چیک جمہوریہ کے وزیراعظم عزت مآب جناب پیٹر فیالا وائبرینٹ گجرات گلوبل سمٹ 2024میں شرکت کے لئے 9 سے 11 فروری 2024 تک ہندوستان کے دورے پر ہیں۔
وزیراعظم جناب نریندر مودی نے آج وزیراعظم فیالا سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو آگے لے جانے کے راستے تلاش کرنے پر بات کی۔ خاص طور سے نالج، ٹیکنالوجی اور سائنس کے شعبوں کا احاطہ کیاگیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ متعدد چیک کمپنیوں نے میک ان انڈیا پہل کے تحت دفاع، ریلوے اور ہوابازی کے شعبوں میں ہندوستانی مینوفیکچررز کے ساتھ ساجھیداری کی ہے۔ انہوں نے اس بات کو بھی اجاگر کیا کہ ہندوستان کے ترقی کے سفر اور چیک جمہوریہ کی فعال صنعتی بنیاد عالمی سپلائی چین میں دونوں ملکوں کو مثالی ساجھیدار بناتی ہے۔
دونوں رہنماؤں نے اختراع پر ہند-چیک کلیدی ساجھیداری کے مشترکہ بیان کی منظوری کو ہندوستان اور چیک تعلقات میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ مشترکہ بیان دونوں ملکوں کے درمیان اسٹارٹ اپس اور اختراع ، سائبر اور سرکلر اکنومی جیسے شعبوں میں باہمی تال میل اور شراکت داری میں اضافے کے لئے سودمند ثابت ہوگا۔
وزیراعظم فیالا جے پور جائیں گے، جہاں این آئی ایم ایس یونیورسٹی کی جانب سے انہیں اعزازی ڈاکٹریٹ کی ڈگری عطا کی جائے گی۔