نئی دہلی،17 نومبر ، جناب مائیکل بلوم برگ، مفکرین، صنعتکار، بلوم برگ نیو اکنامک فورم میں شرکت کرنے والے معززین۔
میں مائیکل اور ان کی ٹیم کی طرف سے بلوم برگ پلن تھروپیز میں کیے جانے والے عظیم کام کی تعریف سے اپنی بات شروع کرتا ہوں۔ اس ٹیم نے بھارت کے اسمارٹ سٹیز مشن کے ڈیزائن میں جو مدد دی ہے وہ بہت اچھی ہے۔
دوستو،
ہم اپنی تاریخ کے ایک اہم پڑاؤ پر ہیں۔ دنیا کے آدھے سے زیادہ شہری پہلے ہی شہری علاقوں میں رہتے ہیں۔ اگلی دو دہائیوں میں بھارت اور بعض افریقی ملکوں کو شہرکاری کی سب سے بڑی لہر دیکھنے کو ملے گی۔ لیکن کووڈ-19 وبائی بیماری نے دنیا کے سامنے زبردست چیلنج پیش کردیئے ہیں۔ اس بیماری نے دکھا دیا ہے کہ شہر، جو ہماری ترقی کے وسیلے تھے، ہمارے کمزور علاقے بھی ہیں۔ دنیا کے بہت سے شہروں نے گریٹ ڈپریشن کے بعد سے اپنے کو خراب ترین اقتصادی کمزوری کے دہانے پر ہونے کا اعلان کردیا تھا۔ وہ چیزیں جو ایک شہر میں رہنے کی نمائندگی کرتی تھیں انھیں ایک سوالیہ نشان کا سامنا ہے۔ کمیونٹی اجتماعات، کھیل کود کی سرگرمیاں، تعلیم اور تفریح جیسی چیزیں پہلی جیسی نہیں رہی ہیں۔ پوری دنیا کے سامنے سب سے بڑا سوال یہ ہے کہ کہ دوبارہ شروعات کیسے کی جائے؟ دوبارہ شروعات کا سلسلہ ترتیب نو کے بغیر ممکن نہیں ہے۔ ذہن کی ترتیب نو، عمل کی ترتیب نو اور سرگرمیوں کی ترتیب نو۔
دوستو،
میں سمجھتا ہوں کہ دو عظیم جنگوں کے بعد تعمیر نو کی تاریخی کوششوں نے ہمیں بہت سے سبق دیئے ہیں۔ عالمی جنگوں کے بعد پوری دنیا نے ایک نئے عالمی نظام کے لیے کام کیا۔ نئے پروٹوکولز کو ترقی دی گئی اور دنیا نے خود کو تبدیل کرلیا۔ کووڈ-19 نے بھی ہمیں اسی طرح کا موقع دیا ہے کہ ہم ہر شعبے میں نئے پروٹوکولز کو ترقی دیں۔اگر ہم مستقبل کے لیے ایک لچکدار نظام اپنانا چاہتے ہیں تو دنیا کو اس موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ہمیں دنیا کی کووڈ کے بعد کی ضرورتوں پر غور کرنا چاہیے۔ ایک اچھی شروعات ہمارے شہری مراکز میں نئی جان ڈالنے سے ہوسکتی ہے۔
دوستو،
میں یہاں بھارتی شہروں کا ایک مثبت رخ آپ کے سامنے لانا چاہتا ہوں۔ اس مشکل دور میں بھارت کے شہروں نے ایک غیرمعمولی مثال پیش کی ہے۔ لاک ڈاؤن اقدامات کے خلاف پوری دنیا میں مزاحمت کے واقعات دیکھنے میں آئے لیکن بھارت کے شہروں نے بڑی باریک بینی سے ان احتیاطی اقدامات کی پابندی کی۔اس کی وجہ یہ ہے کہ ہماری لیے ہمارے شہروں کے سب سے بڑے بلڈنگ بلاک کنکریٹ نہیں تھے بلکہ کمیونٹی تھی۔ وبائی بیماری سے ثابت ہوگیا ہے کہ ہمارا سب سے بڑا وسیلہ سوسائٹیوں اور کاروبار کے طور پر ہمارے لوگ ہیں۔ کووڈ کے بعد کی دنیا کو اس اہم اور بنیادی وسیلے کی آبیاری کے ذریعے تعمیر کیا جانا ہے۔شہر ترقی کے سرگرم وسیلے ہیں۔ شہروں میں وہ تبدیلی لانے کی طاقت ہے جس کی بہت ضرورت ہے۔
