وزیر اعظم جناب نریندر مودی 13 نومبر کو بہار کا دورہ کریں گے۔ وہ دربھنگہ جائیں گے اور صبح تقریباً 10:45 بجے بہار میں تقریباً 12,100 کروڑ روپے کے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گے، سنگ بنیاد رکھیں گے اور قوم کو وقف کریں گے۔
خطہ میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو زبردست تقویت بہم پہنچاتے ہوئے، وزیر اعظم 1260 کروڑ روپے سے زیادہ کی مالیت کے ایمس، دربھنگہ کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ اس میں ایک سپر اسپیشلٹی ہسپتال/آیوش بلاک، میڈیکل کالج، نرسنگ کالج، رات کی پناہ گاہ اور دیگر رہائشی سہولیات ہوں گی۔ یہ بہار اور آس پاس کے علاقوں کے لوگوں کو حفظانِ صحت کی تیسری سطح کی سہولیات فراہم کرے گا۔
پروجیکٹوں کی خاص توجہ سڑک اور ریل دونوں شعبوں میں نئے منصوبوں کے ذریعے خطے میں رابطے کو بڑھانا ہے۔ وزیر اعظم بہار میں تقریباً 5,070 کروڑ روپے کے متعدد قومی شاہراہ پروجیکٹوں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وہ قومی شاہراہ 327ای کے چار لین والے گالگالیا -ارریہ سیکشن کا افتتاح کریں گے۔ یہ گلیارہ مشرقی-مغربی راہداری (قومی شاہراہ-27)پر ارریہ سے ہمسایہ ریاست مغربی بنگال کو گالگالیا میں ایک متبادل راستہ فراہم کرے گا۔ وزیر اعظم قومی شاہراہ 322 اور اور قومی شاہراہ – 31 پر دو ریل اوور برجز (آر او بی) کا بھی افتتاح کریں گے۔ علاوہ ازیں، وزیر اعظم بندھو گنج میں قومی شاہراہ 110 پر ایک بڑے پل کا افتتاح کریں گے جو جہان آباد کو بہار شریف سے جوڑے گا۔
وزیر اعظم آٹھ نیشنل ہائی وے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے جن میں رام نگر سے روزیرا تک پکی کندھوں والی سڑک کے ساتھ دو لین سڑک کی تعمیر، بہار-مغربی بنگال سرحد سے قومی شاہراہ 131اے کے منیہری سیکشن تک، حاجی پور سے بچھواڑہ براستہ مہنار اور محی الدین نگر، سرون -چکائی سیکشن، وغیرہ شامل ہیں۔ وزیر اعظم قومی شاہراہ 327 ای پر رانی گنج بائی پاس، کٹوریا، لکھ پورہ، بنکا اور پنجواڑہ قومی شاہراہ 333اے پر بائی پاس؛ اور قومی شاہراہ 82 سے قومی شاہراہ 33 تک چار لین لنک روڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے
وزیر اعظم 1740 کروڑ روپے سے زیادہ کے ریلوے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ وہ بہار کے اورنگ آباد ضلع میں چرالاپوتھو سے باگھا بشن پور تک 220 کروڑ روپے سے زیادہ کی سونی نگر بائی پاس ریلوے لائن کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وہ 1520 کروڑ روپے سے زیادہ کے ریلوے پروجیکٹوں کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے۔ ان میں جھانجھار پور-لوکاہا بازار ریل سیکشن، دربھنگہ بائی پاس ریلوے لائن کی گیج کی تبدیلی شامل ہے جو دربھنگہ جنکشن پر ریلوے ٹریفک کی بھیڑ کو کم کرے گی، ریلوے لائن کے پروجیکٹوں کو دوگنا کرنے کے ساتھ ساتھ بہتر علاقائی رابطوں میں سہولت فراہم کرے گا۔
وزیر اعظم جھانجھر پور-لوکاہا بازار سیکشن میں ٹرین خدمات کو بھی جھنڈی دکھائیں گے۔ سیکشن میں ایم ای ایم یو ٹرین خدمات کا تعارف قریبی قصبوں اور شہروں میں ملازمتوں، تعلیم اور صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات تک آسان رسائی فراہم کرے گا۔
وزیر اعظم ہندوستان بھر کے مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر 18 پردھان منتری بھارتیہ جن اوشدھی کیندروں کو قوم کے نام وقف کریں گے۔ یہ مسافروں کے لیے ریلوے اسٹیشنوں پر سستی ادویات کی دستیابی کو یقینی بنائیں گے۔ یہ عام ادویات کے بارے میں بیداری اور قبولیت کو بھی فروغ دے گا جس سے صحت کی دیکھ بھال پر ہونے والے مجموعی اخراجات میں کمی آئے گی۔
وزیر اعظم پٹرولیم اور قدرتی گیس کے شعبے میں 4,020 کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد اقدامات کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ پائپ کے ذریعہ نیچرل گیس (پی این جی) کو گھرانوں تک پہنچانے اور تجارتی اور صنعتی شعبوں کو صاف توانائی کے اختیارات فراہم کرنے کے وژن کے مطابق وزیر اعظم بہار کے پانچ بڑے اضلاع میں سٹی گیس ڈسٹری بیوشن (سی جی ڈی) نیٹ ورک کی ترقی کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ دربھنگہ، مدھوبنی، سپول، سیتامڑھی اور شیوہر بذریعہ بھارت پٹرولیم کارپوریشن لمیٹڈ۔ وہ انڈین آئل کارپوریشن لمیٹڈ کی بارونی ریفائنری کے تارکول مینوفیکچرنگ اکائی کا بھی سنگ بنیاد رکھیں گے جو مقامی طور پر تارکول پیدا کرے گی اور درآمد شدہ تارکول پر انحصار کم کرنے میں مدد کرے گی ۔