وزیراعظم جناب نریندر مودی یکم اگست کو مہاراشٹر کے پونے کا دورہ کریں گے۔ صبح تقریبا 11بجے وزیر اعظم دگوشیٹھ مندر میں درشن اور پوجا کریں گے۔ صبح 11:45بجے وہ لوک مانیہ تلک نیشنل ایوارڈ سے انعام یافتگان کو نوازیں گے۔ اس کے بعد دوپہر 12:45بجے وزیر اعظم میٹرو ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائیں گے اور مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیر اعظم پونے میٹرو فیز ون کے دو کوریڈوروں کے تکمیل شدہ حصوں کی خدمات کے افتتاح کے موقع پر میٹرو ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ یہ سیکشن پھوگے واڑی اسٹیشن سے سول کورٹ اسٹیشن اور گروارے کالج اسٹیشن سے روبی ہال کلینک اسٹیشن تک ہیں۔ 2016 میں وزیر اعظم نے اس منصوبے کا سنگ بنیاد بھی رکھا تھا۔ نئے سیکشن پونے شہر کے اہم مقامات جیسے شیواجی نگر، سول کورٹ، پونے میونسپل کارپوریشن آفس، پونے آر ٹی او اور پونے ریلوے اسٹیشن کو جوڑیں گے۔ یہ افتتاح ملک بھر میں شہریوں کو جدید اور ماحول دوست تیز رفتار شہری نقل و حمل کے نظام کی فراہمی کے وزیر اعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی سمت میں ایک اہم قدم ہے۔
روٹ پر کچھ میٹرو اسٹیشنوں کے ڈیزائن کی تحریک چھترپتی شیواجی مہاراج سے لی گئی ہے۔ چھترپتی سمبھاجی ادیان میٹرو اسٹیشن اور دکن جیم خانہ میٹرو اسٹیشنوں کا ڈیزائن چھترپتی شیواجی مہاراج کے سپاہیوں کی پگڑی سے ملتا جلتا ہے۔ شیواجی نگر زیر زمین میٹرو اسٹیشن کا ایک منفرد ڈیزائن ہے جو چھترپتی شیواجی مہاراج کے بنائے ہوئے قلعوں کی یاد دلاتا ہے۔
ایک اور انوکھی خصوصیت یہ ہے کہ سول کورٹ میٹرو اسٹیشن ملک کے سب سے گہرے میٹرو اسٹیشنوں میں سے ایک ہے ، جس کا سب سے گہرا نقطہ 33.1 میٹر ہے۔ اسٹیشن کی چھت اس طرح بنایا گیا ہے کہ براہ راست سورج کی روشنی پلیٹ فارم پر پڑتی ہے۔
وزیر اعظم پمپری چنچواڑ میونسپل کارپوریشن (پی سی ایم سی) کے تحت ویسٹ ٹو انرجی پلانٹ کا افتتاح کریں گے۔ تقریبا 300 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار کیا گیا یہ پلانٹ بجلی پیدا کرنے کے لیے سالانہ تقریبا 2.5 لاکھ میٹرک ٹن فضلے کا استعمال کرے گا۔
سب کے لیے مکان کے حصول کے مشن کی طرف آگے بڑھتے ہوئے وزیر اعظم پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت تعمیر کردہ 1280 سے زیادہ مکانات پی سی ایم سی کے حوالے کریں گے۔ وہ پونے میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ تعمیر کردہ 2650سے زیادہ پی ایم اے وائی مکانات بھی سونپیں گے۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم پی سی ایم سی کے ذریعہ زیر تعمیر تقریبا 2650 پی ایم اے وائی مکانات اور پونے میٹروپولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ذریعہ زیر تعمیر 1190 سے زیادہ مکانات کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔
وزیر اعظم کو لوک مانیہ تلک نیشنل ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔ یہ ایوارڈ تلک اسمارک مندر ٹرسٹ نے 1983 میں لوک مانیہ تلک کی وراثت کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے قائم کیا تھا۔ یہ ایوارڈ ان لوگوں کو دیا جاتا ہے جنہوں نے ملک کی ترقی اور پیش رفت کے لیے کام کیا ہے اور جن کی خدمات کو قابل ذکر اور غیر معمولی کے طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔ یہ ایوارڈ ہر سال یکم اگست کو لوک مانیہ تلک کی برسی پر پیش کیا جاتا ہے۔
وزیر اعظم اس ایوارڈ کے 41 ویں وصول کنندہ ہوں گے۔ اس سے قبل ڈاکٹر شنکر دیال شرما، جناب پرنب مکھرجی، جناب اٹل بہاری واجپائی، مسز اندرا گاندھی، ڈاکٹر منموہن سنگھ، جناب این آر نارائن مورتی، ڈاکٹر ای شری دھرن اور دیگر شخصیات کو یہ ایوارڈ پیش کیا جا چکا ہے۔