وزیر اعظم جناب نریندر مودی 11 اگست 2024 کو نئی دہلی میں واقع انڈیا ایگریکلچر ریسرچ انسٹی ٹیوٹ میں صبح تقریباً 11 بجے ، فصلوں کی 109 زیادہ پیداوار دینے والی، آب و ہوا کے لحاظ سے لچکدار اور بایوفورٹیفائیڈ اقسام جاری کریں گے۔ وزیر اعظم اس موقع پر کاشتکاروں اور سائنس دانوں سے بھی بات چیت کریں گے۔
وزیر اعظم 61 فصلوں کی 109 اقسام جاری کریں گے جن میں 34 کھیت کی فصلیں اور 27 باغبانی فصلیں شامل ہوں گی۔ کھیت کی فصلوں میں مختلف اناج کے بیج بشمول باجرا، چارے کی فصلیں، تیل کے بیج، دالیں، گنا، کپاس، ریشہ اور دیگر ممکنہ فصلوں کو جاری کیا جائے گا۔ باغبانی فصلوں میں پھلوں کی مختلف اقسام، سبزیوں کی فصلیں، پودوں کی فصلیں، زیر زمین اگنے والی فصلیں ، مصالحہ جات، پھول اور دواؤں کی فصلیں جاری کی جائیں گی۔
وزیر اعظم نے ہمیشہ پائیدار کاشتکاری اور آب و ہوا کے لچکدار طریقوں کو اپنانے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ انہوں نے ہندوستان کو سوئے تغذیہ سے مبرا بنانے کے لیے کئی سرکاری پروگراموں جیسے مڈ ڈے میل، آنگن واڑی وغیرہ سے منسلک کرکے فصلوں کی بایوفورٹیفائیڈ اقسام کو فروغ دینے پر بھی زور دیا ہے۔ وزیر اعظم نے زور دے کر کہا ہے کہ یہ اقدامات کسانوں کے لیے اچھی آمدنی کے ساتھ ساتھ ان کے لیے کاروبار کی نئی راہیں کھولیں گے۔ 109 زیادہ پیداوار دینے والی اقسام کے اجراء کا یہ قدم اس سمت میں ایک اور قدم ہے۔