وزیر اعظم جناب نریندر مودی 27 جون 2023 کو مدھیہ پردیش کا دورہ کریں گے۔
صبح تقریباً 10:30 بجے وزیر اعظم رانی کملا پتی ریلوے اسٹیشن پہنچیں گے اور پانچ وندے بھارت ٹرینوں کو ہری جھنڈی دکھائیں گے۔ یہ پانچ وندے بھارت ریل گاڑیاں ہیں: بھوپال (رانی کملاپتی)- اندور وندے بھارت ایکسپریس؛ بھوپال (رانی کملاپتی)-جبل پور وندے بھارت ایکسپریس؛ رانچی – پٹنہ وندے بھارت ایکسپریس؛ دھارواڑ-بنگلورو وندے بھارت ایکسپریس اور گوا(مڈگاؤں) – ممبئی وندے بھارت ایکسپریس۔
بھوپال (رانی کملاپتی) – اندور وندے بھارت ایکسپریس ریل گاڑی مدھیہ پردیش کے دو اہم شہروں کے درمیان آسان اور تیز رفتار سفر کی سہولت فراہم کرائے گی اور خطے میں ثقافتی، سیاحتی اور مذہبی مقامات کی کنکٹیویٹی کو بہتر بنائے گی۔
بھوپال (رانی کملاپتی) – جبل پور وندے بھارت ایکسپریس مہا کوشل ریجن (جبل پور) کو مدھیہ پردیش کے سنٹرل ریجن (بھوپال) سے جوڑے گی۔ اس کے علاوہ، بہتر کنکٹیویٹی سے اس خطے کے سیاحتی مقامات بھی مستفید ہوں گے۔
رانچی-پٹنہ وندے بھارت ایکسپریس جھارکھنڈ اور بہار کے لیے اولین وندے بھارت ہوگی۔ پٹنہ اور رانچی کے درمیان کنکٹیویٹی میں اضافہ کرتے ہوئے، یہ ریل گاڑی سیاحوں، طلبا اور کاروباری افراد کے لیے ایک وردان ثابت ہوگی۔
دھارواڑ – بنگلورو وندے بھارت ایکسپریس کرناٹک کے اہم شہروں – دھارواڑ اور ہوبلی کو ریاستی راجدھانی بنگلورو سے مربوط کرے گی۔ یہ خطے میں سیاحوں، طلبا، صنعت کاروں، وغیرہ کو متعدد فوائد بہم پہنچائے گی۔
گوا (مڈگاؤں)- ممبئی وندے بھارت ایکسپریس گوا کی اولین وندے بھارت ایکسپریس ہوگی۔ یہ ممبئی کے چھترپتی شیواجی مہاراج ٹرمنس اور گوا کے مڈگاؤں اسٹیشن کے درمیان دوڑے گی، ساتھ ہی گوا اور مہاراشٹر دونوں ریاستوں میں سیاحت کو تقویت بہم پہنچائے گی۔