وزیر اعظم جناب نریندر مودی نے آج، تلنگانہ میں حیدرآباد کے پریڈ گراؤنڈ میں 11,300 کروڑ روپے سے زیادہ کے مختلف پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا اور انھیں قوم کے نام وقف کیا۔ ان پروجیکٹوں میں ایمس بی بی نگر، حیدرآباد کا سنگ بنیاد رکھنا، پانچ نیشنل ہائی وے پروجیکٹوں اور سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی از سر نو تعمیر شامل ہے۔ انہوں نے ریلوے سے متعلق دیگر ترقیاتی منصوبوں کو بھی قوم کے نام وقف کیا۔ اس سے پہلے دن میں، وزیر اعظم نے حیدرآباد کے سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر سکندرآباد-تروپتی وندے بھارت ایکسپریس کو بھی ہری جھنڈی دکھائی۔
حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ریاست تلنگانہ کی ترقی کی رفتار کو بڑھانے کا موقع ملنے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے اس سے قبل آج دن میں سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پرسکندرآباد -تروپتی وندے بھارت ایکسپریس کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا جو حیدرآباد کے آئی ٹی سٹی کو بھگوان وینکٹیشور کے گھر تروپتی سے جوڑے گی۔ جناب مودی نے کہا، ’’سکندرآباد-تروپتی وندے بھارت ایکسپریس کامیابی سے آستھا، جدیدیت، ٹیکنالوجی اور سیاحت کو جوڑنے کا کام کرے گی۔ وزیر اعظم نے تلنگانہ کے شہریوں کو آج ریلوے اور سڑک رابطہ اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کی ترقی سے متعلق 11,300 کروڑ روپے سے زیادہ کے پروجیکٹوں کے لیے مبارکباد دی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ریاست تلنگانہ تقریباً اسی وقت وجود میں آئی جب مرکز میں موجودہ حکومت کا قیام عمل میں آیا اور وہ ریاست کی تشکیل میں تعاون کرنے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔جناب مودی نے کہا کہ ’’یہ مرکزی حکومت کا فرض ہے کہ وہ ریاست کے شہریوں کے تلنگانہ کی ترقی سے متعلق خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرے‘‘۔ جناب مودی نے ’سب کا ساتھ، سب کا وکاس، سب کا وشواس، سب کا پریاس‘ کے جذبے کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس پر خصوصی زور دیا گیا ہے تاکہ تلنگانہ پچھلے نو سالوں میں وضع کردہ ہندوستان کے ترقیاتی ماڈل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا سکے۔ شہروں میں ترقی کی مثالیں دیتے ہوئے وزیر اعظم نے پچھلے نو سالوں میں بچھائے گئے 70 کلومیٹر میٹرو نیٹ ورک اور حیدرآباد ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سسٹم (ایم ایم ٹی ایس) کی ترقی میں ہوئی پیش رفت کا ذکر کیا۔ آج 13 ایم ایم ٹی ایس خدمات کے آغاز پر روشنی ڈالتے ہوئے، وزیر اعظم نے بتایا کہ ریاست میں اس کی توسیع کے لیے تلنگانہ کے لیے 600 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں، جس سے حیدرآباد، سکندرآباد اور قریبی اضلاع کے لاکھوں شہریوں کو فائدہ پہنچے گا اور نئے کاروباری مراکز اور سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔
