وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج گجرات کے بودیلی، چھوٹاادے پور میں5200 کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور قوم کو وقف کیا۔ ان میں’مشن اسکولس آف ایکسی لینس‘ پروگرام کے تحت 4500 کروڑ روپے سے زیادہ کے متعدد پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنا اور قوم کے نام وقف کرنا،’ودیا سمیکشا کیندر 2.0‘اور دیگر مختلف ترقیاتی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھنا شامل ہیں۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے خطے کے ساتھ اپنی طویل وابستگی کو یاد کیا۔ انہوں نے ان منصوبوں پر مسرت کا اظہار کیا، جن کا آج سنگ بنیاد رکھا گیا یا جن پروجیکٹوں کا افتتاح ہو ا۔ انہوں نے ایک کاریہ کارتا کے طور پر اپنے دنوں اور علاقے کے دیہاتوں میں گزرے وقت کو یادکیا۔ انہوں نے سامعین میں کئی جانے پہچانے چہروں کو دیکھ کر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ علاقے میں قبائلی برادری کے حالات اور زندگی سے بہت قریب سے واقف ہیں۔ انہوں نے حاضرین کو سرکاری ذمہ داریاں سنبھالتے ہی علاقے اور دیگر قبائلی علاقوں کی ترقی کے لئے اپنے عزم کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے اپنے دور میں شروع کی گئی کئی اسکیموں کے مثبت اثرات کو دیکھ کر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے ان بچوں کو دیکھ کر اپنی خوشی کا اظہار کیا، جنہوں نے پہلی بار اسکول کو دیکھا تھا اور اب وہ اساتذہ اور انجینئر کے طور پر زندگی میں اچھا کام کررہے ہیں۔
اسکولوں، سڑکوں، رہائش اور پانی کی دستیابی کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ معاشرے کے غریب طبقے کے لیے عزت کی زندگی کی بنیاد ہیں اور ان پر مشن موڈ میں کام کرنا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک میں غریبوں کے لیے 4 کروڑ سے زیادہ گھر تعمیر کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا’’ہمارے لیے، غریبوں کے لیے گھر صرف ایک عدد نہیں ہے، بلکہ وقار کا باعث ہے۔‘‘انہوں نے کہا کہ ان مکانات کے ڈیزائن کے بارے میں فیصلہ مستحقین پر چھوڑ دیا گیا ہے اور انہوں نے اس حقیقت کا بھی ذکر کیا کہ زیادہ تر گھر ،گھر کی خواتین کے نام پر ہیں۔ اسی طرح زندگی کی آسانی کو یقینی بناتے ہوئے ہر گھر کو پائپ سے پانی مل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جل جیون مشن کے تحت 10 کروڑ نئے پانی کے کنکشن فراہم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے سامعین سے کہا کہ ریاست میں کام کرتے ہوئے جو تجربہ حاصل ہوا ہے وہ قومی سطح پر بھی کام آرہا ہے۔ انہوں نے کہا’’آپ میرے استاد ہیں۔‘‘
تعلیمی شعبے کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آج کے پروجیکٹ گجرات کو سرفہرست رکھنے کی طرف ایک بہت بڑا قدم ہے اور وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل کی پوری ٹیم کو مبارکباد دی۔ وزیر اعظم مودی نے کہا’’مشن اسکول آف ایکسی لینس اور ودیا سمیکشا 2.0 کا اسکول میں تعلیم پر مثبت اثر پڑے گا۔‘‘ ودیا سمیکشا کیندروں کے بارے میں ورلڈ بینک کے چیئرمین کے ساتھ اپنی بات چیت کو یاد کرتے ہوئے جناب مودی نے بتایا کہ چیئرمین نے ان پر زور دیا کہ وہ ہندوستان کے ہر ضلع میں ودیا سمیکشا کیندرز قائم کریں اور عالمی بینک اس نیک مقصد کی حمایت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے زور دے کر یہ بات کہی کہ اس طرح کے اقدامات سے ہونہار طلباء کے ساتھ ساتھ ان لوگوں کو بھی بہت فائدہ پہنچے گا، جن کے پاس وسائل کی کمی ہے۔ انہوں نے کہا’’ہمارا مقصد قبائلی علاقوں کے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرتے ہوئے میرٹ کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔‘‘
