وزیر اعظم جناب نریندر مودی 9 اکتوبر کو تقریباً 1 بجے، ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مہاراشٹر میں 7600 کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔
وزیر اعظم ناگپور کے ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر بین الاقوامی ہوائی اڈے کی اپ گریڈیشن کا سنگ بنیاد رکھیں گے جس کی کل تخمینہ لاگت تقریباً 7000 کروڑ روپے ہے۔ یہ مینوفیکچرنگ، ہوا بازی، سیاحت، لاجسٹک اور صحت کی دیکھ بھال سمیت متعدد شعبوں میں ترقی کے لیے ایک محرک کے طور پر کام کرے گا، جس سے ناگپور شہر اور ودربھ کے وسیع خطے کو فائدہ پہنچے گا۔
وزیر اعظم شرڈی ہوائی اڈے پر 645 کروڑ روپے سے زیادہ کی نئی مربوط ٹرمینل عمارت کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ یہ شرڈی آنے والے مذہبی سیاحوں کے لیے عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرے گا۔ مجوزہ ٹرمینل کی تعمیراتی تھیم سائی بابا کے روحانی نیم کے درخت پر مبنی ہے۔
سب کے لیے کفایتی اور قابل رسائی صحت کی دیکھ بھال کو یقینی بنانے کے اپنے عہد کے مطابق، وزیر اعظم مہاراشٹر میں ممبئی، ناسک، جالنا، امراوتی، گڑھ چرولی، بلدھانہ، واشم، بھنڈارا، ہنگولی اور امبر ناتھ (تھانے) میں واقع 10 سرکاری میڈیکل کالجوں کا آغاز کریں گے۔ انڈر گریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سیٹوں میں اضافہ کرتے ہوئے، یہ کالج لوگوں کو خصوصی تیسرے درجے کی صحت نگہداشت بھی فراہم کریں گے۔
ہندوستان کو ”دنیا کے ہنر کی دارالحکومت“ کے طور پر استحکام دینے کے اپنے وژن کے مطابق، وزیر اعظم انڈین انسٹی ٹیوٹ آف اسکلز (آئی آئی ایس) ممبئی کا بھی افتتاح کریں گے، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی اور صنعت کے لیے تیار تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنا ہے۔ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت قائم کیا گیا یہ ادارہ ٹاٹا ایجوکیشن اینڈ ڈیولپمنٹ ٹرسٹ اور حکومت ہند کے درمیان تعاون ہے۔ انسٹی ٹیوٹ کا منصوبہ ہے کہ وہ اعلیٰ مہارت والے شعبوں جیسے کہ میکاٹرونکس، مصنوعی ذہانت، ڈیٹا اینالیٹکس، صنعتی آٹومیشن اور روبوٹکس وغیرہ میں تربیت فراہم کرے گا۔
اس کے علاوہ، وزیر اعظم مہاراشٹر کے ودیا سمیکشا کیندر (وی ایس کے) کا افتتاح کریں گے۔ وی ایس کے طلبا، اساتذہ، اور منتظمین کو لائیو چیٹ بوٹ جیسے کہ اسمارٹ اپستھیتی، سوادھیائے اور دیگر کے ذریعے اہم تعلیمی اور انتظامی ڈیٹا تک رسائی فراہم کرے گا۔ یہ اسکولوں کو وسائل کا مؤثر طریقے سے انتظام کرنے، والدین اور ریاست کے درمیان تعلقات کو مضبوط بنانے، اور جوابی تعاون فراہم کرنے کے لیے اعلیٰ معیار کی بصیرت پیش کرے گا۔ یہ تدریسی طریقوں اور طلبا کی آموزش کو بڑھانے کے لیے تیار کردہ تدریسی وسائل بھی فراہم کرے گا۔