کووڈ-19 کی وبا اور دو ملکوں کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے دنیا کی معیشتوں کی غیر متوقع صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان ان چند ممالک میں سے ایک ہے جنہوں نے جدید بنیادی ڈھانچے میں ریکارڈ سرمایہ کاری کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال کے بجٹ میں ہندوستان میں جدید انفرا اسٹرکچر کی ترقی کے لیے 10 لاکھ کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ انہوں نے نشان دہی کی کہ گزشتہ نو برسوں میں تلنگانہ کے ریلوے بجٹ میں سترہ گنا اضافہ ہوا ہے اور نئی ریل لائنیں بچھانے، ریل لائن کو دوہرا کرنے اور برق کاری سمیت دیگر کام ریکارڈ مدت میں انجام پائے ہیں۔ ’’سکندرآباد-محبوب نگر پروجیکٹ کی برق کاری اس کی ایک اہم مثال ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ اس سے حیدرآباد اور بنگلورو کے درمیان رابطے میں بہتری آئے گی۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی از سر نو ترقی ملک کے اہم ریلوے اسٹیشنوں کو جدید بنانے کی مہم کا حصہ ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ریلوے کے ساتھ ساتھ تلنگانہ کے ہائی وے نیٹ ورک کو بھی تیز رفتاری سے تیار کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے ان چار ہائی وے پروجیکٹوں کا ذکر کیا جن کا آج سنگ بنیاد رکھا گیا ہے، جن میں 2300 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والا اکل کوٹ-کرنول سیکشن، 1300 کروڑ روپے کی لاگت سے محبوب نگر-چنچولی سیکشن، 900 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والا کلواکورتی-کولاپور سیکشن، اور 2700 کروڑ روپے کی لاگت سے بننے والا کھمم-دیوراپلے سیکشن شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے اس بات پر زور دیا کہ مرکزی حکومت پوری طاقت کے ساتھ تلنگانہ میں جدید شاہراہوں کے ترقیاتی کاموں کی قیادت کر رہی ہے۔ جناب مودی نے بتایا کہ تلنگانہ میں قومی شاہراہوں کی لمبائی 2014 میں ریاست کی تشکیل کے وقت کے 2500 کلو میٹر سے دوگنی ہو کر آج 5000 کلومیٹر سے زیادہ ہو گئی ہے، جس پر مرکزی حکومت نے 35,000 کروڑ روپے خرچ کیے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ تلنگانہ میں 60,000 کروڑ روپے کے سڑک پروجیکٹوں پر کام جاری ہے، جس میں صورت حال کو تبدیل کردینے والا حیدرآباد رنگ روڈ بھی شامل ہے۔
جناب مودی نے کہا کہ ’’مرکزی حکومت تلنگانہ میں صنعت اور زراعت دونوں کی ترقی پر زور دے رہی ہے‘‘۔ اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ٹیکسٹائل ایک ایسی صنعت ہے جو کسان اور مزدور دونوں کو طاقت دیتی ہے، وزیر اعظم نے بتایا کہ حکومت نے ملک بھر میں 7 میگا ٹیکسٹائل پارکس قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تلنگانہ ان میں سے ایک کا مسکن ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس سے نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ آج ایمس بی بی نگر کا سنگ بنیاد رکھنے کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت تلنگانہ میں تعلیم اور صحت میں بھی سرمایہ کاری کررہی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آج کے پروجیکٹ تلنگانہ میں سفر کی آسانی، زندگی میں آسانی اور کاروبار کرنے میں آسانی کو بڑھائیں گے‘‘۔تاہم، وزیر اعظم نے ریاستی حکومت کے تعاون کی کمی کی وجہ سے کئی مرکزی پروجیکٹوں کی تکمیل میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کیا۔ اس بات کی نشان دہی کرتے ہوئے کہ تلنگانہ کے عوام ہی خسارے میں ہیں، جناب مودی نے ریاستی حکومت پر زور دیا کہ وہ ترقی سے متعلق کاموں میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہونے دے اور رفتار کو تیز کرے۔
