وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج ایمس، بلاسپور کا دورہ کیا۔
وزیر اعظم اسپتال کی عمارت کے سی-بلاک میں پہنچے۔ اس کے بعد انھوں نے ایمس، بلاسپور کیمپس کے 3ڈی ماڈل کا مظاہرہ دیکھا اور اس کے بعد ادارے کے افتتاح کے موقع پر فیتا کاٹنے کی تقریب میں پہنچے۔ وزیر اعظم نے اسپتال کے سی ٹی اسکین سینٹر اور ایمرجنسی نیز ٹروما ایریاز کا دورہ کیا۔
ملک بھر میں صحت کی خدمات کو مستحکم کرنے کے وزیر اعظم کے وژن اور عہد کو ،ایمس، بلاسپور کےقوم کے تئیں وقف کرنے کے ذریعے، ایک بار پھر ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس اسپتال کا سنگ بنیاد بھی وزیر اعظم نے اکتوبر 2017 میں رکھا تھا اور اسے مرکزی شعبے کی اسکیم، پردھان منتری سووستھ سرکشا یوجنا کے تحت قائم کیا جارہا ہے۔
ایمس بلاسپور، 1470 کروڑ روپئے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔ یہ ایک جدید ترین اسپتال ہے جس میں 18 اسپیشلیٹی اور 17 سپر اسپیشلیٹی کے محکمے، 18 ماڈیولر آپریشن تھیٹر اور 64 آئی سی یو بیڈس کے ساتھ 750 بستر ہیں۔247 ایکڑ پر محیط اس اسپتال میں، 24 گھنٹے ایمرجنسی اور ڈائی لیسس کی سہولیات سے لیس ہے۔ الٹرا سونو گرافی، سٹی اسکین، ایم آر آئی وغیرہ جیسی جدید تشخیصی مشینیں نیزامرت فارمیسی اور جن اوشدھی کیندر اور 30 بستروں والا آیوش بلاک بھی ہے۔ اسپتال میں ہماچل پردیش کے قبائلی اور ناقابل رسائی قبائلی علاقوں میں صحت کی خدمات فراہم کرنے کے لیے، ڈیجیٹل صحت مرکز بھی قائم کیا گیا ہے نیزکازا، سلونی اور کیلانگ جیسے بلند ہمالیاتی خطوں میں، صحت کیمپوں کے ذریعے ماہر صحت کی خدمات فراہم کی جائیں گی۔ اسپتال ہر سال ایم بی بی ایس کورسز کے لیے 100 طلباء اور نرسنگ کورسز کے لیے 60 طلباء کو داخلہ فراہم کرے گا۔
وزیر اعظم کے ہمراہ، ہماچل پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب جے رام ٹھاکر، ہماچل پردیش کے گورنر جناب راجیندر وشوناتھ ارلیکر، مرکزی وزیر جناب انوراگ سنگھ ٹھاکر اور رکن پارلیمنٹ اور بی جے پی کے قومی صدر جناب جگت پرکاش نڈا بھی موجود تھے۔