میں 23 سے 24 مئی 2022 تک جاپان کے وزیر اعظم جناب فومیو کیشیدا کی دعوت پر ٹوکیو، جاپان کا دورہ کروں گا۔
مارچ 2022 میں، مجھے 14ویں ہند-جاپان سالانہ کانفرنس کے لیے وزیر اعظم کیشیدا کی میزبانی کرنے کا پرُ مسرت موقع حاصل ہوا تھا۔ ٹوکیو کے اپنے دورے کے دوران، میں ہندوستان-جاپان کے درمیان خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے مقصد کے ساتھ، اپنی بات چیت کو مزید آگے بڑھانے کا منتظر ہوں۔
جاپان میں، میں ذاتی طور پر دوسرے کواڈ لیڈرز سمٹ میں بھی شرکت کروں گا، جو چاروں کواڈ ممالک کے رہنماؤں کو کواڈ اقدامات کی پیشرفت کا جائزہ لینے کا موقع فراہم کرے گا۔ ہم ہند-بحر الکاہل خطے میں ہونے والی پیش رفت اور باہمی دلچسپی کے عالمی مسائل کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
میں صدر جوزف بائیڈن کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کروں گا، جہاں ہم امریکہ کے ساتھ اپنے کثیر جہتی دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر تبادلہ خیال کریں گے، ہم علاقائی ترقی اور عصری عالمی مسائل پر بھی اپنی بات چیت جاری رکھیں گے۔
نو منتخب آسٹریلوی وزیر اعظم انتھونی البانیز پہلی بار کواڈ لیڈرز سمٹ میں شامل ہوں گے۔ میں ان کے ساتھ دو طرفہ ملاقات کا منتظر ہوں جس کے دوران جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کے تحت ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کثیر جہتی تعاون اور باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
ہندوستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعاون ہماری خصوصی اسٹریٹجک اور عالمی شراکت داری کا ایک اہم پہلو ہے۔ مارچ اجلاس کے دوران، پی ایم کیشیدا اور میں نے جاپان سے ہندوستان تک اگلے پانچ سالوں میں سرکاری اور نجی سرمایہ کاری اور فنانسنگ میں 5 ٹریلین جاپانی ین کے حصول کے اپنے ارادے کا اعلان کیا تھا۔ آنے والے دورے کے دوران، اس مقصد کے حصول کے لیے، میں جاپانی کاروباری رہنماؤں سے ملاقات کروں گا جس کا مقصد ہمارے ممالک کے درمیان اقتصادی روابط کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
جاپان میں تقریباً 40,000 ہندوستانی نژاد افراد موجود ہیں، جو جاپان کے ساتھ ہمارے تعلقات میں ایک اہم رابطہ ہیں۔ میں ان کے ساتھ بات چیت کا منتظر ہوں۔