امدادِ باہمی کے بین الاقوامی دن کے موقع پر، وزیر اعظم جناب نریندر مودی یکم جولائی کو دن میں 11 بجے نئی دلّی کے پرگتی میدان میں 17ویں انڈین کوآپریٹو کانگریس سے خطاب کریں گے۔
"سہکار سے سمردھی" کے ویژن میں وزیر اعظم کے پختہ یقین کے تحت، حکومت ، ملک میں تعاون پر مبنی تحریک کو فروغ دینے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہی ہے۔ اس کوشش کو تقویت دینے کے لیے حکومت نے امدادِ باہمی کی ایک علیحدہ وزارت تشکیل دی ہے ۔ پروگرام میں وزیر اعظم کی شرکت ، اس سمت میں ایک اور قدم ہے۔
17ویں انڈین کوآپریٹو کانگریس کا انعقاد 1-2 جولائی، 2023 ء کو کیا جائے گا ۔ اس کا مقصد کو امدادِ باہمی تحریک کے مختلف رجحانات پر تبادلۂ خیال کرنا، اپنائے جانے والے بہترین طریقوں کو اجاگر کرنا، درپیش چیلنجوں پر غور و خوض کرنا اور بھارت کی امدادِ باہمی تحریک کے فروغ کے لیے مستقبل کی پالیسی مرتب کرنا ہے۔ کانگریس میں سات تکنیکی اجلاس ہوں گے ، جس کے خاص موضوع ہے ، ’’امرت کال: ایک تابناک بھارت کے لیے امدادِ باہمی کے ذریعے خوشحالی‘‘۔ اس میں بنیادی سطح سے لے کر قومی سطح تک کے امدادِ باہمی اداروں ، امدادِ باہمی کے بین الاقوامی اداروں کے مندوبین ، بین الاقوامی امدادِ باہمی اتحاد کے نمائندے ، وزارتوں ، یونیورسٹیوں کے نمائندوں اور اہم اداروں کے نمائندوں سمیت 3600 سے زیادہ فریقین شرکت کریں گے ۔