ہم وطنوں کی امیدوں، امنگوں اور خوابوں کو پورا کرنے کے لیے اپنی حکومت کی ترجیح کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ مٹھی بھر لوگ ترقی کی پیش رفت سے بہت پریشان ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اقربا پروری اور کرپشن کو پروان چڑھانے والوں کا ملک کے مفاد اور معاشرے کی فلاح و بہبود سے کوئی تعلق نہیں ہے، جبکہ ایمانداری سے کام کرنے والوں کے لیے مسائل پیدا ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے تلنگانہ کے عوام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر پروجیکٹ اور سرمایہ کاری میں صرف اپنے خاندان کا مفاد دیکھتے ہیں۔
بدعنوانی اور اقربا پروری کے درمیان مماثلت کا ذکر کرتے ہوئے، وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جب اقربا پروری ہوتی ہے تو کرپشن پھلنا پھولنا شروع ہوجاتا ہے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ’’کنٹرول، اقربا پروری اور خاندان پرست سیاست کا بنیادی اصول ہے‘‘۔ اس طرح کے اصولوں پر اپنی تنقید کو آگے بڑھاتے ہوئے، وزیر اعظم نے کہا کہ خاندان پرست ہر نظام پر اپنا کنٹرول رکھنا چاہتے ہیں اور جب کوئی ان کے کنٹرول کو چیلنج کرتا ہے تو اس سے نفرت کرتے ہیں۔ ڈائریکٹ بینیفٹ ٹرانسفر سسٹم اور ملک بھر میں ڈیجیٹل ادائیگی کے فروغ کی مثال دیتے ہوئے وزیر اعظم نے ان خاندانی قوتوں پر انگلی اٹھائی جنہوں نے کنٹرول میں رکھا کہ کس فائدہ اٹھانے والے کو کیا فائدہ ملے گا اور اس صورت حال سے پیدا ہونے والے تین مفاہیم کی وضاحت کی۔ پہلی بات، وزیراعظم نے کہا کہ خاندان کی تعریف ہوتی رہے۔ دوم کرپشن کا پیسہ خاندان کو آتا رہے اور تیسرا یہ کہ غریبوں کے لیے جو پیسہ بھیجا جاتا ہے وہ کرپٹ ایکو سسٹم کو ملتا رہے۔ ’’آج مودی نے بدعنوانی کی اصل جڑ پر حملہ کیا ہے، یہی وجہ ہے کہ یہ لوگ ہلے ہوئے ہیں اور جو کچھ بھی کیا جا رہا ہے اس سے وہ غصے میں ہیں”۔ جناب مودی نے ان سیاسی جماعتوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا جو احتجاج کے طور پر عدالت میں گئیں لیکن انہیں ایک جھٹکے سے نمٹا دیا گیا۔
آئین کی اصل روح کا احساس تب ہوتا ہے جب جمہوریت کو حقیقی معنوں میں مضبوط کرنے کے لیے سب کا وکاس کے جذبے کے ساتھ کام کیا جاتا ہے۔ وزیر اعظم نے اس بات کا اعادہ کیا کہ 2014 میں مرکزی حکومت کی خاندانی سیاست کے زنجیروں سے آزاد ہونے کا نتیجہ پورا ملک دیکھ رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 9 سالوں میں ملک کی 11 کروڑ ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو بیت الخلاء کی سہولت ملی ہے، جس میں تلنگانہ کے 30 لاکھ سے زیادہ خاندان شامل تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں 9 کروڑ سے زیادہ بہنوں اور بیٹیوں کو مفت اجولا گیس کنکشن ملے ہیں جس میں گزشتہ 9 سالوں میں تلنگانہ کے 11 لاکھ سے زیادہ غریب خاندان شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ آج ہماری حکومت میں 80 کروڑ غریبوں کو مفت راشن فراہم کیا جا رہا ہے، غریبوں کے لیے 5 لاکھ روپے تک کا مفت علاج، تلنگانہ کے 1 کروڑ خاندانوں کے جن دھن بینک اکاؤنٹس پہلی بار کھولے گئے ہیں، تلنگانہ کے ڈھائی لاکھ چھوٹے کاروباریوں کو بغیر گارنٹی کے مدرا قرض ملا ہے، 5 لاکھ اسٹریٹ وینڈرس کو پہلی بار بینک قرض ملا ہے، اور تلنگانہ کے 40 لاکھ سے زیادہ چھوٹے کسانوں کو پی ایم کسان سمان ندھی کے تحت تقریباً 9 ہزار کروڑ روپے ملے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سچا سماجی انصاف اس وقت پیدا ہوتا ہے جب ملک ’تشٹی کرن‘ (نازبرداری) سے ہٹ کر ’سنتشٹی کرن‘ (اطمینان) کی طرف بڑھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ سمیت پورا ملک سنتشٹی کرن کے راستے پر چلنا چاہتا ہے اور سب کا پریاس کے ساتھ ترقی میں اپنا حصہ ڈالنا چاہتا ہے۔ ’’آزادی کے امرت کال میں ایک ترقی یافتہ ہندوستان کی تعمیر کے لئے تلنگانہ کی تیز رفتار ترقی بہت اہم ہے۔‘‘ وزیر اعظم نے تلنگانہ کے ترقی کے سفر میں اگلے 25 سالوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے اپنی بات ختم کی۔
