وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج بالی میں جی-20 لیڈران کے سربراہی اجلاس کے موقع پر امریکہ کے صدر عزت مآب جناب جوزف آر. بائیڈن اور انڈونیشیا کے صدر عزت مآب جناب جوکو وڈوڈو سے ملاقات کی۔
وزیراعظم جناب مودی نے اس بات پر زور دیا کہ جی-20 بین الاقوامی اقتصادی تعاون کا ایک اہم فورم ہے، اور جی-20 کی اہمیت پر زور دیا کہ وہ عالمی چیلنجوں پر قابو پانے کے لیے بڑی معیشتوں کو اکٹھا کرنے کی اپنی صلاحیت کا مظاہرہ کرتا ہے۔ جی-20 ہماری معیشتوں اور اس سے آگے پائیدار اور جامع ترقی کی بحالی، موجودہ آب و ہوا، توانائی اور خوراک کے بحرانوں سے نمٹنے، عالمی صحت کے ڈھانچے کو مضبوط بنانے اور تکنیکی تبدیلی کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کر رہا ہے۔
وزیراعظم جناب مودی نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ہندوستان اپنی صدارت کے دوران دیگر ترقی پذیر ممالک کو آواز عطا کرے گا، اور انہوں نے جامع ترقی کی حمایت، اقتصادی سلامتی اور عالمی سپلائی چین کو مضبوط کرنے؛ کثیر الجہتی مالیاتی اداروں کے لیے بہتر اور جدید فائنانسنگ ماڈل تیار کرنے؛ آب و ہوا میں تبدیلی، وبائی امراض، معاشی کمزوری، غربت میں کمی اور ایس ڈی جیز کے حصول جیسے چیلنجوں کا حل فراہم کرنے؛ اور انفراسٹرکچر کے فرق کو ختم کرنے کے لیے عوامی اور نجی فائنانسنگ کا فائدہ اٹھانے اور کمزور ممالک کی مدد میں جی-20 کے کردارپر زور دیا۔
وزیراعظم جناب مودی نے صدر وڈوڈو اور صدر بائیڈن کا ہندوستان کی صدارت میں جی-20 کے کام کی حمایت کرنے کے عزم کے لیے شکریہ ادا کیا۔