نئی دہلی، 04 جون2021: ایک تعجب خیز اقدام میں ،وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ،سی بی ایس ای کلاس 12 ویں کے طالب علموں کے ساتھ جاری تبادلہ خیال میں شرکت کی ۔اس تبادلہ خیال کا انعقاد ،وزارت تعلیم نے کیا تھا اور اس میں طالب علموں کے والدین بھی شریک تھے۔
ملک کے مختلف حصوں سے طلباء کو ورچوئل تبادلہ خیال کے لئے کنکٹ کیا گیا۔ طالب علموں کے ساتھ ماحول کو استوار کرنے کی غرض سے، وزیر اعظم نے اُس وقت طلباء کی اپنی زبان کے الفاظ ہی استعمال کئے ، جب وہ غیر ہندی بولنے والے علاقوں کے طالب علموں کے ساتھ بات کررہے تھے۔
وزیراعظم نے ، طالب علموں کے مثبت رجحان اورعمل آوری کے لئے ستائش کی اورکہا کہ یہ ہمارے ملک کے لئے ایک مسرت کا امر ہے کہ ہمارے طالب علم ،تمام مشکلات اورچیلنجوں کو اپنی قوت میں تبدیل کرلیتے ہیں اور یہی ہمارے ملک کا اصل استحکام ہے۔انہوں نے بات چیت کے دوران طالب علموں کے اعتماد کی بھی ستائش کی ۔
وزیر اعظم نے کہا کہ آپ لوگوں کے تجربات انتہائی اہم ہیں اور یہ آپ کی زندگی کے ہرمرحلے میں کارآمد ہوں گے ۔ انہوں نے ٹیم اسپرٹ کی مثال دی ، جو ہم اپنے اسکولوں اور کالجوں میں سیکھتے ہیں۔ کورونا کے دور میں ہم نے یہ نئے اسباق ایک نئے طریقے سے سیکھے ہیں اور اس آزمائش کے سخت دور میں اپنے ملک کی ٹیم کے جذبے کے استحکام کو بھی دیکھا ہے۔
وزیر اعظم نے طالب علموں پر زوردیا کہ وہ 5 جون کو ماحولیات کے لئے کچھ کریں ، جو کہ ماحولیات کا دن ہے اور اسی طرح سے 21 جون کو اپنے خاندان کے افراد کے ساتھ یوگا کریں ، جو کہ یوگا کا بین الاقوامی دن ہے۔انہوں نے طالب علموں پر یہ بھی زور دیا کہ ویکسی نیشن کے اندراج کے کرانے میں وہ اپنے خاندان کے ارکان اور پڑوسیوں کی مدد کریں۔