وزیر اعظم جناب نریندر مودی 23 نومبر کو صبح 11 بجے اراکین پارلیمنٹ کے لئے تعمیر کیے گئے کثیر منزلہ فلیٹوں کا ویڈیو کانفرنسنگ کے توسط سے افتتاح کریں گے۔ اس موقع پر لوک سبھا کے اسپیکر جناب اوم برلا بھی موجود ہوں گے۔
یہ فلیٹ نئی دہلی میں ڈاکٹر بی ڈی مارگ پر واقع ہیں۔ یہ 76 فلیٹس تقریباً 80 برس سے زیادہ پرانے آٹھ بنگلوں کی زمین پر ازسر نو تعمیر کیے گئے ہیں۔ ان فلیٹوں کی تعمیر پر منظور شدہ رقم کا 14 فیصد پیسہ کم خرچ ہوا ہے اور کووِڈ۔19 وبائی مرض کے باوجود کافی کم عرصے میں یہ کام مکمل کیا گیا ہے۔
ان فلیٹوں کی تعمیر کے دوران مختلف گرین بلڈنگ پہل قدمیوں کو مدنظر رکھا گیا۔ اس کے تحت فلائی ایش اور تعمیر اور منہدم کی گئیں عمارتوں سے نکلے کچرے سے تیار اینٹوں کا استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ تھرمل انسولیشن کے لئے دوہری گلیزڈ کھڑکیاں اور توانائی کی بچت کرنے والی ایل ای ڈی لائٹ فٹنگز، لائٹ کنٹرول کے لئے سینسر، کم بجلی کھپت یقینی بنانے کے لئے وی آر وی نظام سے آراستہ ایئر کنڈیشنر، پانی کی بچت کرنے والی کم بہاؤ والی ٹونٹیاں، بارش کا پانی جمع کرنے کا نظام اور شمسی پلانٹ لگائے گئے ہیں۔