انڈین ریونیو سروس (کسٹم اور بالواسطہ ٹیکسز) کے 74ویں اور 75ویں بیچ اور بھوٹان کی رائل سول سروس کے زیر تربیت افسران کے ساتھ بات چیت
‘‘این اے سی آئی این کا رول ملک کو ایک جدید ماحولیاتی نظام فراہم کرنا ہے’’
‘‘شری رام اچھی حکمرانی کی اتنی بڑی علامت ہیں کہ وہ این اے سی آئی این کے لیے بھی ایک عظیم تحریک بن سکتے ہیں’’
‘‘ہم نے ملک کو جی ایس ٹی کی شکل میں ایک جدید نظام دیا اور انکم ٹیکس کو آسان بنایا اور بغیر چہرے والے جائزہ کو متعارف کرایا۔ ان تمام اصلاحات کے نتیجے میں ریکارڈ مقدار میں ٹیکس کی وصولی ہوئی ہے’’
‘‘ہم نے لوگوں سے جو کچھ لیا، ہم نے انہیں واپس کر دیا اور یہی اچھی حکمرانی اور رام راجیہ کا پیغام ہے’’
‘‘بدعنوانی کے خلاف جنگ، بدعنوان لوگوں کے خلاف کارروائی حکومت کی ترجیح ہے’’
‘‘اس ملک کے غریبوں میں یہ طاقت ہے کہ اگر انہیں وسائل فراہم کر دیے جائیں، تو وہ غربت کو خود ہی شکست دے دیں گے’’
‘‘موجودہ حکومت کی کوششوں سے گزشتہ 9 برسوں میں تقریباً 25 کروڑ لوگوں کو غریبی سے باہر نکالا گیا ہے’’

وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج آندھرا پردیش کے شری ستیہ سائیں ضلع کے پال سمودرم میں نیشنل اکیڈمی آف کسٹمز، بالواسطہ ٹیکسز اور منشیات کے نئے کیمپس کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اس موقع پر لگائی گئی نمائش کا بھی نظارہ کیا۔ وزیر اعظم نے انڈین ریونیو سروس (کسٹم اور بالواسطہ ٹیکسز) کے 74ویں اور 75ویں بیچ کے زیر تربیت افسران کے ساتھ ساتھ بھوٹان کی رائل سول سروس کے زیر تربیت افسران سے بھی بات چیت کی۔

اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے پال سمودرم میں نیشنل اکیڈمی آف کسٹمز، بالواسطہ ٹیکسز اور نارکوٹکس کے افتتاح کے لیے سب کو مبارکباد دی۔ پال سمودرم کے علاقے کی خصوصیت پر روشنی ڈالتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ روحانیت، ملک کی تعمیر اور اچھی حکمرانی سے وابستہ ہے اور ہندوستان کی وراثت کی نمائندگی کرتا ہے۔ انہوں نے پتپرتھی میں شری ستیہ سائیں بابا کی جائے پیدائش، عظیم مجاہد آزادی پدم شری کلور سبا راؤ، مشہور کٹھ پتلی فنکار دلوئی چل پتی راؤ اور عظیم الشان وجے نگر سلطنت کی اچھی حکمرانی کا تذکرہ اس علاقے سے متاثر کن ذرائع کے طور پر کیا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ این اے سی آئی این کا نیا کیمپس اچھی حکمرانی کی نئی جہتیں پیدا کرے گا اور ملک میں تجارت اور صنعت کو فروغ دے گا۔

 

آج تروولوور ڈے کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے عظیم تمل سادھو کا حوالہ دیا اور ٹیکس جمع کرنے میں ریونیو افسران کے کردار پر زور دیا جو جمہوریت میں لوگوں کی فلاح کا باعث بنتے ہیں۔

