نئی دہلی، 26 اپریل 2021: وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے صدر عزت مآب جوسیف آر۔ بائیڈن سے ٹیلی فون پر بات چیت کی۔
دونوں قائدین نے اپنے اپنے ممالک میں کووِڈ۔19 سے متعلق صورتحال کے بارے میں گفتگو کی، جس میں تیز رفتار ٹیکہ کاری کوششوں کے توسط سے کووِڈ۔19 کی دوسری لہر پر قابو پانے کے لئے بھارت کی طرف سے جاری کوششوں اور ضروری ادویہ، معالجاتی اشیاء اور حفظانِ صحت سے متعلق ساز و سامان کی سپلائی کو یقینی بنانا جیسے موضوعات بھی شامل تھے۔
صدر بائیڈن نے بھارت کے ساتھ یکجہتی کا پیغام دیا اور زور دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ معالجے، وینٹی لیٹرس اور کووی شیلڈ کی تیاری کے لئے درکار خام مال کے وسائل کی شناخت کرکے ان وسائل کو جلد از جلد مہیا کراتے ہوئے بھارت کی مدد کرنے کے لئے عہدبستہ ہے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی حکومت کی جانب سے مدد اور حمایت کی پیشکش کی تہہ دل سے ستائش کی۔ انہوں نے ویکسین میتری کے توسط سے عالمی پیمانے پر کووِڈ۔19 پر قابوپانے کے لئے بھارت کی عہد بندگی اور کوویکس اور کواڈ ٹیکہ پہل قدمی میں بھارت کی شرکت کا ذکر کیا۔ وزیر اعظم نے ٹیکوں ، ادویہ، کووِڈ۔19 سے متعلق دیگر معالجاتی ساز و سامان کی تیاری کے لئے درکار خام مال اور دیگر اشیاء کی سپلائی چینوں کو کھولنے اور اس عمل کو آسان بنانے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
دونوں قائدین نے کووِڈ۔19 وبائی مرض سے نمٹنے کے لئے ویکسین کی تیاری اور سپلائی میں بھارت ۔ امریکہ شراکت داری کے مضمرات کو اجاگر کیا اور اپنے اپنے ممالک کے افسران کو اس شعبے میں ان کی کوششوں کے لئے قریبی تال میل بناکر کام کرنے کے لئے ہدایت جاری کی۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے صدر بائیڈن کو ترقی پذیر ممالک کے لئے ٹیکوں اور ادویہ کے لئے تیز رفتار اور قابل استطاعت رسائی کے لئے ٹی آر آئی پی ایس پر معاہدے کے قواعد میں نرمی لانے کے سلسلے میں ڈبلیو ٹی او میں بھارت کی پہل قدمی کے بارے میں بھی مطلع کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باقاعدہ طور پر رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