وزیر اعظم جناب نریندر مودی 30 دسمبر 2023 کو اتر پردیش کے شہر ایودھیا کا دورہ کریں گے۔
وزیر اعظم صبح تقریباً 11:15 بجے ایودھیا ریلوے اسٹیشن کی جدید کاری کا افتتاح کریں گے اور نئی امرت بھارت ریل گاڑیوں نیز وندے بھارت ریل گاڑیوں کو ہری جھنڈی دکھاکرروانہ کریں گے۔ وہ ریلوے کے دیگربہت سے پروجکٹوں کو بھی قوم کے نام وقف کریں گے۔ وزیر اعظم دن میں تقریباً 12:15 بجےنو تعمیر شدہ ایودھیا ہوائی اڈے کا افتتاح کریں گے۔ وزیر اعظم تقریباً 1 بجے ایک عوامی پروگرام میں شرکت کریں گے جہاں وہ ریاست میں 15,700 کروڑ روپے سے زیادہ کے بہت سے ترقیاتی پروجکٹوں کا افتتاح کریں گے، ا نہیں قوم کے نام وقف کریں گے اور ان کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ ان پروجیکٹوں میں ایودھیا اور اس کے آس پاس کے علاقوں کی ترقی کے لیے تقریباً 11,100 کروڑ روپے کی لاگت وا لے پروجیکٹ شامل ہیں اور پورے اتر پردیش میں دیگر پروجیکٹوں سے متعلق تقریباً 4600 کروڑ روپے کی لاگت وا لے پروجیکٹ بھی شامل ہیں۔
وزیر اعظم کا وژن ایودھیا میں جدید عالمی معیار کا بنیادی ڈھانچہ تیار کرنا، کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانا اور شہر کی مالامال تاریخ اور ورثے سے ہم آہنگ ہونے کے ساتھ ساتھ اس کی عوامی سہولیات کو بھی بہتر بنانا ہے۔ اس وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لیے شہر میں ایک نئے ہوائے اڈے، نئے تجدید شدہ ریلوے اسٹیشن، نئی شہری سڑکوں اور دیگر شہری بنیادی ڈھانچےکا افتتاح کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ کئی نئے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا جو ایودھیا اور اس کے آس پاس کی شہری سہولیات کی خوبصورتی اور جدید کاری میں معاون ثابت ہوں گے۔
ایودھیا ہوائی اڈہ
جدید ترین ہوائی اڈے کا پہلا مرحلہ 1450 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ ہوائی اڈے کی ٹرمینل عمارت کا رقبہ 6500 مربع میٹر ہوگا، جس میں سالانہ تقریباً 10 لاکھ مسافروں کے لیے خدمات فراہم کی جائیں گی۔ ٹرمینل عمارت کےچہرے پر ایودھیا کے آئندہ تعمیرہونے وا لے شری رام مندر کے فن تعمیر کونمایاں کیا گیا ہے۔ ٹرمینل عمارت کے اندرونی حصوں کو مقامی آرٹ، پینٹنگزاورمرال سے سجایا گیا ہے جس میں بھگوان شری رام کی زندگی کی عکاسی کی گئی ہے۔ ایودھیا ہوائی اڈے کی ٹرمینل عمارت مختلف مستحکم خصوصیات سے بھی لیس ہے جیسے انسولیٹڈ چھت ، ایل ای ڈی لائٹنگ، بارش کے پانی کی ہارویسٹنگ، فوارے سے زمین کی تزئین، پانی کی صفائی کا پلانٹ، گندے پانی کی صفائی کاپلانٹ، شمسی بجلی پلانٹ اور اس طرح کی بہت سی دیگر سہولیات فراہم کی گئی ہیں تاکہ 5ستارہ گرہ کا درجہ فراہم کیا جاسکے ۔ ہوائی اڈہ سے خطے میں رابطوں میں بہتری آئےگی ، جس کی وجہ سے سیاحت، کاروباری سرگرمیوں اور روزگار کے موقعوں میں اضافہ ہوگا۔
ایودھیا دھام ریلوے اسٹیشن