وزیر اعظم مودی نے اس سے پہلے لیپکشی میں ویربھدر مندر کا دورہ کیا اور رنگناتھ رامائن کا پاٹھ سنا۔ وزیر اعظم نے بھجن کیرتن میں بھکتوں کے ساتھ حصہ لیا۔ اس عقیدہ کا ذکر کرتے ہوئے کہ رام جٹایو سمواد قریب ہی ہوا تھا، وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ایودھیا دھام کے مندر میں پران پرتشٹھا سے پہلے 11 روزہ خصوصی انوشٹھان سے گزر رہے ہیں۔ انہوں نے اس مقدس گھڑی میں مندر میں آشیرواد حاصل کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ ملک میں پھیلے ہوئے رام بھکتی کے ماحول کو تسلیم کرتے ہوئے وزیر اعظم نے نشاندہی کی کہ شری رام کی ترغیب عقیدت سے بالاتر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شری رام اچھی حکمرانی کی اتنی بڑی علامت ہیں کہ وہ این اے سی آئی این کے لیے بھی ایک عظیم تحریک بن سکتے ہیں۔

مہاتما گاندھی کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ رام راجیہ کا تصور ہی حقیقی جمہوریت کا تصور ہے۔ انہوں نے رام راجیہ کے نظریے کی حمایت کے پیچھے مہاتما گاندھی کی زندگی کے تجربے پر روشنی ڈالی اور ایک ایسے ملک کے بارے میں بات کی جہاں ہر شہری کی آواز سنی جاتی ہے اور ہر ایک کو مناسب احترام ملتا ہے۔ ’’رام راجیہ کے شہریوں کے بارے میں کہا جاتا ہے‘‘، وزیر اعظم نے سنسکرت کے ایک شلوک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا، ’’رام راجیہ واسی (شہری)، اپنا سر اونچا رکھو اور انصاف کے لیے لڑو، سب کے ساتھ برابری کا سلوک کرو، کمزوروں کی حفاظت کرو، دھرم کو سب سے اوپر رکھو، تم رام راجیہ واسی ہو۔‘‘ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ رام راجیہ ان چار ستونوں پر قائم کیا گیا تھا جہاں ہر کوئی سر اٹھا کر اور وقار کے ساتھ چل سکتا ہے، ہر شہری کے ساتھ برابری کا سلوک کیا جاتا ہے، پسماندہ لوگوں کی حفاظت کی جاتی ہے، اور دھرم کو سب سے زیادہ اہمیت دی جاتی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا، ’’21ویں صدی میں ان جدید اداروں کے قواعد و ضوابط کو نافذ کرنے والے منتظمین کے طور پر، آپ کو ان چار اہداف پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے اور انہیں اپنے ذہن میں رکھنا چاہیے۔‘‘

وزیر اعظم نے رام راجیہ میں ٹیکس کے نظام کے بارے میں سوامی تلسی داس کے بیان کا بھی ذکر کیا۔ رام چرت مانس کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر اعظم نے ٹیکس کے فلاحی پہلو پر روشنی ڈالی اور کہا کہ لوگوں سے وصول ہونے والے ٹیکس کا ہر پیسہ خوشحالی پیدا کرنے اور لوگوں کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔ اس کی مزید وضاحت کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے پچھلے 10 سالوں میں ٹیکس اصلاحات کے بارے میں بات کی۔ انہوں نے پہلے زمانے کے متعدد غیر شفاف ٹیکس نظام کو یاد کیا۔ وزیراعظم نے کہا، ’’ہم نے ملک کو جی ایس ٹی کی شکل میں ایک جدید نظام دیا اور انکم ٹیکس کو آسان بنایا اور بغیر چہرے والے جائزہ کو متعارف کرایا۔ ان تمام اصلاحات کے نتیجے میں ریکارڈ مقدار میں ٹیکس کی وصولی ہوئی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم مختلف اسکیموں کے ذریعے لوگوں کا پیسہ واپس کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انکم ٹیکس کی چھوٹ کی حد کو 2 لاکھ کی آمدنی سے بڑھا کر 7 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔ سال 2014 کے بعد ٹیکس اصلاحات کے نتیجے میں شہریوں کے لیے تقریباً 2.5 لاکھ کروڑ روپے کے ٹیکس کی بچت ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹیکس دہندگان کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے کیونکہ وہ اس بات سے خوش ہیں کہ ان کی ٹیکس کی رقم کا صحیح استعمال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے لوگوں سے جو کچھ بھی لیا، اسے لوگوں کو واپس کر دیا اور یہی حکمرانی اور رام راجیہ کا پیغام ہے۔‘‘

