وزیر اعظم نریندر مودی نے بنگلورو کے طالب علم اسٹیون ہیرس کو خط لکھ کر ان کے ذریعے بنائی گئی پینٹنگ کی تعریف کی ہے۔ دراصل، اس 20 سالہ ابھرتے فنکار نے ایک لیٹر کے ساتھ وزیر اعظم کی دو خوبصورت پینٹنگ بناکر انہیں بھیجی تھی۔ اس کے جواب میں اب وزیر اعظم مودی نے خط لکھ کر اسٹیون کا حوصلہ بڑھایا ہے۔
وزیر اعظم نے خط میں لکھا ہے کہ تخلیقی شعبہ میں نوجوانوں کی لگن اور محنت کو دیکھنا انتہائی خوشی کا باعث ہے۔ وزیر اعظم نے اسٹیون کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کی پینٹنگ سے آپ میں چیزوں کو گہرائی سے تجربہ کرنے کی صلاحیت کا پتہ چلتا ہے۔ آپ نے جس باریکی سے اپنے جذبات کو کینوس پر اتارا ہے، اسے دیکھ کر دل خوش ہو جاتا ہے۔
ساتھ ہی اس خط میں وزیر اعظم مودی نے اسٹیون کے خیالات کی بھی تعریف کی ہے۔ دور حاضر میں لوگوں کی اچھی صحت اور خوشحالی کو لیکر اسٹیون کے خیالات کی وزیر اعظم نے تعریف کی ہے۔ ساتھ ہی وزیر اعظم نے لکھا، ’’ٹیکہ کاری مہم، شائستگی اور 130 کروڑ ہندوستانیوں کی مشترکہ کوشش اس وبائی مرض کے خلاف ہماری لڑائی کو مضبوطی فراہم کر رہے ہیں۔‘‘
وزیر اعظم نے امید جتائی ہے کہ معاشرہ میں پازیٹویٹی پھیلانے کی اسٹیون کی کوششوں سے دوسرے لوگوں کو بھی حوصلہ ملے گا۔
اس سے پہلے اسٹیون نے وزیر اعظم مودی کو لکھے خط میں بتایا تھا کہ وہ گزشتہ 15 سالوں سے پینٹنگ کر رہے ہیں اور مختلف سطحوں پر 100 سے زیادہ انعامات بھی جیت چکے ہیں۔ اسٹیون نے وزیر اعظم مودی کو اپنے حوصلہ کا باعث بتایا ہے۔ ساتھ ہی اسٹیون نے کورونا کے خلاف لڑائی میں ہندوستان کی ٹیکہ کاری مہم کی بھی تعریف کی تھی۔
اسٹیون ہیرس کی دو پینٹنگ