لوگ اکثر شہروں کی طرف آجاتے ہیں کیونکہ شہروں میں انھیں کام ملتا ہے لیکن کیا یہ وہ وقت نہیں ہے جب ہمیں شہروں کو لوگوں کے لیے کام کے قابل بنانا ہے۔ کووڈ-19 نے ہمیں یہ موقع دیا ہے کہ ہم شہروں کو لوگوں کے رہنے کے لیے زیادہ بہتر بنانے کے عمل کی رفتار تیز کریں۔ اس میں رہنے کی بہتر سہولتیں، کام کا بہتر ماحول، مختصر اور باصلاحیت سفر شامل ہیں۔ لاک ڈاؤن کے دوران بہت سے شہروں میں جھیلیں اور دریا زیادہ صاف ہوگئے تھے اور ہوا بھی صاف ستھری ہوگئی تھی۔ ہم میں سے بہت سے لوگوں نے چڑیوں کو چہچہاتے ہوئے دیکھا جو کہ اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا تھا۔ کیا ہم شہروں کو دیرپا نہیں بناسکتے جہاں اس طرح کی چیزیں معمول کی چیزیں ہوں نہ کہ صرف مستثنات۔ بھارت میں ہماری کوشش رہی ہے کہ ہم شہری مراکز تعمیر کریں جہاں سہولتیں شہر جیسی ہوں لیکن جہاں جذبہ گاؤں جیسا کارفرما ہو۔
دوستو،
وبائی بیماری کے دوران ٹیکنالوجی کی مدد سے ہم نے اپنا کام جاری رکھا۔ویڈیو کانفرنسنگ جیسے ایک آسان آلے کے ذریعے میں بہت سی مزید میٹنگ کرسکتا ہوں۔ اس نے فاصلے کو دور کرنے میں مدد دی ہے اور آپ سے بات کرنے کا موقع دیا ہے لیکن اس سے بھی ایک دلچسپ سوال کووڈ کے بعد کی دنیا کے لیے پیدا ہوتا ہے۔ کیا ہم کووڈ کانفرنسنگ جیسی کووڈ کے وقت کی چیزوں سے سیکھنے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ یا ہم کانفرنس میں شرکت کے لیے براعظموں کو پار کریں گے۔ شہری نظام پر دباؤ کو کم کرنے کا انحصار ہماری پسند پر ہوگا۔
اس پسند سے ہمیں ایک بہتر کام اور زندگی کا توازن برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔ آج کی دنیا میں لوگوں کو کسی بھی جگہ سے کام کرنے، کہیں بھی رہنے، کسی بھی جگہ سے عالمی سپلائی چینز میں شامل ہونے کا اختیار دینا انتہائی ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم نے ٹیکنالوجی اور معلومات والے سروس سیکٹر کے لیے آسان رہنما خطوط کا اعلان کیا ہے۔ اس سے ’ورک فروم ہوم‘ اور ’ورک فروم اینی ویئر‘ میں آسانی پیدا ہوگی۔
دوستو،
ہمارے شہر سستے مکانوں کی فراہمی کے بغیر پھل پھول نہیں سکتے۔ اس کا احساس کرتے ہوئے ہم نے 2015 میں ہاؤسنگ فار آل پروگرام کی شروعات کی تھی۔ مجھے یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ ہم اس راستے پر اچھی پیشرفت کر رہے ہیں۔ ہم 2022 کے نشانے سے پہلے شہری علاقوں میں اپنا مکان حاصل کرنے کی خواہش رکھنے والے کنبوں کو ایک کروڑ یا دس ملین سے زیادہ مکان دے دیں گے۔ وبائی بیماری سے پیدا شدہ حالات پر غور کرنے کے بعد ہم نے ایک سستا رینٹل ہاؤسنگ پروگرام بھی شروع کیا ہے۔ ہم نے ریئل اسٹیٹ ریگولیشن ایکٹ قائم کیا ہے۔ اس نے ریئل ا سٹیٹ سیکٹر کے نظام کو بدل کر رکھ دیا ہے۔ اس ایکٹ کی وجہ سے ریئل اسٹیٹ سیکٹر صارفین دوست اور شفاف بن گیا ہے۔
