وزیر اعظم جناب نریندر مودی انڈین موبائل کانگریس 2023 کے 7ویں ایڈیشن کا افتتاح 27 اکتوبر 2023 کو صبح 9:45 بجے بھارت منڈپم، پرگتی میدان، نئی دہلی میں کریں گے۔ پروگرام کے دوران، وزیر اعظم ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو 100 ’5جی یوز کیس لیبز‘ سے نوازیں گے۔ یہ لیبز ’100 5جی لیبز اقدام‘ کے تحت تیار کی جا رہی ہیں۔
'100 5جی لیبز پہل'، 5جی ایپلی کیشنز کی ترقی کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے 5جی ٹیکنالوجی سے وابستہ مواقع کا ادراک کرنے کی ایک کوشش ہے جو ہندوستان کی منفرد ضروریات کے ساتھ ساتھ عالمی تقاضوں کو بھی پورا کرتی ہے۔ یہ منفرد اقدام مختلف سماجی اقتصادی شعبوں جیسے تعلیم، زراعت، صحت، بجلی، نقل و حمل وغیرہ میں جدت کو فروغ دے گا اور ملک کو 5جی ٹیکنالوجی کے استعمال میں سب سے آگے بڑھائے گا۔ یہ پہل ملک میں 6جی کے لیے تیار تعلیمی اور اسٹارٹ اپ ماحولیاتی نظام کی تعمیر کے لیے بھی ایک اہم قدم ہے۔ مزید اہم بات یہ ہے کہ یہ پہل دیسی مواصلات ٹیکنالوجی کی ترقی کی طرف ایک قدم ہے جو قومی سلامتی کے لیے اہم ہے۔
انڈیا موبائل کانگریس (آئی ایم سی) ایشیا کا سب سے بڑا مواصلات ، میڈیا اور ٹیکنالوجی فورم ہے اور یہ 27 سے 29 اکتوبر 2023 تک منعقد ہوگی۔ یہ تقریب مواصلات اور ٹیکنالوجی میں ہندوستان کی ناقابل یقین ترقی کو اجاگر کرنے کے لیے ایک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گی جو اہم اعلانات لے کر آئے گا اور اختراعی مصنوعات اور حل کے مظاہرے کے لیے اسٹارٹ اپس کو ایک موقع فراہم کرے گا۔
موضوع 'گلوبل ڈیجیٹل انوویشن' کے ساتھ، آئی ایم سی 2023 کا مقصد ایک ڈویلپر، مینوفیکچرر، اور کلیدی جدید ٹیکنالوجیز کے برآمد کنندہ کے طور پر ہندوستان کی پوزیشن کو مضبوط کرنا ہے۔ تین روزہ کانگریس 5جی، 6جی، مصنوعی ذہانت (اے آئی ) جیسی ٹیکنالوجیز پر روشنی ڈالے گی اور سیمی کنڈکٹر انڈسٹری، گرین ٹیکنالوجی، سائبر سیکورٹی وغیرہ سے متعلق مسائل پر تبادلہ خیال کرے گی۔
اس سال، آئی ایم سی ایک اسٹارٹ اپ پروگرام – ’ایزپایر‘ متعارف کروا رہا ہے۔ یہ اسٹارٹ اپس، سرمایہ کاروں اور قائم شدہ کاروباروں کے درمیان روابط کو فروغ دے گا جس کا مقصد تازہ کاروباری اقدامات اور تعاون کو متحرک کرنا ہے۔
آئی ایم سی 2023 میں تقریباً 22 ممالک کے ایک لاکھ سے زائد شرکاء بشمول 5000 سی ای او سطح کے مندوبین، 230 نمائش کنندگان، 400 اسٹارٹ اپس، اور دیگر متعلقہ فریق شرکت کریں گے۔