وزیر اعظم جناب نریندر مودی 3 اکتوبر 2023 کو چھتیس گڑھ اور تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔
وزیر اعظم صبح تقریباً 11 بجے، جگدل پور، بستر میں چھتیس گڑھ کے نگرنار میں این ایم ڈی سی اسٹیل لمیٹڈ کے اسٹیل پلانٹ سمیت 26,000 کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے اور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے ۔ تقریباً 3 بجے، وزیر اعظم تلنگانہ کے نظام آباد پہنچیں گے، جہاں وہ بجلی، ریل اور صحت جیسے اہم شعبوں میں تقریباً 8000 کروڑ روپے کے مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گےاور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے ۔
چھتیس گڑھ میں وزیر اعظم
یہ ایک ایسا قدم ہے جو خود انحصار ہندوستان کے وژن کو ایک بڑا محرک فراہم کرے گا۔ وزیر اعظم بستر ضلع کے نگرنار میں این ایم ڈی سی اسٹیل لمیٹڈ کے اسٹیل پلانٹ کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ 23,800 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے بنایا گیا، اسٹیل پلانٹ ایک گرین فیلڈ پروجیکٹ ہے جو اعلیٰ معیار کا اسٹیل تیار کرے گا۔ نگرنار میں این ایم ڈی سی اسٹیل لمیٹڈ کا اسٹیل پلانٹ ہزاروں لوگوں کو پلانٹ کے ساتھ ساتھ ذیلی اور نیچے کی دھارے کی صنعتوں میں روزگار کے مواقع فراہم کرے گا۔ یہ بستر کو دنیا کے فولادی نقشے پر کھڑا کرے گا اور خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دے گا۔
پورے ملک میں ریل کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق، اس پروگرام کے دوران سنگ بنیاد رکھنا اور متعدد ریل پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کیا جائے گا۔ وزیر اعظم انٹا گڑھ اور تاروکی کے درمیان نئی ریل لائن اور جگدل پور اور دنتے واڑہ کے درمیان ریل لائن کو دوہرا کرنے کے منصوبے کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ وہ امرت بھارت اسٹیشن اسکیم کے تحت بوری ڈنڈ-سورج پور ریل لائن کو دوہرا کرنے کے منصوبے اور جگدل پور اسٹیشن کی از سرنو ترقی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وزیر اعظم تاروکی – رائے پور ڈیمو ٹرین سروس کو بھی ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔ یہ ریل پروجیکٹ ریاست کے قبائلی علاقوں میں رابطے کو بہتر بنائیں گے۔ بہتر ریل انفراسٹرکچر اور نئی ٹرین سروس سے مقامی لوگوں کو فائدہ پہنچے گا اور خطے کی اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔
وزیر اعظم قومی شاہراہ -43 کے 'کنکوری سے چھتیس گڑھ - جھارکھنڈ بارڈر سیکشن' تک سڑک کی اپ گریڈیشن کے پروجیکٹ کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے۔ نئی سڑک سے سڑک کے رابطوں میں بہتری آئے گی جس سے علاقے کے لوگوں کو فائدہ پہنچے گا۔
تلنگانہ میں وزیر اعظم
ملک میں بہتر توانائی کی کارکردگی کے ساتھ بجلی کی پیداوار بڑھانے کے وزیر اعظم کے وژن کے مطابق، این ٹی پی سی کے تلنگانہ سپر تھرمل پاور پروجیکٹ کے مرحلہ 1 کا پہلا 800 میگاواٹ یونٹ قوم کے نام وقف کیا جائے گا۔ یہ تلنگانہ کو کم قیمت پر بجلی فراہم کرے گا اور ریاست کی اقتصادی ترقی کو فروغ دے گا۔ یہ ملک کے سب سے زیادہ ماحولیات سے مطابقت رکھنے والے بجلی گھروں میں سے ایک ہوگا۔
تلنگانہ کے ریل انفراسٹرکچر کو فروغ ملے گا کیونکہ وزیر اعظم منوہرآباد اور سدی پیٹ کو جوڑنے والی نئی ریلوے لائن سمیت ریل پروجیکٹوں اور دھرم آباد - منوہر آباد اور محبوب نگر - کرنول کے درمیان بجلی کے منصوبے کو قوم کے نام وقف کریں گے ۔ 76 کلومیٹر طویل منوہر آباد-سدی پیٹ ریل لائن سے، خاص طور پر میدک اور سدی پیٹ کے اضلاع میں خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ ملے گا ۔ دھرم آباد - منوہر آباد اور محبوب نگر - کرنول کے درمیان برقی کاری کے منصوبے سے ٹرینوں کی اوسط رفتار کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور خطے میں ماحول دوست ریل کےنقل و حمل کا باعث بنے گا۔ وزیر اعظم سدی پیٹ - سکندرآباد - سدی پیٹ ٹرین سروس کو بھی ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے، جس سے خطے کے مقامی ریل مسافروں کو فائدہ ہوگا۔
تلنگانہ میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو فروغ دینے کی کوشش میں، وزیر اعظم پردھان منتری - آیوشمان بھارت ہیلتھ انفراسٹرکچر مشن کے تحت ریاست بھر میں 20 سنگین نگہداشت بلاکوں (سی سی بی)کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ سی سی بی عادل آباد، بھدرادری کوٹھا گوڈیم، جے شنکر بھوپالپلی، جوگولمبا گڈوال، حیدرآباد، کھمم، کمورم بھیم آصف آباد، منچیریال، محبوب نگر (بڑے پلی)، ملوگو، ناگرکرنول، نلگنڈہ، نارائن پیٹ، نرمل، رنمل، رنمل، راجن پور، سوریا پیٹ، پیڈاپلی، وقارآباد اور ورنگل (نرسمپیٹ) اضلاع میں بنائے جائیں گے۔ یہ سی سی بی پورے تلنگانہ میں ضلعی سطح کے اہم نگہداشت کے بنیادی ڈھانچے میں اضافہ کریں گے جس سے ریاست کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