وزیر اعظم جناب نریندر مودی 17 اور 18 جون کو گجرات کا دورہ کریں گے۔ 18 جون کی صبح تقریباً 9:15 بجے، وزیر اعظم پاواگڑھ میں شری کالیکا ماتا کے از سر نو تعمیر شدہ مندر کا دورہ کریں گے اور اس کا افتتاح کریں گے۔ بعد ازاں موصوف تقریباً 11:30 بجے وراثت ون کا دورہ کریں گے۔ اس کے بعد تقریباً 12:30 بجے، وہ وڈودرا میں گجرات گورَو ابھیان میں شرکت کریں گے، جہاں وہ 21000 کروڑ روپئے کے بقدر کے پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔
گجرات گورَو ابھیان
حکومت کی مختلف اسکیموں کے مستفیدین وڈودرا میں گجرات گورَو ابھیان میں شرکت کریں گے۔ وزیر اعظم 16000 کروڑ روپئے سے زائد کے بقدر کے مختلف ریلوے پروجیکٹوں کو وقف کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان میں کلی طور پر وقف مال بھاڑا گلیارے کے 357 کلو میٹر طویل نیو پالن پور ۔ مدار سیکشن کو قوم کے نام وقف کرنا ؛ 166 کلومیٹر طویل احمدآباد-بوٹاڈ سیکشن کی گیج تبدیلی؛ 81 کلو میٹر طویل پالن پور ۔میٹھا سیکشن کی برق کاری؛ وغیرہ شامل ہیں۔ وزیر اعظم ریلوے کے شعبہ میں دیگر پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنے کے ساتھ ساتھ سورت، اُدھنا، سومناتھ اور سابرمتی اسٹیشنوں کی نوتجدیدکاری کے کاموں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ان پروجیکٹوں سے اشیاء کی نقل و حمل پر ہونے والی لاگت میں تخفیف واقع ہوگی اور خطے میں صنعتی و زرعی شعبے کو تقویت حاصل ہوگی۔ان پروجیکٹوں سے خطے میں کنکٹیویٹی میں بہتری رونما ہوگی اور مسافرین کی سہولتوں میں بھی اضافہ ہوگا۔
پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت، وزیر اعظم کے ذریعہ مجموعی طور پر 1.38 لاکھ مکانات وقف کیے جائیں گے، جن میں شہری علاقوں میں تقریباً 1800 کروڑ روپئے کے بقدر کے مکانات اور دیہی علاقوں میں 1530 کروڑ روپئے کے بقدر کے مکانات شامل ہیں۔ اس کے علاوہ، 310 کروڑ روپئے سے زائد کے بقدر کے تقریباً 3000 مکانات کا کھت مہورت بھی کیا جائے گا۔
اس پروگرام کے دوران وزیر اعظم کھیڑا، آنند، وڈودرا، چھوٹا ادے پور اور پنچ محل میں 680 کروڑ روپئے سے زائد کے بقدر کے مختلف ترقیاتی کاموں کو وقف کریں گے اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان پروگراموں کا مقصد خطے میں زندگی بسر کرنا مزید آسان بنانا ہے۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم گجرات کے دبھوئی تعلقہ کے کنڈیلا گاؤں میں گجرات سینٹرل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔ یہ وڈودرا شہر سے تقریباً 20 کلو میٹر دور واقع ہے۔ اس یونیورسٹی کی تعمیر تقریباً 425 کروڑ روپئے کی لاگت سے کی جائے گی اور یہ 2500 سے زائد طلبا کی اعلیٰ تعلیمی ضرورتوں کو پورے کرے گی۔
ماں اور بچے کی صحت میں بہتری پر توجہ دینے کے لیے وزیر اعظم ’مکھیہ منتری ماترو شکتی یوجنا‘ کی شروعات کریں گے۔ اس پر 800 کروڑ روپئے خرچ ہوں گے۔ اس اسکیم کے تحت آنگن واڑی مراکز سے حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں کو ہر مہینے 2 کلو چنا، ایک کلو ارہر کی دال اور ایک کلو خوردنی تیل بلاقیمت فراہم کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ وزیر اعظم ’پوشن سُدھا یوجنا‘ کے لیے تقریباً 120 کروڑ روپئے بھی تقسیم کریں گے، جسے اب ریاست کے تمام قبائلی مستفیدین کو بھی فراہم کرایا جا رہا ہے۔ قبائلی اضلاع کی حاملہ اور دودھ پلانے والی ماؤں کو آئرن اور کیلشیم کی گولیاں دستیاب کرانے اور غذائیت کے بارے تعلیم دینے کے تجربہ کی کامیابی کے بعد یہ قدم اٹھایا جا رہا ہے۔
وزیر اعظم، شری کالیکا ماتا کے مندر میں
وزیر اعظم پاواگڑھ پہاڑی پر واقع شری کالیکا ماتا کے نوتعمیر شدہ مندر کا افتتاح کریں گے۔ یہ علاقے کے قدیم ترین مندروں میں سے ایک ہے اور بڑی تعداد میں زائرین کو اپنی جانب راغب کرتا ہے۔ مندر کی تعمیر نو کا کام دو مرحلوں میں کیا گیا۔ اس کے پہلے مرحلے کا افتتاح وزیر اعظم نے اس سال اپریل میں کیا تھا۔ وہیں، اس پروگرام میں دوسرے مرحلے کے تحت نوتعمیر شدہ جس حصہ کا افتتاح کیا جانا ہے، اس کا سنگ بنیاد وزیر اعظم نے 2017 میں رکھا تھا۔ اس میں تین سطحوں پر مندر کی بنیاد اور عمارت کی توسیع، اور اسٹریٹ لائٹس، سی سی ٹی وی نظام وغیرہ جیسی سہولتوں کی تنصیب شامل ہے۔