یور رائل ہائی نیس ،
دونوں ممالک کے مندوبین
میڈیا کے ساتھیو،
آج ہند-سعودی عرب اسٹریٹجک پارٹنر شپ کونسل کی پہلی لیڈرس میٹنگ میں شرکت کرتے ہوئے مجھے بہت خوشی ہورہی ہے۔
دوہزار انیس کے میرے سعودی عرب کے دورہ کے دوران ہم نے اس کونسل کا اعلان کیا تھا۔
ان چار برسوں میں یہ ہماری اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کو مزید مضبوط کرنے کے موثر ذریعہ کے طور پر ابھرا ہے۔
مجھے خوشی ہے کہ اس کونسل کے تحت دونوں کمیٹیوں کی کئی میٹنگیں ہوئی ہیں جن سے ہر شعبے میں ہمارا باہمی تعاون مسلسل بڑھا ہے۔
بدلتے وقت کی ضروریات کے مطابق ہم تمام تعلقات میں نئے اور جدید گوشے جوڑ رہے ہیں۔
ہندستان کے لئے سعودی عرب ہمارے سب سے اہم اسٹریٹجک پارٹنر میں سے ایک ہے۔
دنیا کی دو بڑی اور تیزی سے بڑھنے والی معیشت کے طور پر ہمارا باہمی تعاون پورے خطے کے امن اور استحکام کے لئے ضروری ہے۔
ہز رائل ہائی نیس کے ساتھ میٹنگ میں ہم نے ہماری قریبی شراکت داری کو اگلی سطح پر لے جانے کے لئے کئی قدموں کی پہچان کی۔
آج کی ہماری میٹنگ سے ہمارے تعلقات کو ایک نئی توانائی ،ایک نئی سمت حاصل ہوگی اور ہمیں مل کر انسانیت کی بہبود کے لئے کام کرتے رہنے کا جذبہ ملے گا۔
کل ہم نے مل کر ہند-مغربی ایشیااور یوروپ کے درمیان اقتصادی کوریڈور قائم کرنے کے لئے تاریخی شروعات کی ہے۔
یہ کوریڈور صرف دونوں ممالک کو ہی آپس میں نہیں جوڑے گا بلکہ ایشیا ،مغربی ایشیا اور یورپ کے درمیان اقتصادی تعاون ، توانائی کے فروغ اور ڈیجیٹل کنیکٹی ویٹی کو مضبوطی حاصل ہوگی۔
یو ررائل ہائی نیس، آ پ کی قیادت میں اور آپ کے وژن 2030 کے ذریعہ سعودی عرب جس تیزی سے اقتصادی اور سماجی ترقی کررہا ہے اس کے لئے میں تہہ دل سے آپ کو بہت بہت مبارک باد دیتا ہوں۔
سعودی عرب میں رہنے والے ہندستانیوں کےمفادات کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے آپ کے عز م کے لئے ہم آپ کے بہت بہت شکر گزار ہیں۔
ہندستان اور سعودی عرب کی دوستی علاقائی اور عالمی استحکام ،خوشحالی اور انسانی فلاح و بہبود کے لئے اہم ہے۔
میں ایک بار پھر ہز رائل ہائی نیس اور آپ سبھی کا جی-20 سربراہ کانفرنس کی کامیابی میں تعاون کے لئے بہت بہت شکریہ ادا کرتا ہوں۔
میں اب آپ کو اپنے ابتدائی خطاب کے لئے مدعو کرتا ہوں۔