 

وزیر اعظم نے رام راجیہ میں وسائل کے زیادہ سے زیادہ استعمال پر خصوصی توجہ دینے پر بھی روشنی ڈالی۔ ماضی کی حکومت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے جس نے پروجیکٹوں کو روکنے، روڑہ اٹکانے اور دوسری جانب موڑنے کا کام کیا، جس کی وجہ سے ملک کو  بڑا نقصان ہوا،  وزیر اعظم نے بھگوان رام کی بھرت کے ساتھ ہوئی بات چیت کی تشبیہ دی اور کہا، ’’مجھے یقین ہے کہ آپ وقت ضائع کیے بغیر ایسے تمام مکمل کریں گے، جن کی لاگت کم اور فائدہ زیادہ ہو۔‘‘ انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ گزشتہ 10 برسوں میں موجودہ حکومت نے لاگت کو مدنظر رکھا اور منصوبوں کو وقت پر مکمل کرنے پر زور دیا۔

ایک بار پھر گوسوامی تلسی داس کا حوالہ دیتے ہوئے، وزیر اعظم مودی نے ایک ایسا نظام بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی جو غریبوں کی مدد کرے اور غیر مستحق افراد کو ختم کرے۔ انہوں نے بتایا کہ پچھلے 10 سالوں میں 10 کروڑ فرضی ناموں کو دستاویزات سے نکالا گیا ہے۔ ’’آج ہر پیسہ اس فائدہ اٹھانے والے کے بینک اکاؤنٹ میں پہنچتا ہے جو اس کا حقدار ہے۔ بدعنوانی کے خلاف جنگ اور بدعنوان لوگوں کے خلاف کارروائی حکومت کی ترجیح رہی ہے۔‘‘

 

وزیر اعظم مودی نے زور دے کر کہا کہ اس یقین کے مثبت نتائج ملک میں کیے گئے ترقیاتی کاموں میں دیکھے جا سکتے ہیں۔ انہوں نے ملک کو کل نیتی آیوگ کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے بارے میں بتایا، جس میں کہا گیا ہے کہ تقریباً 25 کروڑ لوگوں کو غربت سے باہر نکالا گیا ہے۔ گزشتہ 9 سالوں میں موجودہ حکومت کی کوششوں سے اسے ایک تاریخی اور بے مثال کامیابی قرار دیتے ہوئے، خاص طور پر ایک ایسے ملک میں جہاں دہائیوں سے غربت کے خاتمے کا نعرہ لگایا جا رہا ہے، وزیر اعظم نے کہا کہ یہ 2014 میں اقتدار میں آنے کے بعد سے غریبوں کی فلاح و بہبود کے لیے حکومت کی ترجیحات کا نتیجہ ہے۔ وزیر اعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ اگر اس ملک کے غریبوں کو وسائل فراہم کیے جائیں، تو وہ غربت کو شکست دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’ہم آج اسے حقیقت بنتے دیکھ سکتے ہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ حکومت صحت، تعلیم، روزگار اور خود روزگار پر خرچ کرتی ہے اور غریبوں کے لیے سہولیات میں اضافہ کرتی ہے۔ ’’جب غریبوں کی صلاحیت مضبوط ہوئی اور انہیں سہولیات فراہم کی گئیں، تو وہ غربت سے باہر آنے لگے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ 22 جنوری کو ایودھیا میں رام مندر کی تقدیس سے پہلے یہ ایک اور اچھی خبر ہے۔ ’’ہندوستان میں غربت کو کم کیا جا سکتا ہے۔ یہ ہر ایک کے اندر ایک نیا اعتماد پیدا کرے گا اور ملک کے اعتماد میں اضافہ کرے گا۔‘‘ وزیر اعظم مودی نے غریبی میں کمی کا سہرا نو متوسط طبقے کے عروج اور متوسط طبقے کے پھیلاؤ کو دیا۔ انہوں نے کہا کہ معیشت کی دنیا میں لوگ نو متوسط طبقے کی ترقی کی صلاحیت اور معاشی سرگرمیوں میں ان کے تعاون کا احساس کرتے ہیں۔ ’’ایسی صورتحال میں، این اے سی آئی این کو اپنی ذمہ داری کو زیادہ سنجیدگی کے ساتھ ادا کرنا چاہیے۔‘‘

