیل کود کی دنیا میں بھی کھلاڑیوں کے انتخاب میں شفافیت کا فقدان ایک بہت بڑا عنصر تھا۔ کھلاڑیوں کی تمام صلاحیت پریشانیوں سے نبردآزمائی میں ہی صرف ہو جاتی تھی۔ مصیبت کے اس بھنور سے نکل کر بھارت کے نوجوان آج آسمان چھو رہے ہیں۔ طلائی اور نقرئی تمغات کی چمک دمک ملک کی خوداعتمادی کو روشن بھی کر رہی ہے اور معجزہ کا احساس بھی کرا رہی ہے۔ دنیا  کا سب سے نوجوان ملک کھیل کے میدان میں بھی ایک طاقت بن کر ابھر رہا ہے۔ ٹوکیو اولمپکس اور پیرا لمپکس میں ہمارے کھلاڑیوں نے اس تبدیلی کو ثابت کیا ہے۔ ٹوکیو اولمپکس میں بھارت نے پہلی مرتبہ 7 تمغات جیتے ہیں۔ یہی ریکارڈ بھارت کے بیٹے بیٹیوں نے ٹوکیو پیرالمپکس میں بھی بنایا۔ بھارت نے اس عالمی مقابلہ میں 19 تمغات جیتے۔ لیکن ساتھیوں یہ تو شروعات ہے۔ ہندوستان نہ رکنے والا ہے، اور نہ تھکنے والا ہے۔مجھے میرے ملک کی نوجوان طاقت پر مکمل بھروسہ ہے، مجھے میرے ملک کے نوجوان کھلاڑیوں کی تپسیا پر بھروسہ ہے، مجھے میرے ملک کے نوجوان کھلاڑیوں کے خواب، عزم اور ایثار پر بھروسہ ہے۔ اور اس لیے آج میں لاکھوں نوجوانوں کے سامنے ہمت کے ساتھ کہہ سکتا ہوں کہ بھارت کی نوجوان طاقت اسے بہت آگے لے کر جائے گی۔ وہ دن دور نہیں جب متعدد کھیلوں میں، متعدد طلائی تمغات ایک ساتھ جیتنے والے ممالک میں ہندوستان کا ترنگا بھی لہرائے گا۔

ساتھیو،

اس بار یوکرین سے جو نوجوان واپس آئے ہیں، جنگ کے میدان سے آئے ہیں۔ بمباری کے بیچ سے آئے ہیں۔ یہاں آکر انہوں نے کیا کہا؟ انہوں نے کہا کہ ترنگے کی شان و شوکت کیا ہوتی ہے، اس کا احساس ہم نے یوکرین میں کیا ہے۔ لیکن ساتھیوں، میں ایک اور بات کی جانب آپ کی توجہ مبذول کرانا چاہتا ہوں۔ جب ہمارے کھلاڑی میڈل حاصل کرکے پوڈیم پر کھڑے رہتے تھے اور جب ترنگا جھنڈا دکھائی دیتا تھا، بھارت کا قومی ترانہ  گایا جاتا تھا، آپ نے ٹی وی پر دیکھا ہوگا، ہمارے کھلاڑیوں کی آنکھوں سے خوشی کے، فخر کے آنسو بہہ  رہے تھے۔ یہ ہوتی ہے دیش بھکتی۔

