نئی دہلی، 7 فروری 2019/ وزیراعظم جناب نریندرمودی 8 فروری 2019 کو جلپائی گڑی کا دورہ کریں گے۔ وہ وہاں چار لین والے این ایچ -31 ڈی کے فلاکاٹا –سلسلاباڑی سیکشن کا سنگ بنیاد رکھیں گے ۔ قومی شاہراہوں کا 41.7 کلو میٹر طویل یہ سیکشن مغربی بنگال میں جلپائی گڑی ضلع میں آئے گا اور اس کی تعمیر پر تقریباً 1938 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
اس پروجیکٹ سے سلسلا باڑی اور علی پور دوار سے سلی گڑی تک کا فاصلہ تقریباً پچاس کلو میٹر کم ہوجائے گا۔ اس کی بڑی اہمیت ہے کیونکہ سلی گڑی تک بہتر رسائی کا مطلب ریلوے اور فضائی راستوں تک بہتر رسائی ہے۔ قومی شاہراہ سے چائے اور دیگر مصنوعات کے متعلقہ علاقے سے بازاروں تک جانے کے عمل میں بہتری پیدا ہوگی۔ اضافہ شدہ کنیکٹی ویٹی کا نتیجہ علاقہ میں بہتر سیاحت کی شکل میں بھی ظاہر ہوگا۔
ان تمام کارروائیوں سے ریاست میں سماجی اقتصادی سرگرمی کو بڑھاوا ملے گا اور مقامی لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
نیشنل ہائی وے میں سڑک استعمال کرنے والوں کو ریلیف فراہم کرنے کی غرض سے حفاظت کے تمام ضروری اجزا شامل ہوں گے۔ قومی شاہراہ کے اس سیکشن پر تین ریلوے اوور برج ، دو فلائی اوور ، موٹر گاڑیوں کے گزرنے کے زیر زمین تین راستے، 8 بڑے پل اور 17 چھوٹے پل ہوں گے۔
وزیراعظم جناب نریندر مودی جلپائی گڑی میں نئی ہائی کورٹ سرکٹ بنچ کا افتتاح بھی کریں گے۔ کلکتہ ہائی کورٹ کی جلپائی گڑی سرکٹ بنچ سے شمالی بنگال میں دراجلنگ ، کالم پونگ، جلپائی گڑی اور کوچ بہار کے لوگوں کو تیز رفتاری کے ساتھ انصاف فراہم ہوسکے گا۔ ان چار اضلاع کے لوگوں کو بنچ تک رسائی کے لئے سو کلو میٹر سے کم کا بھی فاصلہ طے کرنا پڑے گا جب کہ اس وقت کلکتہ ہائی کورٹ جانے کے لئے 600 کلو میٹر کا فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے۔