وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج روس کے صدر جناب ولادیمیر پوتن کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
دونوں رہنماؤں نے افغانستان کی صورتحال اور خطے اور دنیا پر اس کے مضمرات پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے اس خیال کا اظہار کیا کہ دونوں اسٹریٹیجک پارٹنرز کو ساتھ مل کر کام کرنا ضروری ہے اور انہوں نے اپنے سینئر عہدیداروں کو رابطے میں رہنے کی ہدایت دی۔
دونوں رہنماؤں نے کووڈ وباء کی وجہ سے درپیش چیلنجوں کے باوجود دونوں ملکوں کے درمیان ’’خصوصی اور مراعات یافتہ اسٹریٹیجک شراکت داری‘‘میں پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے کووڈ وبا ء کے خلاف جنگ میں جاری دوطرفہ تعاون کو سراہا، بالخصوص ’اسپوتنک –وی‘ویکسین کی سپلائی اور پیداوار میں دوطرفہ تعاون کو سراہا۔
دونوں رہنماؤں نے آئندہ کثیر جہتی مصروفیات بشمول برکس سمٹ ، ایس سی او سربراہان مملکت کی کونسل کی میٹنگ اور مشرقی اقتصادی فورم میں بھارت کی شرکت پر بھی روشنی ڈالی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ وہ صدر پوتن کے اگلے دو طرفہ سربراہ کانفرنس کے لئے بھارت کے دورے کے منتظر ہیں۔دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اور عالمی مسائل ، بالخصوص افغانستان کی صورتحال پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