نئی دلّی ،21 نومبر/ عزت مآب وزیر اعظم نے 20 – 21 نومبر ، 2021 ء کو لکھنؤ میں ڈی جی پی / آئی جی پی کی 56 ویں کانفرنس میں شرکت کی ۔ اس کانفرنس میں ، جو لکھنؤ میں منعقد ہوئی ، ریاستوں / مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 62 ڈی جی پی / آئی جی پی اور سی اے پی ایف / سی پی اوز کے ڈی جیز نے شرکت کی ۔ پورے ملک کے آئی بی دفتروں کے 400 سے زیادہ مختلف رینکوں کے افسران نے کانفرنس میں ورچوئل طور پر شرکت کی ۔
وزیر اعظم نے کانفرنس کے دوران تبادلۂ خیال میں شرکت کی اور گرانقدر مشورے دیئے ۔ کانفرنس کے دوران ڈی جی پی کے مختلف کور گروپ تشکیل دیئے گئے تاکہ وہ قومی سلامتی کے کلیدی پہلوؤں ، جیسے جیل اصلاحات ، دہشت گردی ، بائیں بازو کی انتہا پسندی ، سائبر کرائم ، منشیات کی اسمگلنگ ، این جی اوز کی غیر ملکی فنڈنگ ، ڈرون سے متعلق معاملات اور سرحدی گاؤں کے فروغ جیسے کلیدی پہلوؤں پر تبادلۂ خیال کیا جا سکے ۔
آج سہ پہر کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پولیس سے متعلق تمام واقعات کا تجزیہ کرنے اور کیس اسٹڈی تیار کرنے پر زور دیا تاکہ اِسے آموزش کا ایک ادارہ جاتی نظام بنایا جا سکے ۔ انہوں نے کانفرنس کے ہائبرڈ فارمیٹ کی ستائش کی ، جس میں مختلف رینکوں کے درمیان معلومات کی بلا رکاوٹ ساجھیداری کی گئی ۔ انہوں نے بین استعمال والی ٹیکنا لوجی کی تیاری کا مشورہ دیا ، جس سے پورے ملک کی پولیس فورسز کو فائدہ ہو گا ۔ انہوں نے مرکزی وزیر داخلہ کی قیادت میں ایک اعلیٰ اختیاراتی پولیس ٹیکنا لوجی مشن تشکیل دینے پر زور دیا تاکہ بنیادی سطح کی پولیسنگ کی ضروریات کے لئے مستقبل کی ٹیکنا لوجیوں کو اپنایا جا سکے ۔ عام لوگوں کی زندگی میں ٹیکنا لوجی کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کو وِن ، جی ای ایم ، یو پی آئی کی مثال پیش کی ۔ انہوں نے عام لوگوں کے تئیں ، خاص طور پر کووڈ کے بعد پولیس کے رویے میں مثبت تبدیلی کی ستائش کی ۔ انہوں نے عوام کے فائدے کے لئے ڈرون ٹیکنا لوجی کے مثبت استعمال کا بھی مشورہ دیا ۔ انہوں نے 2014 ء میں متعارف کرائے گئے اسمارٹ پولیسنگ تصور کا جائزہ لینے پر زور دیا اور اس میں مسلسل تبدیلی اور پولیس فورسیز میں ، اِسے ادارہ جاتی بنانے کی خاطر ایک روڈ میپ تیار کرنے کا مشورہ دیا ۔ پولیس کو درپیش کچھ روز مرہ کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے ، انہوں نے ہیکا تھون کے ذریعے ٹیکنا لوجی کا حل پیش کرنے کی خاطر اعلیٰ اہلیت والے نو جوانوں کو شامل کرنے پر زور دیا ۔
وزیر اعظم نے آئی بی کے عملے کے لئے امتیازی خدمات کا صدر کا پولیس میڈل عطا کیا ۔ پہلی مرتبہ ، وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق ، مختلف ریاستوں کے آئی پی ایس افسران نے ہم عصر سکیورٹی معاملات پر مضامین پیش کئے ، جس سے کانفرنس کی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ۔
اس سے پہلے 19 نومبر ، 2021 ء کو مرکزی وزیر داخلہ نے کانفرنس کا افتتاح کیا ، جس میں انہوں نے ملک کے تین بہترین پولیس اسٹیشنوں کو ٹرافیوں سے نوازا ۔ وزیر داخلہ نے تمام تبادلۂ خیال میں شرکت کی اور اپنے گرانقدر مشورے پیش کئے اور رہنمائی کی ۔