دوستو،
لچکدار شہروں کے قیام میں دیرپا موبیلیٹی بہت اہمیت رکھتی ہے۔ میٹرو ریل پر 27 شہروں میں کام جاری ہے۔ ہم 2022 تک ملک میں 1000 کلو میٹر میٹرو ریل سسٹم فراہم کرنے کے راستے پر گامزن ہیں۔ ہمارے میک ان انڈیا نے ٹرانسپورٹیشن سسٹم کی تشکیل کی زبردست اندرون ملک صلاحیت پیدا کی ہے۔ اس سے ہمارے دیرپا ٹرانسپورٹ مقاصد بڑے پیمانے پر آگے بڑھانے میں مدد ملے گی۔
دوستو،
اسمارٹ، خوشحال، اور لچکدار شہر کے سفر میں ٹیکنالوجی بڑی مدد گار ہے۔ ٹیکنالوجی شہر کا مؤثر طور پر انتظام کرنے اور طبقوں کو مربوط کرنے میں مدد دیتی ہے۔ ہم ایسے مستقبل کے منتظر ہیں جہاں تعلیم ، صحت کی دیکھ بھال، خریداری وغیرہ بڑے پیمانے پر آن لائن ہوسکے۔ ہمارے شہروں کو فزیکل اور ڈیجیٹل دنیاؤوں کی یکجائی کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ ہمارے پروگرام –ڈیجیٹل ا نڈیا اور اسٹارٹ اپ انڈیا مشنز اس سمت میں صلاحیتوں کی تشکیل میں مدد دے رہے ہیں۔ ہم نے دو مرحلوں کے ذریعے 100 اسمارٹ سٹیز کا انتخاب کیا ہے۔ یہ ایک ملک گیر مقابلہ تھا جس میں امداد باہمی اور مسابقتی وفاق کے فلسفے کو زیر غور رکھا گیا۔
ان شہروں نے تقریباً دو لاکھ کروڑ روپئے یا 30 ارب ڈالر مالیت کے پروجیکٹس تیار کیے ہیں۔ اور تقریباً ایک لاکھ چالیس ہزار کروڑ روپئے یا بیس ارب ڈالر مالیت کے پروجیکٹ مکمل ہوچکے ہیں یا تکمیل کے قریب ہیں۔ ٹیکنالوجی سے پورا فائدہ اٹھانے کی خاطر بہت سے شہروں میں مربوط کمان اور کنٹرول سینٹر قائم کردیئے گئے ہیں۔ یہ سینٹر مختلف شہروں میں کووڈ کی صورتحال کے بندوبست کے لیے وار رومز کے طور پر بھی کام کررہے ہیں۔
آخر میں میں آپ سب کو ایک بات یاد دلانا چاہتا ہوں اگر آپ شہر کاری میں سرمایہ کاری کے منتظر ہیں تو بھارت آپ کے لیے شاندار مواقع فراہم کرتا ہے۔ اگر آپ موبیلیٹی میں سرمایہ لگانا چاہتے ہیں تو بھی بھارت کے پاس آپ کے لیے بہترین مواقع ہیں ۔ اگر آپ اختراع میں سرمایہ لگانے کے منتظر ہیں تو بھارت آپ کے لیے شاندار مواقع فراہم کرتا ہے۔اگر آپ دیرپا سولوشنز میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں تو بھارت بہت اچھے مواقع فراہم کرتا ہے۔ یہ تمام مواقع ایک متحرک جمہوریت کے ساتھ آپ کو ملیں گے۔ کاروبار دوست ماحول حاصل ہوگا۔ ایک بڑی منڈی فراہم ہوگی اور ایک ایسی حکومت آپ کو ملے گی جو بھارت کو سرمایہ کاری کی ترجیحی عالمی منزل بنانے میں کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دے گی۔
دوستو،
بھارت شہری تبدیلی کے راستے پر گامزن ہے۔ مجھے اس میں کوئی شبہ نہیں کہ تمام ساجھے داروں ، سول سوسائٹی، تعلیمی اداروں، صنعت اور سب سے اہم یہ کہ شہریوں اور طبقوں کی مدد سے ہم لچکدار اور خوشحال عالمی شہروں کا خواب پورا کرسکیں گے۔
شکریہ