نئی دہلی،04؍نومبر،وزیراعظم کے پرنسپل سکریٹری ڈاکٹر پی کے مشرا نے فضائی آلودگی کا سامنا کرنے کےلئے دلی، پنجاب اور ہریانہ ریاستوں کےساتھ آج شام ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کا انعقاد کیا۔ یہ میٹنگ قومی راجدھانی خطے میں فضائی آلودگی میں زبردست اضافےکےپیش نظر منعقد کی گئی ہے۔ اس آلودگی کےنتیجے میں این سی آر میں ایمرجنسی جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے ۔
اس میٹنگ میں پرالی کے جلانے، تعمیراتی سرگرمیوں، کوڑے کچرے کے جلانے اور صنعتی اور گاڑیوں سے ہونے والی آلودگی سے پیداشدہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔یہ فیصلہ کیا گیا کہ کابینہ سکریٹری جناب راجیو گوبہ روزانہ ان ریاستوں کے ساتھ صورتحال کی نگرانی کریں گے۔ریاستی چیف سکریٹریز سے کہا گیاہے کہ وہ ساتوں دن 24 گھنٹے اضلاع میں صورتحال کی نگرانی کریں ۔
مرکز نے پڑوسی ریاستوں سے کہا ہے کہ وہ گزشتہ 3 روز کی خراب موسم کی صورتحال کی وجہ سے آگ جلانے اور دھول کی سطح میں کمی لائیں۔ ان ریاستوں کے چیف سکریٹریز نے صورتحال کو بہتر بنانےکےلئے کی گئی کارروائیوں کی تفصیل پیش کی۔
فضائی آلودگی کے چیلنج کا سامنا کرنے کےلئے قومی راجدھانی میں تقریباً 300 ٹیمیں میدان میں تعینات کی گئی ہیں۔ خصوصی توجہ این سی آر میں 7 صنعتی کلسٹرز اور بہت زیادہ ٹریفک والے کاریڈورز پر دی جا رہی ہے۔ پنجاب اورہریانہ میں بھی اسی طرح کے انتظامات کئے گئے ہیں اور ریاستوں میں ضروری مشینری فراہم کرائی گئی ہے۔ آج کی میٹنگ وزیراعظم کے پرنسپل سکریٹری کے ذریعہ 24؍اکتوبر 2019 کو منعقدہ میٹنگ کے سلسلے میں منعقد کی گئی ہے۔ ریاستوں کو یقین دہانی کرائی گئی ہےکہ جلد سے جلد ضروری اقدامات کئے جائیں گے۔ مرکز نے 4؍اکتوبر 2019 کو کابینہ سکریٹری کے ذریعہ منعقد کی گئی اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ کے بعد آلودگی کے مسئلے کا سامنا کرنےکےلئے ضروری تیاریوں کے لئے کئی میٹنگیں منعقد کی ہیں۔
آج کی میٹنگ میں وزیراعظم کے پرنسپل ایڈوائزر جناب پی کے سنہا، ماحولیات، جنگلات اور آب و ہوا کی تبدیلی کے سکریٹری ، کابینہ سکریٹری، زراعت کے سکریٹری، سنٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ کے چیئرمین ، ہندوستان کے محکمۂ موسمیات کے ڈائرکٹر جنرل اور پنجاب ، ہریانہ اوردلی کے چیف سکریٹریز کے ساتھ ساتھ دیگر سینئرافسران نے بھی شرکت کی۔