ایودھیا دھام جنکشن ریلوے اسٹیشن کے نام سے مشہور ایودھیا ریلوے اسٹیشن کا پہلا مرحلہ 240 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ تین منزلہ جدید ریلوے اسٹیشن کی عمارت تمام جدید سہولیات سے آراستہ ہے جیسے لفٹیں، ایسکلیٹرز، فوڈ پلازہ، پوجا کے سا مان کی دکانیں، عمدہ کمرے، بچوں کی دیکھ بھال کے کمرے، ویٹنگ ہال۔ اسٹیشن کی عمارت ‘سب کے لیے قابل رسائی’ اور ‘آئی جی بی سی سرٹیفائیڈ گرین اسٹیشن بلڈنگ’ ۔
امرت بھارت ریل گاڑیاں، وندے بھارت ریل گاڑیاں اور دیگر ریل منصوبے
وزیر اعظم ایودھیا دھام جنکشن ریلوے اسٹیشن پر ملک میں سپر فاسٹ مسافر ٹرینوں کے ایک نئے زمرے - امرت بھارت ایکسپریس کو جھنڈی دکھاکرروانہ کریں گے۔ امرت بھارت ٹرین ایک ایل ایچ بی پش پل ٹرین ہے جس میں نان ایئر کنڈیشنڈ کوچز ہیں۔ مزید تیز رفتاری کے لیے اس ٹرین کے دونوں سروں پرانجن لگائے گئے ہیں۔ ان میں ریل مسافروں کے لیے بہتر سہولیات فراہم کی گئی ہیں ،جیسے خوبصورت اور پرکشش ڈیزائن والی سیٹیں، سامان کا بہتر ریک، مناسب موبائل ہولڈر کے ساتھ موبائل چارجنگ پوائنٹ، ایل ای ڈی لائٹس، سی سی ٹی وی، پبلک انفارمیشن سسٹم وغیرہ۔ وزیر اعظم چھ نئی وندے بھارت ٹرینوں کو بھی ہری جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے۔
وزیر اعظم دو نئی امرت بھارت ٹرینوں کوبھی جھنڈی دکھاکر روانہ کریں گے جن میں دربھنگہ-ایودھیا-آنند وہار ٹرمینل امرت بھارت ایکسپریس اور مالدہ ٹاؤن-سر ایم ویشوریا ٹرمینس (بنگلور) امرت بھارت ایکسپریس بھی شامل ہیں ۔
وزیر اعظم چھ نئی وندے بھارت ٹرینوں کو بھی جھنڈی دکھاکرروانہ کریں گے، ان میں شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا-نئی دہلی وندے بھارت ایکسپریس، امرتسر-دہلی وندے بھارت ایکسپریس؛ کوئمبٹور-بنگلور کینٹ وندے بھارت ایکسپریس؛ منگلور-مڈگاؤں وندے بھارت ایکسپریس؛ جالنا-ممبئی وندے بھارت ایکسپریس اور ایودھیا-آنند وہار ٹرمینل وندے بھارت ایکسپریس شامل ہیں۔
وزیر اعظم خطے میں ریل کے بنیادی ڈھانچے کو مستحکم بنانے کے لیے 2300 کروڑ روپے کے تین ریلوے پروجیکٹ بھی قوم کے نام وقف کریں گے۔ ان منصوبوں میں روما چکری-چندری تھرڈ لائن پروجیکٹ،جونپور-تلسی نگر، اکبر پور-ایودھیا، سوہاوال-پترنگا اور صفدر گنج-رسولی سیکشنز جونپور-ایودھیا-بارہ بنکی ڈبلنگ پراجیکٹ؛ اور ملہور-ڈالی گنج ریلوے سیکشن کو دوہرا کرنے اوراس کی بجلی کاری کا منصوبہ شامل ہے۔
ایودھیا میں شہری بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنایا گیا ہے
وزیر اعظم آئندہ تعمیر ہونے وا لے شری رام مندر تک رسائی میں اضافہ کے لیے، ایودھیا میں چار نئی تعمیر شدہ، چوڑی اور خوبصورت سڑکوں ، رام پتھ، بھکتی پتھ، دھرم پتھ، اور شری رام جنم بھومی پتھ کا افتتاح کریں گے۔
