وزیراعظم جناب نریندر مودی 24 اگست 2022 کو ہریانہ اور پنجاب کا دورہ کریں گے۔ اس دن وزیراعظم، صحت سے متعلق دو اہم پہل قدمیوں کا افتتاح کریں گے اور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے۔ دن میں گیارہ بجے کے قریب، وزیراعظم، ہریانہ میں فرید آباد کے مقام پر امرتا اسپتال کا افتتاح کریں گے۔ اس کے بعد وزیراعظم موہالی جائیں گے اور سہ پہر دو بج کر پندرہ منٹ کے قریب صاحبزادہ اجیت سنگھ نگر ضلع (موہالی) میں نیو چنڈی گڑھ میں ‘مُلّن پور’ کے مقام پر ‘‘ہومی بھا بھا کینسر اسپتال اور تحقیقی مرکز’’ کو قوم کے نام وقف کریں گے۔
وزیراعظم ہریانہ میں
وزیراعظم فرید آباد میں امرتا اسپتال کا افتتاح کریں گے، جس کے سبب قومی راجدھانی خطے (این سی آر) میں جدید ترین طبی بنیادی ڈھانچہ کی دستیابی کو فروغ حاصل ہوگا۔ ماتا امرتا نندا مائی کے زیر اہتمام یہ سُپر اسپیشلٹی اسپتال، 2600 بستروں سے آراستہ ہوگا۔ اس اسپتال سے، جو تقریبا 6000 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے، فرید آباد اور پورے این سی آر خطے کے لوگوں کو حفظان صحت کی جدید ترین سہولتیں دستیاب ہوں گی۔
وزیراعظم پنجاب میں
پنجاب اور پڑوسی ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے باشندوں کو کینسر کے عالمی معیار کا علاج معالجہ فراہم کرانے کی کوشش کے طور پر، وزیراعظم جناب نریندر مودی، صاحبزادہ اجیت سنگھ نگر ضلع (موہالی) میں نیو چنڈی گڑھ میں ‘مُلن پور’ کے مقام پر ‘ہومی بھا بھا کینسر اسپتال اور تحقیقی مرکز’ کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ اس اسپتال کو ٹاٹا میموریل سینٹر نے 660 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تعمیر کیا ہے اور یہ حکومت ہند کے ایٹمی توانائی کے محکمے کے تحت ایک امداد یافتہ ادارہ ہے۔
یہ کینسر اسپتال 300 بستروں سے آراستہ ہے اور یہ سبھی قسم کے کینسر کا علاج کرنے کی غرض سے جدید ترین سہولتوں سے لیس ہے۔ یہ اسپتال ، خطے میں کینسر کے علاج معالجہ کے ایک مرکز کے طور پر کام کرے گا، جبکہ سنگرور کے مقام پر 100 بستروں والا اسپتال اس کے معاون ذیلی اسپتال کے طور پر کام کرے گا۔