وزیراعظم نے گزشتہ دو دہائیوں سے تعلیم اور ہنرمندی کی ترقی پر حکومت کی توجہ کو اجاگر کیا۔ پچھلی دو دہائیوں سے قبل وزیر اعظم نے اسکولوں اور کالجوں میں اساتذہ اور دیگر تعلیمی سہولیات کی کمی کی نشاندہی کی، جس کی وجہ سے بڑی تعداد تعلیم چھوڑ دیتی تھی۔ انہوں نے گجرات کے وزیر اعلیٰ کا عہدہ سنبھالتے وقت ریاست کے قبائلی علاقوں میں سائنس اسکول کی عدم موجودگی پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔ جناب مودی نے کہا کہ’’حکومت نے صورتحال کو مکمل طور پر تبدیل کر دیا ہے۔‘‘ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں 2 لاکھ اساتذہ کو بھرتی کیا گیا اور 1.25 لاکھ سے زیادہ کلاس روم بنائے گئے ہیں۔ قبائلی علاقوں میں وزیر اعظم نے زور دے کر کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں میں سائنس، تجارت اور آرٹس کے اداروں کا ایک ابھرتا ہوا نیٹ ورک دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے قبائلی علاقوں میں25 ہزار کلاس رومز اور5 نئے میڈیکل کالج بنائے ہیں اور گووند گرو یونیورسٹی اور برسا منڈا یونیورسٹی کی مثال دی ہے۔ انہوں نے روشنی ڈالی کہ ان خطوں میں ہنر کی ترقی کے بہت سے ادارے بھی قائم کئے گئے ہیں۔
نئی قومی تعلیمی پالیسی کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مادری زبان میں تعلیم قبائلی طلباء کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گی اور انہیں بااختیار بنائے گی۔ انہوں نے 14 ہزار سے زیادہ پی ایم شری اسکولوں اور ایکلویہ رہائشی اسکولوں کا بھی ذکر کیا، جو قبائلی علاقوں میں زندگی میں تبدیلی لا رہے ہیں۔ ایس سی/ایس ٹی اسکالرشپ سے بھی طلباء کو بڑی مدد مل رہی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ کوشش ہے کہ ملک کے اسٹارٹ اَپ ایکو سسٹم میں قبائلی نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ دور دراز کے اسکولوں میں اٹل ٹنکرنگ لیب، قبائلی طلباء میں سائنس میں دلچسپی پیدا کر رہی ہیں۔
آج کی دنیا میں ہنر کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کوشل وکاس کیندروں اور کوشل وکاس یوجنا کے تحت لاکھوں نوجوانوں کی تربیت کا ذکر کیا۔ وزیر اعظم مودی نے مدرا یوجنا کے تحت ضمانت کے بغیر قرضوں کے بارے میں بھی بات کی جو پہلی بار کے کروڑوں کاروباری پیدا کر رہی ہے۔ وندھن کیندروں سے ریاست میں لاکھوں قبائلیوں کو بھی فائدہ پہنچ رہا ہے۔ انہوں نے قبائلی مصنوعات اور دستکاری کے لیے خصوصی دکانوں کا بھی ذکر کیا۔
وزیر اعظم نے 17 ستمبر کو شروع کی گئی پی ایم وشوکرما یوجنا کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ نائی، درزی، دھوبی، کمہار، لوہار، سنار، ستار، مالاکار، موچی، راج مستری جیسے لوگوں کو کم سودپر آلات اور تربیت کے ساتھ قرض ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان صلاحیتوں اور روایات کو زندہ رکھنے کی یہ ایک کوشش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسکیم کے تحت قرض کے لیے کسی ضمانت کی ضرورت نہیں ہے، صرف ایک گارنٹی ہے اور وہ ہے مودی۔
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دلت، پسماندہ طبقات اور قبائلی اور وہ لوگ جو کبھی محروم تھے آج سرکار کی طرف سے لاگو کی گئی مختلف اسکیموں کی مدد سےترقی کی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ جناب مودی نے آزادی کی اتنی دہائیوں کے بعد قبائلیوں کےافتخار کو خراج عقیدت پیش کرنے کا موقع ملنے کے بارے میں بات کی اور بھگوان برسا منڈا کے یوم پیدائش کا ذکر کیا، جسے اب جن جاتیہ گورو دِوس کے طور پر منایا جاتا ہے۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی جانب سے قبائلی برادریوں کے بجٹ میں پہلے کے مقابلے میں 5 گنا اضافے کے بارے میں بھی بتایا۔