وزیر اعظم کئی پروجیکٹوں کا افتتاح کریں گےاورانہیں قوم کے نام وقف بھی کریں گےجس سے شہری بنیادی ڈھانچے میں استحکام پیدا ہوگا اور ایودھیا اور اس کے آس پاس کے عوامی مقامات میں خوبصورتی آئے گی۔ ان افتتاحی منصوبوں میں راجرشی دشرتھ خود مختار ریاستی میڈیکل کالج، ایودھیا-سلطان پور روڈ-ہوائے اڈے کوملانے والی چار لین سڑک؛ قومی شاہراہ نمبر 27 بائی پاس مہوبرا بازار کےراستے ٹیڑھی بازار شری رام جنم بھومی تک چار لین وا لی سڑک؛ پورےشہر میں تزئین کاری کی گئی بہت سی سڑکیں اور ایودھیا بائی پاس؛قومی شاہراہ نمبر 330 اےکا جگدیش پور-فیض آباد سیکشن؛ مہولی-بڑاگاؤں-دیودھی روڈ اور جسر پور-بھاؤپور-گنگارامن-سریش نگر سڑک کو چوڑا کرنااور مستحکم بنانا۔ پنچکوسی پرکرما مارگ پر بڑی بوا ریلوے کراسنگ پر آر او بی ؛ پچھرولی گاؤں میں ٹھوس کچرے کے بندوبست کا پلانٹ؛ اور ڈاکٹر برج کشور ہومیو پیتھک کالج اور اسپتال میں نئی عمارتیں اور کلاس رومزوغیرہ شامل ہیں ۔ وزیر اعظم مکھیہ منتری نگر سریجن یوجنا کے کام اور پانچ پارکنگ اور تجارتی سہولیات سے متعلق کاموں کا بھی افتتاح کریں گے۔
ایودھیا میں نئے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد
وزیر اعظم نئے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے جس سے ایودھیا میں شہری سہولیات کی بحالی میں مزید مدد ملے گی جبکہ شہر کے مالامال ثقافتی ورثے کو بھی تقویت ملے گی۔ ان میں ایودھیا میں چار تاریخی داخلی دروازوں کا تحفظ اورتزئین کاری شامل ہے۔اس میں گپتر گھاٹ اور راج گھاٹ کے درمیان کنکریٹ کے نئے گھاٹ اور پہلے سے بنے ہوئے گھاٹوں کی بحالی؛ نیا گھاٹ سے لکشمن گھاٹ تک سیاحتی سہولیات کا فروغ اور تزئین کاری؛ رام کی پیڑی میں دیپوتسو اور دیگر میلوں کے لیے وزیٹر گیلری کی تعمیر؛ رام کی پیڑی سے راج گھاٹ اور راج گھاٹ سے رام مندر تک یاتریوں کے راستے کی مضبوطی اور تزئین و آرائش کاکام بھی شامل ہے۔
وزیر اعظم ایودھیا میں 2180 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تیار ہونے والی گرین فیلڈ ٹاؤن شپ اور تقریباً 300 کروڑ روپے کی لاگت سے تیار ہونے والی وششٹھ کنج رہائشی اسکیم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیر اعظم قومی شاہراہ نمبر-28 (نئی قومی شاہراہ-27) لکھنؤ-ایودھیا سیکشن کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔وہ موجودہ ایودھیا بائی پاس قومی شاہراہ-28 (نئی قوم شاہراہ-27) کی مضبوطی اور ترمیم کے کام؛ ایودھیا میں سی آئی پی ای ٹی سینٹر کا قیام، اور میونسپل کارپوریشن ایودھیا اور ایودھیا ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے دفتر کے تعمیراتی کام کا بھی افتتاح کریں گے۔
پورے اتر پردیش میں دیگر پروجیکٹ
وزیر اعظم عوامی پروگرام کے دوران پورے اتر پردیش میں دیگر اہم پروجیکٹوں کا افتتاح اور انہیں قوم کے نام وقف کریں گے۔ ان میں گوسائیں کی بازار بائی پاس- وارانسی (گھاگھرا پل- وارانسی) (قومی شاہراہ- 233) کو چار لین میں بدلنا،قومی شاہراہ-730 کے کُھتر سے لکھیم پور سیکشن کو مضبوط بنانا اور اس کی جدید کاری ،امیٹھی ضلع کے ترشنڈی میں ایل پی جی پلانٹ کی صلاحیت میں اضافہ، پنکھا میں 30 ایم ایل ڈی اور جاجماؤ، کانپور میں 130 ایم ایل ڈی کا،گندے پانی کو صاف کرنےکا پلانٹ؛ اناؤ ضلع میں نالوں اور گندے پانی کو صاف کرنے کا کام نیز اسے روکنے اوراس کا رخ موڑنے؛ اور کانپور کے ججماؤ میں ٹینری کلسٹر کے لیے سی ای ٹی پی کا کام بھی شامل ہے ۔