نئی لّی ، 13 دسمبر/ وزیر اعظم جناب نریندر مودی 15 دسمبر ، 2020 ء کو گجرات کے کچھ میں دھوردو کا دورہ کریں گے اور ریاست میں کئی ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگِ بنیاد رکھیں گے ۔ ان پروجیکٹوں میں ڈی سیلینیشن پلانٹ ، ایک ہائبرڈ قابلِ تجدید توانائی پارک اور ایک دودھ کو پروسیس کرنے اور پیک کرنے کا مکمل خود کار پلانٹ شامل ہیں ۔ اس موقع پر گجرات کے وزیر اعلیٰ بھی موجود ہوں گے ۔ وزیر اعظم ایک کلچرل پروگرام دیکھنے کے بعد وہائٹ رَن کا بھی دورہ کریں گے ۔
اپنی وسیع ساحلی پٹی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے گجرات سمندر کے پانی کو پینے کے قابل بنانے کے لئے کچھ کے مانڈوی میں ڈی سیلینیشن پلانٹ لگا رہا ہے ۔ 10 کروڑ لیٹر یومیہ ( 100 ایم ایل ڈی ) کی صلاحیت والا یہ پلانٹ نرمدا گرڈ اور ساؤنی نیٹ ورک کے ساتھ ساتھ گندے پانی کو صاف کرنے کے بنیادی ڈھانچے کے ساتھ پانی کی کفالت کو مضبوط کرے گا ۔ ملک میں پانی کی فراہمی کے لئے ایک پائیدار اور کم خرچ آبی وسائل کے حصول میں یہ ایک سنگِ میل ہے ۔ مندرا ، لکھپت ، ابداسا اور نکھت رانا تعلقہ خطوں کے تقریباً 8 لاکھ لوگوں کو ، اِس پلانٹ سے پانی حاصل ہو گا ، جس کا اضافی پانی بچھووا ، راپر اور گاندھی دھام کو حاصل ہو گا ۔ یہ گجرات میں داہیج ( 100 ایم ایل ڈی ) ، دوارکا ( 70 ایم ایل ڈی ) ، گھوگا بھاؤ نگر ( 70 ایم ایل ڈی ) اور گیر سومناتھ ( 30 ایم ایل ڈی ) کے علاوہ نمکین پانی کو پینے کے قابل بنانے والا پانچواں پلانٹ ہو گا ۔
گجرات میں کچھ ضلعے کے ویگھا کوٹ گاؤں کے قریب ہائبرڈ قابلِ تجدید توانائی پارک ملک میں قابلِ تجدید توانائی پیدا کرنے والا سب سے بڑا پارک ہو گا ۔ یہ 30 جی ڈبلیو تک قابلِ تجدید توانائی پیدا کرے گا ۔ 72600 ہیکٹیئر اراضی پر پھیلے اِس پارک میں ہوا سے چلنے والے ہائبرڈ پارک زون ، شمسی توانائی کے زون کے ساتھ ساتھ وِنڈ پارک سرگرمیوں کے لئے خصوصی زون ہوں گے ۔
وزیر اعظم دودھ کی ڈبہ بندی اور پیکنگ کے ایک پلانٹ کا بھی سنگِ بنیاد رکھیں گے ۔ یہ پوری طرح خود کار پلانٹ کچھ کے سرحد ڈیری انجار میں ہو گا ۔ اس پلانٹ پر 121 کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی اور اس کی صلاحیت 2 لاکھ لیٹر دودھ یومیہ کی ڈبہ بندی کی ہو گی ۔