وزیر اعظم جناب نریندر مودی21-22 جنوری 2023 کو نیشنل ایگری کلچر سائنس کامپلیکس، پوسا، نئی دہلی میں ڈائرکٹر جنرلس/ انسپکٹر جنرلس آف پولیس کی کل ہند کانفرنس 2023 میں شرکت کریں گے۔
20 سے 22 جنوری 2023 تک منعقد ہونے والی یہ سہ روزہ کانفرنس ہائبرڈ فارمیٹ میں ہوگی۔ ریاستوں/مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے ڈی جی پی اور مرکزی مسلح پولس دستوں اور مرکزی پولس تنظیموں کے سربراہان سمیت تقریباً 100 مدعوئین اس کانفرنس میں فزیکل طور پر شرکت کریں گے ، جبکہ بقیہ مدعوئین ملک بھر سے اس کانفرنس میں ورچووَل طریقہ سے حصہ لیں گے۔
اس کانفرنس کے دوران سائبر جرائم، پولیس نظام میں تکنالوجی، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے میں درپیش چنوتیوں، بایاں بازو انتہا پسندی، صلاحیت سازی، جیلوں کی اصلاحات سمیت کئی موضوعات پر تبادلہ خیالات عمل میں آئیں گے۔ یہ کانفرنس دراصل شناخت شدہ موضوعات پر ضلع، ریاست اور قومی سطحوں کے پولیس اور خفیہ افسران کو شامل کرکے کیے جانے والے تفصیلی غور و خوض کی اعلیٰ ترین سطح ہے۔ان میں سے ہر ایک موضوع کے تحت ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے بہترین طور طریقوں کو اس کانفرنس کے دوران پیش کیا جائے گا، تاکہ ریاستیں ایک دوسرے سے سیکھ سکیں۔
سال 2014 سے ہی وزیر اعظم نے ڈی جی پی کانفرنس میں گہری دلچسپی دکھائی ہے۔ جہاں پہلے اس کانفرنس میں وزرائے اعظم کی محض علامتی موجودگی ہوا کرتی تھی، وہیں اب وزیر اعظم اس کانفرنس کے تمام اہم سیشنوں میں موجود رہتے ہیں۔ وزیر اعظم نہ صرف تمام معلومات اور سجھاؤں کو غور سے سنتے ہیں، بلکہ آزاد اور غیر رسمی تبادلہ خیالات بھی کرتے ہیں، تاکہ نئے نئے خیالات سامنے آسکیں۔ اس سے ملک کے سرکردہ پولیس افسران کو پورے ملک کو متاثر کرنے والے پولیس نظام اور داخلی سلامتی سے متعلق موضوعات پر وزیر اعظم کو راست طور پر معلومات فراہم کرنے اور ان کے سامنے اپنی کھلی یا بے باک سفارشات پیش کرنے کے لیے ازحد موافق ماحول ملتا ہے۔
اس کے علاوہ وزیر اعظم کے ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے اس کانفرنس میں اب پولیس نظام اور سلامتی سے متعلق مستقبل پر مرتکز موضوعات پر تبادلہ خیالات شروع کر دیا گیا ہے، تاکہ نہ صرف موجودہ وقت میں سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے ، بلکہ ابھرتے ہوئے مسائل اور چنوتیوں کا سامنا کرنے کی صلاحیت بھی پیدا کی جا سکے۔
وزیر اعظم نے سال 2014 سے ہی پوری ملک میں سالانہ ڈی جی پی کانفرنسوں کا اہتمام کیے جانے کی حوصلہ افزائی کی ہے۔ یہ کانفرنس سال 2014 میں گواہاٹی میں؛ سال 2015 میں دھورڈو، کچھ کے رَن میں ؛ سال 2016 میں نیشنل پولیس اکیڈمی، حیدرآباد میں؛ سال 2017 میں بی ایس ایف اکیڈمی، ٹیکن پور میں؛ سال 2018 میں کیوڑیا میں؛ سال 2019 میں آئی آئی ایس ای آر، پونے میں اور سال 2021 میں پولیس صدر دفاتر، لکھنؤ میں منعقد کی گئی تھی۔