وزیر اعظم جناب نریندر مودی 12 مئی، 2022 کو صبح میں 10 بج کر 30 منٹ پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے گجرات کے بھروچ میں منعقد ہونے والے ’اُتکرش سماروہ‘ سے خطاب کریں گے۔ یہ پروگرام ریاستی حکومت کے ذریعے ضلع میں چار کلیدی اسکیموں کے 100 فیصد مکمل ہونے کے جشن کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے، جس سے ضرورت مندوں کو بروقت مالی مدد فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
بھروچ کی ضلع انتظامیہ نے بیواؤں، بزرگوں اور بے سہارا شہریوں کو مدد فراہم کرنے والی اسکیموں کے مکمل طور پر نفاذ کو یقینی بنانے کے مقصد سے، اس سال یکم جنوری سے 31 مارچ تک ’اُتکرش پہل‘ کی مہم چلائی تھی۔ چاروں اسکیموں، یعنی ’گنگا سوروپ آرتھک سہائے یوجنا‘، ’اندرا گاندھی وردھ سہائے یوجنا‘، ’نرادھار وردھ آرتھک سہائے یوجنا‘ اور ’راشٹریہ کٹمب سہائے یوجنا‘ کے تحت کل 12854 مستفیدین کی نشاندہی کی گئی تھی۔
اس مہم کے دوران، جن لوگوں کو اسکیم سے فائدہ حاصل نہیں ہو رہا تھا ان کے بارے میں معلومات جمع کرنے کے لیے تعلقہ کی سطح پر وہاٹس ایپ ہیلپ لائن نمبروں کا اعلان کیا گیا تھا۔ ضلع کے تمام گاؤوں اور میونسپلٹی والے علاقوں کے وارڈوں میں اُتکرش کیمپ لگائے گئے تھے، جہاں ضروری کاغذات جمع کرانے والے درخواست گزاروں کو اسی جگہ منظوری دے دی گئی تھی۔ اس مہم کو مزید آگے بڑھانے والے اُتکرش کے معاونین کو اجرت بھی دی گئی تھی۔