اس موقع پر تلنگانہ کے گورنر ڈاکٹر تمیلی سائی سندرراجن، مرکزی وزیر ریلوے جناب اشونی ویشنو، مرکزی وزیر سیاحت جناب جی کشن ریڈی، ملکاج گیری سے رکن پارلیمنٹ جناب اے ریونت ریڈی اور حکومت تلنگانہ کے وزراء بھی اس موقع پر موجود تھے۔
پس منظر
سکندرآباد ریلوے اسٹیشن کی از سر نو تعمیر، 720 کروڑ روپے کی لاگت سے کی جائے گی۔ اس طرح کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے کہ اس میں عالمی معیار کی سہولیات اور ایک جمالیاتی طور پر ڈیزائن کردہ آئیکونک اسٹیشن عمارت کے ساتھ بڑے پیمانے پر تبدیلی کی جاسکے۔ نئے سرے سے تیار کردہ اسٹیشن میں مسافروں کی تمام سہولیات کے ساتھ ایک جگہ پر ڈبل لیبل کشادہ چھت والا پلازہ ہوگا اور ساتھ ہی ملٹی موڈل کنکٹیوٹی کے ساتھ مسافروں کو ریل سے دوسرے طریقوں میں بغیر کسی رکاوٹ کی منتقلی فراہم کی جائے گی۔
پروگرام کے دوران، وزیر اعظم نے حیدرآباد - سکندرآباد جڑواں شہر کے مضافاتی علاقے میں 13 نئی ملٹی ماڈل ٹرانسپورٹ سروس (ایم ایم ٹی ایس) خدمات کو جھنڈی دکھا کر روانہ کیا، جو مسافروں کو تیز، آسان اور آرام دہ سفر کا متبادل فراہم کرتی ہیں۔ انہوں نے سکندرآباد-محبوب نگر پروجیکٹ کی دوہرا کاری اور برق کاری کے کام کو بھی قوم کے نام وقف کیا۔ 85 کلومیٹر سے زیادہ کی مسافت پر محیط اس منصوبے کو تقریبا ً 1410 کروڑ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔ یہ منصوبہ بغیر کسی رکاوٹ کے رابطے کی سہولت فراہم کرے گا اور ٹرینوں کی اوسط رفتار میں اضافہ کرے گا۔
وزیر اعظم نے حیدرآباد میں ایمس بی بی نگر کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔ یہ ملک بھر میں صحت کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے کے وزیر اعظم کے وژن کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ ایمس بی بی نگر کو 1350 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تیار کیا جا رہا ہے۔ ایمس بی بی نگر کا قیام تلنگانہ کے عوام کو ان کی دہلیز پر جامع، معیاری اور ٹرٹیئری صحت خدمات فراہم کرنے میں ایک اہم سنگ میل ہے۔
وزیراعظم نے قومی شاہراہوں کے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا جس کی مالیت 7850 کروڑ روپے سے زیادہ ہے۔ اور جو تلنگانہ اور آندھرا پردیش دونوں صوبوں کے سڑک رابطے کو مضبوط بنائے گا اور اس سے خطے کی سماجی و اقتصادی ترقی میں مدد ملے گی۔
तेलंगाना-आंध्र प्रदेश को जोड़ने वाली वंदेभारत एक्सप्रेस, आस्था, आधुनिकता, टेक्नॉलॉजी और टूरिज्म को कनेक्ट करने वाली है। pic.twitter.com/gtfH3swsnA
— PMO India (@PMOIndia) April 8, 2023
आज का नया भारत, 21वीं सदी का नया भारत, तेजी से देश के कोने-कोने में मॉडर्न इंफ्रा बना रहा है। pic.twitter.com/KAf3YEYG29
— PMO India (@PMOIndia) April 8, 2023
The projects launched today in Telangana will further 'Ease of Travel,' 'Ease of Living' as well as 'Ease of Doing Business' in the state. pic.twitter.com/wOrCyfcRQW
— PMO India (@PMOIndia) April 8, 2023
हम सबका साथ-सबका विकास-सबका विश्वास-सबका प्रयास के मंत्र को लेकर आगे बढ़ रहे हैं। pic.twitter.com/0izB7Bbcck
— PMO India (@PMOIndia) April 8, 2023