وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے جمہوریۂ فرانس کے صدر عزت مآب ایمانویل میکرون سے آج ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
دونوں قائدین نے افغانستان میں حال ہی میں رونما ہوئے واقعات سمیت علاقائی مسائل پر تبادلہ خیالات کیے۔ اس سلسلے میں، انہوں نے دہشت گردی میں اضافے کے امکانات، منشیات، ہتھیار اور انسانی اسمگلنگ جیسے مسائل پر اپنے خدشات کا اظہار کرنے کے ساتھ ساتھ انسانی حقوق، خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کو یقینی بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
دونوں قائدین نے انڈو۔پیسفک خطے میں افزوں باہمی تعاون اور خطے میں استحکام اور سلامتی کو فروغ دینے میں بھارت۔ فرانس شراکت داری کے ذریعہ ادا کیے جا رہے اہم کردار کابھی جائزہ لیا۔
قائدین نے بھارت۔ فرانس کلیدی شراکت داری ، جو کہ دونوں ہی ممالک کے لئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، کے جذبے کےتحت قریبی اور باقاعدہ مشاورت برقرار رکھنے پر اتفاق کا اظہار کیا۔