ساتھیو،

بھارت جیسے نوجوان ملک کی رہنمائی کرنے میں آپ تمام نوجوانوں کا بہت بڑا کردار ہے۔ آنے والے کل کی داستان نوجوان ہی لکھ سکتا ہے، اور وہی لکھ سکتا ہے جو اس کے لیے عزم کرتا ہے، اور عزم و ایثار کے ساتھ مصروف عمل ہو جاتا ہے۔ آج اس کھیل مہاکمبھ میں گجرات کے الگ الگ علاقوں سے، گاؤں سے، شہر سے، قصبات سے، آپ لاکھوں نوجوان یہاں ایک ساتھ جڑے ہیں۔ آپ اپنے خوابوں کی تکمیل کے لیے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ میں آپ کے خوابوں میں آپ کے علاقہ کا مستقبل دیکھتا ہوں۔ اور اس لیے آج اسٹارٹ اپ انڈیا سے لے کر اسٹینڈ اپ انڈیا تک! میک ان انڈیا سے لے کر آتم نربھر بھارت اور ’ووکل فار لوکل‘ تک! نئے بھارت کی ہر مہم کی ذمہ داری بھارت کے نوجوانوں نے خود آگے بڑھ کر اٹھائی ہے۔ ہمارے نوجوانوں نے بھارت کی اہلیت کو ثابت کر کے دکھایا ہے۔

میرے نوجوان ساتھیو،

آج سافٹ ویئر  سے لے کر اسپیس پاور تک، دفاع سے لے کر مصنوعی ذہانت تک، ہر میدان میں بھارت کا غلبہ ہے۔ دنیا بھارت کو ایک بڑی طاقت کے طورپر دیکھ رہی ہے۔ بھارت کی اس طاقت کو ’کھیل کود کا جذبہ‘ کئی گنا بڑھا سکتا ہے۔ یہی آپ کی کامیابی کا اصول ہے۔ اور اس لیے میں ہمیشہ کہتا ہوں جو کھیلے! وہی کھلے! میرا آپ تمام نوجوانوں کو مشورہ ہے، کامیابی کے لیے کبھی کوئی شارٹ کٹ راستہ نہ تلاش کریں! آپ نے ریلوے پلیٹ فارم پر دیکھا ہوگا، کچھ لوگ پل پر سے جانے کے بجائے پٹری پار کرکے جاتے ہیں، تو وہاں ریلوے والوں نے لکھا ہوتا ہے، Shortcut will cut you short ۔ شارٹ کٹ کا راستہ بہت مختصر ہوتا ہے۔

ساتھیو،

کامیابی کا صرف ایک ہی منتر ہے، طویل المدت منصوبہ بندی، اور ’مسلسل عہدبستگی‘۔ نہ ایک فتح ہماری آخری منزل ہو سکتی ہے، نہ ہی ایک شکست! ہم سب کے لیے ہمارے ویدوں نے کہا ہے، ’چرے ویتی۔ چرے ویتی‘۔ آج ملک بھی متعدد چنوتیوں کے درمیان، بغیر رُکے بغیر تھکے اور بغیر جھکے آگے بڑھ رہا ہے۔ ہم سب کو مل کر لگاتار محنت کرتے ہوئے مسلسل آگے بڑھنا ہے۔

ساتھیو،

کھیل کود میں ہمیں جیت کے لیے 360 ڈگری مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہوتی ہے، اور پوری ٹیم کو مظاہرہ کرنا ہوتا ہے۔ یہاں اچھے اچھے کھلاڑی موجود ہیں۔ آپ بتایئے، کیا کرکٹ میں کوئی ٹیم بلے بازی اچھی کرے، لیکن گیندبازی بالکل خراب کرے، تو وہ جیت پائے گی کیا؟ یا ٹیم کا ایک کھلاڑی بہت اچھا کھیلے، لیکن بقیہ تمام کھلاڑی اچھا مظاہرہ نہ کریں، تو بھی فتح حاصل کرنا ممکن ہوگا کیا؟ جیتنے کے لیے پوری ٹیم کو بلے بازی، گیندبازی اور فیلڈنگ سمیت کھیل کے تمام شعبوں میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

