وزیراعظم جناب نریندر مودی 16 نومبر 2021 کو اتر پردیش کا دورہ کریں گے اور تقریبا دن کے ڈیڑ ھ بجے سلطان پور ضلع کے کروال کھیڑی میں پوروانچل ایکسپریس وے کا افتتاح بھی کریں گے۔
افتتاح کے بعد ، وزیراعظم سلطان پور ضلع میں ایکسپریس وے پر تعمیر 3.2 کلو میٹر طویل ہوائی پٹی پر ہندوستانی فضائیہ کے ذریعہ ہوا بازی کے مظاہرہ فن سے لطف اندوز بھی ہوں گے، جس کا مقصد ہنگامی حالات میں ہوائی فوج کے لڑاکا طیاروں کے اُڑان بھرنے اور اترنے کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہے۔
پوروانچل ایکسپریس وے 341 کلو میٹر طویل ہے۔ یہ لکھنؤ سلطان پور روڈ پر واقع گاؤں چود سرائے ضلع لکھنؤ سے شروع ہو کر یوپی بہار سرحد سے 18 کلو میٹر مشرق میں قومی شاہراہ نمبر 31 پر واقع گاؤں حیدریہ پر ختم ہوتی ہے۔ یہ ایکسپریس وے 6 لین والی ہے، جسے مستقبل میں 8 لین بھی کیا جاسکتا ہے۔ پور وانچل ایکسپریس وے، جس کی تعمیر پر تقریبات 22500 کروڑ روپے کی لاگت آئی ہے، اتر پردیش کے مشرقی حصے بالخصوص لکھنو، بارہ بنکی، امیٹھی، ایودھیا، سلطان پور، امبیڈ نگر، اعظم گڑھ، مؤ اور غازی پور کے اضلاع میں اقتصادی ترقی کو رفتار دے گا۔