وزیر اعظم نے نارشکتی وندن ادھینیم کے بارے میں بات کی، جو پارلیمنٹ کی نئی عمارت سے منظور ہونے والا پہلا قانون بن گیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ قبائلیوں اور خواتین کو اتنے عرصے تک ان کے حقوق سے کیوں محروم رکھا گیا؟ انہوں نے کہا ’’میں چھوٹا ادے پور سمیت پورے قبائلی علاقے کی ماؤں اور بہنوں کو بتانے آیا ہوں کہ آپ کا یہ بیٹا آپ کے حقوق کو یقینی بنانے آیا ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ اب تمام خواتین کے لیے پارلیمنٹ اور اسمبلی میں شرکت کے راستے کھل گئے ہیں۔ انہوں نے ایس سی اور ایس ٹی طبقوں کو تحفظات فراہم کرنے والے آئین کا بھی ذکر کیا۔ یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ نئے قانون میں ایس سی/ایس ٹی زمروں کی خواتین کے لیے ریزرویشن کا بھی انتظام ہے۔ وزیر اعظم نے ہندوستان کی پہلی قبائلی خاتون صدر دروپدی مرمو جی کے اس قانون پر دستخط کرنے کے اتفاق پر روشنی ڈالی۔
خطاب کے اختتام پر وزیر اعظم نے یقین ظاہر کیا کہ امرت کال کے عہد پورے ہوں گے، کیونکہ اس کی شروعات شاندار ہے۔
اس موقع پر گجرات کے گورنرجناب آچاریہ دیوورت، گجرات کے وزیر اعلیٰ جناب بھوپیندر پٹیل،ممبر پارلیمنٹ جناب سی آر پاٹل اور حکومت گجرات کے وزراء ودیگرموجود تھے۔
پس منظر
وزیر اعظم نے مشن اسکول آف ایکسی لینس کے پروگرام کے تحت، جس طرح 4500کروڑ روپے سے زیادہ کی مالیت کے متعدد پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور قوم کو وقف کیا اس سے پورے گجرات میں اسکولوں کے بنیادی ڈھانچے کو بڑے پیمانے پر فروغ ملاہے۔ہزاروں نئے کلاس رومز، اسمارٹ کلاس رومز، کمپیوٹرلیبز، ایس ٹی ای ایم(سائنس، ٹیکنالوجی انجینئرنگ اور ریاضی) کی لیبز اور گجرات کے اسکولوں میں تعمیر کردہ دیگر بنیادی ڈھانچے کو بھی وزیر اعظم قوم کے نام وقف کریں گے۔ انہوں نے مشن کے تحت پورے گجرات کے اسکولوں میں ہزاروں کلاس رومز کو بہتر بنانے اور اپ گریڈ کرنے کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔
وزیر اعظم نے پروجیکٹ’ودیا سمیکشا کیندر2.0‘کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ یہ پروجیکٹ’ودیا سمیکشا کیندر‘کی کامیابی کی بنیاد پر بنایا جائے گا، جس نے گجرات میں اسکولوں کی مسلسل نگرانی اور طلباء کے سیکھنے کے نتائج میں بہتری کو یقینی بنایا ہے۔ ’ودیا سمیکشا کیندر 2.0‘ گجرات کے تمام اضلاع اور بلاکوں میں ودیا سمیکشا کیندروں کے قیام کا باعث بنے گا۔
پروگرام کے دوران وزیر اعظم نے متعدد ترقیاتی پروجیکٹوں کو قوم کے نام وقف کیا، جس میں ودودرا ضلع کے تعلقہ سینور میں ودودرا ڈابھوئی-سینور-مالسر-آسا روڈ پر نرمدا ندی پر تعمیر کردہ ایک نیا پل بھی شامل ہے۔ چب تلاؤ کی از سر نو ترقی کا پروجیکٹ ، داہود میں پانی کی فراہمی کا پروجیکٹ، ودودرا میں معاشی کمزور طبقے کے لیے تقریباً 400 نئے تعمیر شدہ مکانات، پورے گجرات کے 7500 گاؤں میں ولیج وائی فائی پروجیکٹ اور داہود میں نو تعمیر شدہ جواہر نوودیہ ودیالیہ کا بھی سنگ بنیاد رکھا اور قوم کے نام وقف کیا۔
وزیر اعظم نے چھوٹاادے پور میں واٹر سپلائی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ انہوں نے گودھرا میں ایک فلائی اوور پل اور مرکزی حکومت کی’براڈکاسٹنگ انفرااسٹرکچر اینڈ نیٹ ورک ڈیولپمنٹ(بی آئی این ڈی)‘ اسکیم کے تحت داہود میں ایف ایم ریڈیو اسٹوڈیو کی تعمیر کا سنگ بنیا دبھی رکھا۔