بھائیو بہنو،

بھارت میں کھیلوں کو کامیابی کی بلندی تک پہنچانے کے لیے بھی ملک کو آج ایسے ہی 360 ڈگری ٹیم ورک کی ضرورت ہے۔ اسی لیے، ملک ایک جامع نقطہ نظر کے ساتھ کام کر رہا ہے۔ ’کھیلو انڈیا پروگرام‘ اسی کوشش کی ایک بڑی مثال ہے۔ پہلے ہمارے نوجوانوں کی صلاحیت دبی رہ جاتی تھی، انہیں موقع نہیں ملتا تھا۔ ہم نے ملک کی صلاحیتوں کی شناخت کرنا ، انہیں ہر ضروری تعاون دینا شروع کیا۔ صلاحیت ہونے کے باوجود ہمارے نوجوان تربیت کے فقدان کی وجہ سے پیچھے رہ جاتے تھے۔ آج بہتر سے بہتر تربیتی سہولتیں کھلاڑیوں کو دی جا رہی ہیں۔ ملک اس امر کو یقینی بنا رہا ہے کہ کھلاڑیوں کو وسائل کی کمی نہ ہو۔ گذشتہ 7 سے 8 برسوں کے دوران کھیل کود کے بجٹ میں تقریباً 70 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ایک بڑی فکر کھلاڑیوں کے مستقبل کو لے کر بھی رہتی تھی۔ آپ تصور کیجئے، اگر کھلاڑی اپنے مستقبل کے لیے مطمئن نہیں ہوگا تو کیا وہ کھیل کے لیے اپنی صد فیصد قوت لگا سکے گا؟ اس لیے ، ہم نے کھلاڑیوں کو ملنے والی حوصلہ افزائی اور ایوارڈس میں بھی 60 فیصد سے زائد اضافہ کیا ہے۔ مختلف اسکیموں کے ذریعہ اب ان تمام کوچوں کو بھی انعام سے نوازا جا رہا ہے جنہوں نے تمغات جیتنے والے کھلاڑیوں کو تربیت دی تھی۔ اس کا نتیجہ یہ ہے کہ آج دیہی علاقوں سے، پسماندہ طبقات سے، قبائلی معاشرے سے بھی وہ صلاحیتیں ملک کے لیے سامنے آر ہی ہیں، جس کے لیے ملک کو فخر کا احساس ہو رہا ہے۔

ساتھیو،

ہمار ے ملک میں کھلاڑیوں کو ایک اور عجیب سی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا رہا ہے۔ پہلے آپ اگر کسی کو بتاتے تھے کہ میں ایک کھلاڑی ہوں، تو لوگ پوچھتے تھے کہ بھائی ٹھیک ہے، کھلاڑی ہو، ہر بچہ کھیلتا ہے۔ لیکن اصل میں کرتے کیا ہو؟ یعنی کھیل کو ہمارے یہاں عام طور پر قبولیت حاصل نہیں تھی۔

ساتھیو،

پریشان نہ ہوں۔ یہ پریشانی صرف آپ کے سامنے ہی نہیں آتی تھی۔ بلکہ ہمارے ملک کے بڑے بڑے کھلاڑیوں کو بھی اس سے گزرنا پڑا ہے۔

میرے نوجوان ساتھیو،

ہمارے کھلاریوں کی کامیابی نے اب سماج کی اس سوچ کو تبدیل کرنا شروع کر دیا ہے۔ اب لوگ یہ سمجھ رہے ہیں کہ کھیل کود میں کرئیر کا مطلب محض دنیا کا سرفہرست کھلاڑی بننا ہی ہوتا ہے، ایسا نہیں ہے۔ کھیل کود سے وابستہ تمام شعبوں میں نوجوان اپنا کرئیر بنا سکتے ہیں۔ کوئی کوچ بن سکتا ہے۔ کوئی اسپورٹس سافٹ ویئر میں کمال کر سکتا ہے۔ اسپورٹس مینجمنٹ بھی کھیل کود سے وابستہ ایک بڑا شعبہ ہے۔ متعدد نوجوان اسپورٹس رائٹنگ میں شاندار کرئیر بنا رہے ہیں۔ اسی طرح، کھیلوں کے ساتھ ساتھ ٹرینر ، فزیوتھیرپسٹ اور ڈائیٹیشین جیسے تمام مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ ان تمام میدانوں کو نوجوان اپنے لیے کرئیر کے طور پر دیکھیں، آگے بڑھیں، اس کے لیے ملک پیشہ وارانہ ادارے قائم کر رہا ہے۔ مثال کے طو رپر 2018 میں ہم نے منی پور میں ملک کی پہلی نیشنل اسپورٹس یونیورسٹی قائم کی۔ اسپورٹس میں اعلیٰ تعلیم کے لیے اترپردیش میں بھی میجر دھیان چند اسپورٹس یونیورسٹی شروع ہونے جا رہی ہے۔

