میرے عزیز دوست سکاٹ، نمسکار!
ہولی کے تہوار اور انتخابی جیت پر آپ کی نیک خواہشات کے لیے میں آپ کا شکر گزار ہوں۔
تمام ہندوستانیوں کی طرف سے، میں کوئنز لینڈ اور نیو ساؤتھ ویلز میں سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔
اپنی گزشتہ ورچوئل سمٹ کے دوران، ہم نے اپنے تعلقات کو ایک جامع اسٹریٹجک پارٹنرشپ کی طرف بڑھایا تھا۔ اور مجھے خوشی ہے کہ آج ہم دونوں ممالک کے درمیان سالانہ سربراہی اجلاس کا طریقہ کار تشکیل دے رہے ہیں۔
جناب عالی،
ہمارے تعلقات نے گزشتہ چند سالوں میں قابل ذکر ترقی کی ہے۔ تجارت اور سرمایہ کاری، دفاع اور سلامتی، تعلیم اور اختراع، سائنس اور ٹیکنالوجی – ان تمام شعبوں میں ہمارا بہت قریبی تعاون رہا ہے۔ ہمارا تعاون بہت سے دوسرے شعبوں میں بھی تیزی سے بڑھا ہے، جیسے معدنیات، پانی کا انتظام، قابل تجدید توانائی، اور کووڈ-19 تحقیق۔
میں بنگلورو میں سینٹر آف ایکسیلنس فار کریٹیکل اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی پالیسی کے قیام کے اعلان کا تہہ دل سے خیر مقدم کرتا ہوں۔ یہ ضروری ہے کہ ہمارے درمیان سائبر اور اہم اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں بہتر تعاون ہو۔ یہ ہم جیسے اقدار کے حامل ممالک کی ذمہ داری ہے کہ وہ ان ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز میں مناسب عالمی معیارات کو اپنائیں۔
جناب عالی،
ہمارا جامع اقتصادی تعاون کا معاہدہ – ”CECA“، اس پر، جیسا کہ آپ نے کہا، میں بھی یہ کہنا چاہتا ہوں کہ بہت کم وقت میں قابل ذکر پیش رفت ہوئی ہے۔ مجھے یقین ہے کہ باقی مسائل پر بھی جلد اتفاق ہو جائے گا۔ ”سی ای سی اے“ کی جلد تکمیل ہمارے اقتصادی تعلقات، اقتصادی بحالی اور اقتصادی سلامتی کے لیے اہم ہوگی۔
کواڈ میں بھی ہمارے درمیان اچھا تعاون ہے۔ ہمارا تعاون آزاد، کھلے اور جامع ہند-بحرالکاہل کے لیے ہمارے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔ کواڈ کی کامیابی علاقائی اور عالمی استحکام کے لیے بہت اہم ہے۔
جناب عالی،
میں خاص طور پر اس سلسلے میں آپ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ آپ نے قدیم ہندوستانی نوادرات کو واپس کرنے کی پہل کی۔ اور جو نوادرات آپ نے بھیجے ہیں ان میں سینکڑوں سال پرانی مورتیاں اور پینٹنگز شامل ہیں جنھیں راجستھان، مغربی بنگال، گجرات، ہماچل پردیش کے ساتھ ساتھ کئی دیگر ہندوستانی ریاستوں سے غیر قانونی طور پر لے جایا گیا تھا۔ اور اس کے لیے میں تمام ہندوستانیوں کی طرف سے آپ کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں۔
کرکٹ ورلڈ کپ میں آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی شاندار کارکردگی پر آپ کو بہت بہت مبارکباد۔ ہفتہ کے میچ میں آسٹریلیا نے فتح حاصل کی لیکن ٹورنامنٹ ابھی ختم نہیں ہوا۔ دونوں ممالک کی ٹیموں کے لیے میری نیک خواہشات۔
جناب عالی،
ایک بار پھر، میں آج آپ کے ساتھ تبادلہ خیالات کرنے کا موقع ملنے پر اپنی خوشی کا اظہار کرتا ہوں۔
اب میں میڈیا کے دوستوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اوپن سیشن کا اختتام کرنا چاہتا ہوں۔ اس کے بعد، چند لمحوں کے توقف کے بعد، میں اگلے ایجنڈے کے آئٹم پر اپنے خیالات پیش کرنا چاہوں گا۔