وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے پالی سانسد کھیل مہاکمبھ سے خطاب کیا۔ کھیلوں کی شاندار صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے پر تمام شرکاء کو مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا، ’’کھیلوں میں کبھی شکست نہیں ہوتی۔ آپ یا تو جیتتے ہیں یا کچھ سیکھتے ہیں۔ اس لیے میں نہ صرف تمام کھلاڑیوں بلکہ ان کے کوچ اور وہاں موجود ان کے اہل خانہ کے لیے بھی نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔‘‘
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے نوجوانوں اور ملک کی ترقی میں کھیلوں کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا، ’’سانسد کھیل مہاکمبھ میں جو جوش اور اعتماد دکھائی دے رہا ہے، وہ آج ہر کھلاڑی اور ہر نوجوان کی شناخت بن گیا ہے۔ کھیلوں کے لیے حکومت کا جذبہ بھی وہی ہے جو میدان میں موجود کھلاڑیوں کا جذبہ ہوتا ہے۔ اس طرح کے کھیلوں کے مقابلوں کے انعقاد میں موجودہ حکومت کی مسلسل کوششوں کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سانسد کھیل مہاکمبھ اضلاع اور ریاستوں میں لاکھوں باصلاحیت کھلاڑیوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نئے ہونہار کھلاڑیوں کو تلاش کرنے اور انہیں تراشنے کا ایک ذریعہ بن گیا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے خاص طور پر خواتین کے لیے مخصوص مقابلے کے انعقاد کا بھی ذکر کیا۔
مزید برآں، وزیر اعظم مودی نے سانسد کھیل مہاکمبھ میں پالی کے 1100 سے زیادہ اسکولی بچوں سمیت 2 لاکھ سے زیادہ کھلاڑیوں کی شرکت کی ستائش کی۔ انہوں نے اس پروگرام کے ذریعے ان کھلاڑیوں کو فراہم کردہ غیر معمولی ایکسپوژر اور مواقع کا اعتراف کیا۔ وزیر اعظم مودی نے پالی سے رکن پارلیمنٹ جناب پی پی چودھری کو ان کی شاندار کاوشوں کے لیے مبارکباد دی۔
راجستھان کے نوجوانوں اور بڑے پیمانے پر ملک کی تعمیر میں کھیلوں کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے، وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’راجستھان کے بہادر نوجوانوں نے مسلح افواج میں اپنی خدمات سے لے کر کھیلوں میں اپنی کامیابیوں تک، مسلسل قوم کی شان میں اضافہ کیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کھلاڑی، اس میراث کو آگے بڑھاتے رہیں گے۔‘‘
کھیلوں کی تبدیلی کی طاقت کو اجاگر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا، ’’کھیلوں کی خوبصورتی نہ صرف جیتنے کی عادت پیدا کرنے میں ہے بلکہ خود کو بہتر بنانے کے لیے مسلسل کوششیں کرنے میں بھی ہے۔ کھیل ہمیں سکھاتا ہے کہ عمدگی کی کوئی حد نہیں ہوتی ہے اور ہمیں اپنی پوری قوت کے ساتھ کوشش جاری رکھنی چاہیے۔‘‘
وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’کھیلوں کی سب سے بڑی طاقت نوجوانوں کو مختلف برائیوں سے دور کرنے کی صلاحیت ہے۔ کھیل لچک پیدا کرتے ہیں، توجہ مرکوز کرتے ہیں اور ہمیں مصروف رکھتے ہیں۔ لہذا، کھیل ذاتی ترقی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔‘‘
نوجوانوں کی بہبود کے تئیں حکومت کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’موجودہ حکومت، خواہ ریاستی سطح پر ہو یا مرکزی سطح پر، نوجوانوں کے مفادات کو اولین ترجیح دیتی ہے۔ کھلاڑیوں کو مزید مواقع فراہم کرکے، انتخابی عمل میں شفافیت کو یقینی بناکر، اور وسائل مختص کرکے، حکومت نے ہندوستانی کھلاڑیوں کی بھرپور مدد کی ہے۔‘‘
وزیر اعظم مودی نے گزشتہ ایک دہائی کے دوران کھیلوں کے بجٹ میں تین گنا اضافے، ٹاپس سمیت مختلف اسکیموں کے تحت سینکڑوں کھلاڑیوں کو مالی امداد کی فراہمی اور ملک بھر میں متعدد کھیل مراکز کے قیام کو اجاگر کیا۔ وزیر اعظم نے بتایا کہ کھیلو انڈیا گیمز کے تحت 3000 سے زیادہ کھلاڑیوں کو ماہانہ 50000 روپے کی مدد دی جا رہی ہے۔ نچلی سطح پر، تقریباً 1000 کھیلو انڈیا مراکز میں لاکھوں کھلاڑی تربیت حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے حالیہ ایشین گیمز میں ان کی غیر معمولی کارکردگی کے لیے بھی ہندوستانی کھلاڑیوں کی ستائش کی، جس نے 100 سے زیادہ تمغوں کے ساتھ ایک نیا ریکارڈ قائم کیا۔
انہوں نے پارلیمنٹ میں یکم فروری کو پیش کیے جانے والے مرکزی بجٹ کی طرف نوجوانوں کی توجہ مبذول کرائی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا، ’’سڑکوں اور ریلوے جیسے جدید بنیادی ڈھانچے پر 11 لاکھ کروڑ روپے کی سرمایہ کاری سے نوجوانوں کو سب سے زیادہ فائدہ ہوگا۔ ہمارے نوجوان 40000 وندے بھارت قسم کی بوگیوں کے اعلان اور جدید انفراسٹرکچر کی ترقی جیسے اقدامات سے سب سے زیادہ مستفید ہوتے ہیں۔‘‘
وزیر اعظم نے نوجوانوں کو بااختیار بنانے پر حکومت کی توجہ کا اعادہ کیا جس کا مقصد روزگار کے مواقع پیدا کرنا، کاروبار کو فروغ دینا، اور کھیلوں سمیت مختلف شعبوں میں مہارت کی ترقی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے اسٹارٹ اپس کے لیے ٹیکس میں رعایت کی خاطر ایک لاکھ کروڑ روپے کے فنڈ کا ذکر کیا۔
مزید برآں، وزیر اعظم مودی نے پالی میں شروع کیے گئے اہم ترقیاتی منصوبوں پر کو اجاگر کیا، جن میں تقریباً 13000 کروڑ روپے کی لاگت سے سڑکوں کی تعمیر، ریلوے اسٹیشنوں، پلوں کی تعمیر، اور 2 کیندریہ ودیالیہ، پاسپورٹ سینٹر اور میڈیکل کالج سمیت تعلیمی اور آئی ٹی مراکز کا قیام شامل ہے۔ انہوں نے مزید کہا، ’’ان اقدامات کا مقصد پالی کے لوگوں کے معیار زندگی کو بڑھانا اور ان کی مجموعی بہبود میں تعاون کرنا ہے۔‘‘
آخر میں، وزیر اعظم نریندر مودی نے جامع ترقیاتی اقدامات کے ذریعے راجستھان اور ہندوستان کے ہر شہری بالخصوص نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے حکومت کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے نوجوانوں میں عزم اور لچک کے جذبے کو فروغ دینے میں کھیلوں کے کردار پر زور دیا، جو بالآخر ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اہم رول ادا کرتا ہے۔