وشوکرما جینتی کے موقع پر، وزیر اعظم جناب نریندر مودی 17 ستمبر 2023 کو صبح تقریباً 11 بجے انڈیا انٹرنیشنل کنونشن اینڈ ایکسپو سینٹر، دوارکا، نئی دہلی میں ‘‘ پی ایم وشوکرما’’ کے نام سے ایک نئی اسکیم کا آغاز کریں گے۔
روایتی دستکاری سے وابستہ لوگوں کو مدد فراہم کرنے کے معاملے پر وزیر اعظم کی مستقل توجہ رہی ہے۔ اس توجہ کے پس پشت نہ صرف کاریگروں اور دستکاروں کی مالی مدد کرنے کی خواہش کارفرما ہے، بلکہ یہ قدیم روایت، ثقافت اور متنوع ورثے کو زندہ رکھنے اور مقامی مصنوعات، آرٹ اور دستکاری کے ذریعے پھل پھولنے کی خواہش پر مبنی ہے۔
پی ایم وشوکرما کو مرکزی حکومت 13,000 کروڑ روپے کے اخراجات کے ساتھ مکمل طور پر فنڈ فراہم کرے گی۔ اسکیم کے تحت، وشوکرماؤں کو بایومیٹرک پر مبنی پی ایم وشوکرما پورٹل کا استعمال کرتے ہوئے کامن سروس سینٹرز کے ذریعے مفت رجسٹر کیا جائے گا۔ انہیں پی ایم وشوکرما سرٹیفکیٹ اور شناختی کارڈ، بنیادی اور اعلیٰ تربیت پر مشتمل مہارت کی اپ گریڈیشن، 15,000 روپئےکی ٹول کٹ کی ترغیب،1 لاکھ روپئے (پہلی قسط) اور2 لاکھ روپئے (دوسری قسط) تک بغیر ضمانت کے کریڈٹ سپورٹ کے ذریعے پہچان ،5فیصد کی رعایتی شرح سود، ڈیجیٹل لین دین اور مارکیٹنگ سپورٹ کے لیے ترغیب فراہم کی جائے گی۔
اس اسکیم کا مقصد گرو-ششیہ پرمپرا یا خاندان پر مبنی روایتی ہنر کی مشق کو مضبوط کرنااور پروان چڑھانا ہے جو وشوکرما اپنے ہاتھوں اور اوزاروں سے کام کر رہے ہیں۔ پی ایم وشوکرما کی اولین توجہ کاریگروں اور دستکاروں کی مصنوعات اور خدمات تک رسائی کے ساتھ ساتھ معیار کو بہتر بنانا ہے اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ گھریلو اور عالمی ویلیو چینز کے ساتھ مربوط ہوں۔
یہ اسکیم ہندوستان بھر میں دیہی اور شہری علاقوں کے کاریگروں اور دستکاروں کو مدد فراہم کرے گی۔ پی ایم وشوکرما کے تحت اٹھارہ روایتی دستکاریوں کا احاطہ کیا جائے گا۔ ان میں شامل ہیں (i) بڑھئی؛ (ii) کشتی بنانے والا؛ (iii) اسلحہ ساز (iv) لوہار؛ (v) ہتھوڑا اور ٹول کٹ بنانے والا؛ (vi) تالہ بنانے والا؛ (vii) سنار (viii) کمہار (ix) مجسمہ ساز، پتھر توڑنے والا؛ (x) موچی (جوتا بنانے والا / جوتے کا کاریگر)؛ (xi) میسن (راج مستری)؛ (xii) ٹوکری/چٹائی/جھاڑو بنانے والا/رسی بننے و الا؛ (xiii) گڑیا اور کھلونا بنانے والا (روایتی)؛ (xiv) حجام (xv) مالا بنانے والا؛ (xvi) دھوبی؛ (xvii) درزی اور (xviii) ماہی گیری کے جال بنانے والا۔