نئی دہلی، 5 /جنوری 2021 ۔ وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج برطانوی وزیر اعظم جناب بورس جانسن کے ساتھ ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
وزیر اعظم جانسن نے یوم جمہوریہ کی آنے والی تقریب میں مہمان خصوصی کے طور پر شریک ہونے کے لئے بھارت کی طرف سے انھیں دی گئی دعوت کے لئے اپنے شکریے کا اعادہ کیا، تاہم انھوں نے برطانیہ میں کووڈ-19 کے تبدیل شدہ موجودہ منظرنامے کے سبب اپنی شرکت سے معذوری پر اظہار افسوس کیا۔ انھوں نے مستقبل قریب میں بھارت کے دورے کے تئیں اپنی خواہش کا اعادہ کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ وہ برطانیہ میں غیر معمولی صورت حال کو سمجھتے ہیں اور انھوں نے وبا کے پھیلاؤ پر تیزی کے ساتھ قابو پائے جانے کے تئیں اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انھوں نے کہا کہ انھیں صورت حال کے معمول پر لوٹنے کے بعد جتنا جلد ممکن ہوسکے وزیر اعظم جانسن کے بھارت دورے کا انتظار رہے گا۔
دونوں لیڈروں نے دونوں ملکوں کے درمیان موجودہ باہمی تعاون کا جائزہ لیا، جس میں دنیا کو کووڈ-19 کے ٹیکے دستیاب کرانے کے سلسلے میں باہمی تعاون شامل ہے۔ انھوں نے بریکزٹ کے بعد، کووڈ کے بعد کے منظرنامے میں بھارت – برطانیہ شراکت داری کے امکانات کے تئیں اپنے مشترکہ یقین کا اعادہ کیا اور ان امکانات کو حقیقت کی شکل دینے کے لئے ایک جامع لائحۂ عمل کی سمت میں کام کرنے پر رضامندی کا اظہار کیا۔