وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ناروے کے وزیر اعظم عزت مآب جناب جوناس گہر سٹور کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
دونوں رہنماؤں نے ترقی پذیر ممالک میں قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کے لیے موسمیاتی مالیات کو متحرک کرنے کے اقدامات سمیت باہمی دلچسپی کے دو طرفہ اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعظم جناب مودی نے ترقی پذیر دنیا کے لیے مساوی، بروقت اور مناسب موسمیاتی مالیات کو یقینی بنانے کی اہمیت پر زور دیا، اور اس مقصد کے لیے عزت مآب اسٹور کے عزم کی ستائش کی۔
دونوں رہنماؤں نے بلیو اکانومی پر ٹاسک فورس کے تحت جاری دو طرفہ تعاون کے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے گرین ہائیڈروجن، جہاز رانی، سائنس اور ٹیکنالوجی اور تعلیم جیسے شعبوں میں ہند-ناروے کے بڑھتے ہوئے تعاون و اشتراک پر بھی اطمینان کا اظہار کیا۔