وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج یوکرین کی حکومت کو چار بھیشم (سہیوگ ہِت اور میتری کے لیے بھارت کی صحتی پہل قدمی) کیوبس پیش کیے۔ یوکرین کے صدر محترم جناب ولودیمیر زیلنسکی نے انسانی بنیاد پر دیے گئے اس تعاون کے لیے وزیر اعظم کا شکریہ ادا کیا۔ یہ کیوبس مجروحین کے فوری علاج میں مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ بیش قیمتی زندگیوں کو بچانے میں بھی تعاون دیں گے۔
ہر ایک بھیشم کیوب ہر قسم کی چوٹوں اور طبی حالات کی دیکھ بھال کے شروعاتی مرحلے کے لیے ادویات اور آلات پر مشتمل ہوتا ہے۔ اس میں ایک بنیادی آپریشن روم کے لیے جراحی کا سامان بھی شامل ہے جو روزانہ 10-15 بنیادی سرجریوں کا انتظام کر سکتا ہے۔ کیوب میں چوٹ لگنے، خون بہنے، جلنے، فریکچر وغیرہ جیسے متنوع نوعیت کے تقریباً 200 معاملات کو سنبھالنے کی صلاحیت موجود ہے۔ یہ محدود مقدار میں اپنی خود کی طاقت اور آکسیجن بھی پیدا کر سکتا ہے۔ ہندوستان سے ماہرین کی ایک ٹیم کو یوکرین کی ٹیم کو کیوب چلانے کے لیے ابتدائی تربیت فراہم کرنے کی غرض سے تعینات کیا گیا ہے۔
یہ قدم یوکرین کو انسانی بنیاد پر امداد فراہم کرنے کے لیے ہندوستان کے مسلسل عزم کی نشاندہی کرتا ہے۔