وزیراعظم جناب نریندر مودی 3 جون 2022 کو اترپردیش کا دورہ کریں گے۔ صبح گیارہ بجے کے قریب وزیر اعظم لکھنؤ کے اندرا گاندھی پرتشٹھان پہنچیں گے جہاں وہ یوپی انویسٹرز سمٹ کی گراؤنڈ بریکنگ تقریب 3.0 @ میں شرکت کریں گے۔ دوپہر تقریباً ایک بج کر 45 منٹ پر وزیر اعظم کانپور کے پرونکھ گاؤں پہنچیں گے جہاں وہ عزت مآب صدر جمہوریہ جناب رام ناتھ کووند کے ساتھ پتری ماتا مندر کا دورہ کریں گے۔ اس کے بعد دوپہر دو بجے کے قریب وہ ڈاکٹر بی آر امبیڈکر بھون کا دورہ کریں گے۔ بعد ازاں دوپہر 2 بج کر 15 منٹ پر میلان کیندر کا دورہ طے ہے۔ یہ مرکز عزت مآب صدر کا آبائی گھر ہے جسے عوامی استعمال کے لیے عطیہ کیا گیا تھا اور اسے کمیونٹی سینٹر (میلان کیندر) میں تبدیل کر دیا گیا تھا۔ اس کے بعد وہ دوپہر ڈھائی بجے پرونکھ گاؤں میں ایک عوامی تقریب میں شرکت کریں گے۔
گراؤنڈ بریکنگ تقریب کے دوران وزیراعظم 80 ہزار کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 1406 پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ پروجیکٹ زراعت اور متعلقہ شعبوں، آئی ٹی اور الیکٹرانکس، ایم ایس ایم ای، مینوفیکچرنگ، قابل تجدید توانائی، ادویات، سیاحت، دفاع اور ایرو اسپیس، ہینڈ لوم اور ٹیکسٹائل وغیرہ جیسے متنوع شعبوں کا احاطہ کرتے ہیں۔ تقریب میں ملک کے اعلی صنعتی رہنما شرکت کریں گے۔
یوپی انویسٹرز سمٹ 21 سے 22 فروری 2018 کو منعقد ہوئی تھی جس میں پہلی گراؤنڈ بریکنگ تقریب 29 جولائی 2018 کو اور دوسری گراؤنڈ بریکنگ تقریب 28 جولائی 2019 کو منعقد ہوئی۔ پہلی گراؤنڈ بریکنگ تقریب کے دوران 61 ہزار 500کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 81 پروجیکٹوں کی داغ بیل ڈالی گئی جبکہ دوسری گراؤنڈ بریکنگ تقریب میں 67ہزار کروڑ روپے سے زائد کی سرمایہ کاری سے 290 پروجیکٹس کی بنیاد رکھی گئی۔