وزیر اعظم جناب نریندر مودی 29 مئی کو 12 بجے دن میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے آسام کی پہلی وندے بھارت ایکسپریس کو ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کریں گے۔
جدید ترین سہولیات سے لیس وندے بھارت ایکسپریس اس خطہ کے لوگوں کو تیز رفتار اور سہولت آمیز سفر کا ذریعہ فراہم کرے گی۔ اس سے خطہ میں سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔ گوہاٹی کو نیو جلپائی گڑی سے جوڑنے والی یہ ٹرین موجودہ سب سے تیز رفتار ٹرین کے مقابلے دونوں مقامات کے درمیان سفر کے وقت کو تقریباً ایک گھنٹہ کم کرنے میں مدد کرے گی۔ وندے بھارت اس سفر کو 5 گھنٹے 30 منٹ میں پورا کرے گی، جب کہ موجودہ سب سے تیز رفتار ٹرین اسی دوری کو پورا کرنے میں 6 گھنٹے 30 منٹ کا وقت لیتی ہے۔
وزیر اعظم بجلی سے لیس کیے گئے 182 کلومیٹر کے نئے حصے کو بھی قوم کو وقف کریں گے۔ اس سے تیز رفتار ٹرین کے ذریعے آلودگی سے پاک نقل و حمل میں مدد ملے گی اور ٹرینوں کے چلنے کے وقت میں کمی بھی آئے گی۔ اس سے بجلی سے لیس حصے میں چلنے والی ٹرینوں کے لیے میگھالیہ میں داخل ہونے کے دروازے بھی کھلیں گے۔
وزیر اعظم آسام کے لومڈنگ میں نو تعمیر ڈیمو/میمو شیڈ کا بھی افتتاح کریں گے۔ یہ نئی سہولت اس خطہ میں چلنے والے ڈیمو ریکس کی دیکھ بھال میں مددگار ہوگی، اور کام کاج کا بہتر موقع فراہم کرے گی۔