وزیر اعظم مودی نے لال قلعہ کی فصیلوں سے ’سب کا پریاس‘ کی اپنی اپیل کو بھگوان رام کی زندگی کے ساتھ بیان کرتے ہوئے اس کی مزید وضاحت کی۔ انہوں نے راون کے خلاف جنگ میں شری رام کے وسائل کے دانشمندانہ استعمال اور انہیں ایک بڑی طاقت میں تبدیل کرنے کو یاد کیا۔ انہوں نے افسران سے کہا کہ وہ ملک کی تعمیر میں اپنے کردار کا احساس کریں اور ملک کی آمدنی، سرمایہ کاری اور کاروبار کرنے میں آسانی کو بڑھانے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیں۔

 

آندھرا پردیش کے گورنر جناب ایس عبدالنذیر، آندھرا پردیش کے وزیر اعلیٰ جناب وائی ایس جگن موہن ریڈی، مرکزی وزیر خزانہ محترمہ نرملا سیتارامن اور سنٹرل بورڈ آف بالواسطہ ٹیکسز اور کسٹمز کے چیئرمین جناب سنجے کمار اگروال وغیرہ اس موقع پر موجود تھے۔

پس منظر

سول سروس کی صلاحیت سازی کے ذریعے حکمرانی کو بہتر بنانے کے وزیر اعظم کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کی کوشش کے طور پر، آندھرا پردیش کے شری ستیہ سائیں ضلع کے پال سمودرم میں نیشنل اکیڈمی آف کسٹمز، بالواسطہ ٹیکسز اور نارکوٹکس (این اے سی آئی این) کے نئے جدید ترین کیمپس کا تصور کیا گیا اور اس کی تعمیر کی گئی۔ 500 ایکڑ میں پھیلی یہ اکیڈمی بالواسطہ ٹیکس (کسٹمز، سنٹرل ایکسائز اور گڈز اینڈ سروسز ٹیکس) اور نارکوٹکس کنٹرول ایڈمنسٹریشن کے شعبے میں صلاحیت سازی کے لیے حکومت ہند کا اعلیٰ ادارہ ہے۔ قومی سطح کا عالمی معیار کا تربیتی ادارہ انڈین ریونیو سروس (کسٹم اور بالواسطہ ٹیکسز) کے ساتھ ساتھ سنٹرل الائیڈ سروسز، ریاستی حکومتوں اور شراکت دار ممالک کو تربیت فراہم کرے گا۔

اس نئے کیمپس کی تعمیر سے، این اے سی آئی این تربیت اور صلاحیت سازی کے لیے نئی دور کی ٹیکنالوجیز جیسے آگمینٹڈ اینڈ ورچوئل ریالٹی، بلاک چین کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت اور دیگر ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے استعمال پر توجہ مرکوز کرے گا۔

 

تقریر کا مکمل متن پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں

Explore More
وزیراعظم نریندر مودی کا 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کا متن

Popular Speeches

وزیراعظم نریندر مودی کا 78 ویں یوم آزادی کے موقع پر لال قلعہ کی فصیل سے خطاب کا متن
Cabinet approves minimum support price for Copra for the 2025 season

Media Coverage

Cabinet approves minimum support price for Copra for the 2025 season
NM on the go

Nm on the go

Always be the first to hear from the PM. Get the App Now!
...
سوشل میڈیا کارنر،21دسمبر 2024
December 21, 2024

Inclusive Progress: Bridging Development, Infrastructure, and Opportunity under the leadership of PM Modi