ساتھیو،

آپ جب کھیلیں گے، فٹ رہیں گے، صحت مند رہیں گے، تبھی ملک کی قوت سے جڑیں گے۔ تبھی ملک کی قوت میں آپ بھی اضافہ کرنے والے ایک مہارتھی بن جائیں گے۔ اور تبھی آپ تعمیر قوم میں اپنا تعاون دیں گے۔ مجھے پورا یقین ہے، اس کھیل مہاکمبھ کے آپ سب اسٹار کھلاڑی اپنے اپنے علاقوں میں سرخرو ہوں گے، نئے بھارت کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر  کریں گے۔ میں نوجوانوں کے کنبہ اراکین سے بھی گذارش کرنا چاہتا ہوں۔ وقت بہت بدل چکا ہے۔ اگر آپ کی اولاد میں ، بیٹا ہو یا بیٹی، اگر کھیل کود میں اس کی دلچسپی ہے، آپ اسے تلاش کیجئے اور اس کی حوصلہ افزائی کیجئے۔ اس کو آگے بڑھنے کے لیے ترغیب فراہم  کیجئے۔ آپ کتابوں کے لیے اس کو واپس مت کھینچئے۔ اسی طرح میں روزِ اول سے، جب کھیل مہاکمبھ شروع ہوا، تب سے کہہ رہا ہوں کہ گاؤں میں جب کھیل مہاکمبھ کا پروگرام چلتا ہو، اس وقت پورا گاؤں وہاں موجود رہنا چاہئے۔ تالیاں بجانے سے بھی کھلاڑی کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے۔ گجرات کے ہر شہری کو، کسی نہ کسی کھیل مہاکمبھ کے پروگرام میں فزیکل  طور پر جانا چاہئے۔ آپ دیکھئے، گجرات بھی کھیل کی دنیا میں اپنا پرچم لہرائے گا۔ ہندوستان کے کھلاڑیوں میں گجرات کے کھلاڑی بھی جڑ جائیں گے۔ اسی ایک امید کے ساتھ میں ایک مرتبہ پھر بھوپیندر بھائی اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ تمام نوجوانوں کو نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔ میرے ساتھ بولیے، بھارت ماتا کی جے!

بھارت ماتا کی جے!

بھارت ماتا کی جے!

بہت بہت شکریہ!

Explore More
وزیراعظم نریندر مودی کا 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کا متن

Popular Speeches

وزیراعظم نریندر مودی کا 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کا متن
How Modi Government Defined A Decade Of Good Governance In India

Media Coverage

How Modi Government Defined A Decade Of Good Governance In India
NM on the go

Nm on the go

Always be the first to hear from the PM. Get the App Now!
...
PM Modi wishes everyone a Merry Christmas
December 25, 2024

The Prime Minister, Shri Narendra Modi, extended his warm wishes to the masses on the occasion of Christmas today. Prime Minister Shri Modi also shared glimpses from the Christmas programme attended by him at CBCI.

The Prime Minister posted on X:

"Wishing you all a Merry Christmas.

May the teachings of Lord Jesus Christ show everyone the path of peace and prosperity.

Here are highlights from the Christmas programme at CBCI…"